
نئی دہلی ( رنگ نوڈاٹ کام) بھارت کےانتہاپسند ہندونظریاتی وزیراعظم نریندرمودی نے ملک میں رواں سال ہونے والے
انتخابات میں ایک بارپھر کامیابی کیلئے پاکستان سے نفرت اور دشمنی کا گھسا پٹا نسخہ استعمال کرنا شروع کردیا ہے۔مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوجیوں کی ہلاکت کی آڑ میں بھارتی قوم،خصوصاً ہندو ووٹ بینک کی نفسیات سے کھیلتے ہوئے مودی نے پاکستان پر حملے کی تازہ دھمکی دے ڈالی۔
نئی دہلی میں دورے پر آئے ارجنٹینا کے صدر کے ساتھ میڈیا سے مشترکہ گفتگو کرتے ہوئے بھارتی وزیراعظم کا کہنا تھا کہ پلوامہ حملے کے بعد پاکستان سے بات چیت کا وقت ختم ہو گیا،اب ٹھوس قدم اٹھانے کی ضرورت ہے، اب کارروائی سے گریز نہیں کیا جا سکتا۔
واضح رہے کہ گذشتہ ہفتے مقبوضہ کشمیر کے علاقے پلوامہ میں بھارتی فوجیوں کےقافلے پر ہلاکت خیز فدائی حملے کے بعد تین دنوں میں مودی نے کئی بار پاکستان کے خلاف سخت دھمکی آمیز بیانات دیے ہیں۔ اتوار کو ایک جلسے سے خطاب کرتے ہوئے مودی نے کہا تھا کہ مجھے معلوم ہے کہ آپ کے دل میں کتنا غصہ ہے۔ جتنا غصہ آپ کے دل میں ہے اتنا ہی غصہ میرے دل میں بھی ہے۔اس سے پہلے مودی نے کہا تھا کہ بھارتی فوج کوپاکستان کے خلاف کارروائی کی کھلی چھوٹ دے دی گئی ہے۔
دوسری جانب بھارت میں ہندو انتہاپسند دہشت گرد تنظیمیں بھی پاکستان اور مسلمانوں کے خلاف سرگرم ہوگئی ہیں، پاکستان کے خلاف جلسے جلوسوں اور مظاہرے کئے جارہے ہیں اور بھارتی مسلمانوں پر حملے کئے جارہے ہیں۔














