
شارجہ(رنگ نو ڈاٹ کام) پاکستان سپرلیگ کا9واں میچ جمعرات کی شب کراچی کنگز اور پشاور زلمی کے
درمیان کھیلا گیا جس میں کنگز کے ہاتھ پاؤں پھول گئے اور اسے زلمی کے ہاتھوں ایک یکطرفہ اور غیردلچسپ میچ میں 44رنز سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔
پشاورزلمی نے ایونٹ میں دوسری کامیابی اپنے نام کرلی۔ پورے میچ،خصوصاً بلے بازی کے دوران کراچی کنگز کے کھلاڑی تھکے تھکے اور بے جان دکھائی دیتے رہے۔یوں لگتا تھا جیسے ان کے ہاتھ پیروں میں جان ہی نہ رہی ہو۔
شائقین ان کی جانب سے چوکے چھکوں اور زوردار شاٹس دیکھنے کا انتظار ہی کرتے رہ گئے۔ حالآنکہ کراچی کنگز کےکپتان عماد وسیم نے ٹاس جیت کر زلمی کو بیٹنگ دیتے ہوئے دعویٰ کیا تھا کہ ہماری طاقت بلےبازی ہے۔
پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے پشاورزلمی نے مقررہ بیس اوورز میں153رنز بنائے۔ امام الحق 56 ، ڈاؤسن 43 جبکہ کپتان ڈیرن سیمی 24 رنز بنا کر نمایاں رہے۔ جواب میں جیت کیلئے درکار154رنزکے ہدف کا تعاقب کرتے ہوئے کراچی کنگز نے مایوس کن کھیل پیش کیااور پوری ٹیم بیس اوورز کھیل کر صرف 109رنز تک ہی محدود رہی۔
کراچی کنگز کی جانب سے محمد رضوان 31، کپتان عماد وسیم 26 جبکہ انگرم21 رنز ہی بنا پائے۔کراچی کنگزنے ایونٹ میں تین میچ کھیلے ہیں اور اسے صرف ایک ہی میچ میں فتح مل سکی ہے۔














