
کراچی(رنگ نوڈاٹ کام) پاکستان سپرلیگ فورکے فائنل میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے پشاورزلمی کو 8وکٹوں سے بہ آسانی شکست دے کر پہلی مرتبہ ٹائٹل اپنے
نام کرلیا۔اس کے ساتھ ہی کوئٹہ کے کپتان سرفراز احمد کا یہ دعویٰ بھی درست ثابت ہوگیا کہ اس بار وہ فائنل جیت کر اپنی ٹیم پر لگا’’چوکرز‘‘ کا لیبل اتارپھینکیں گے۔
میچ کے آغاز سے قبل نیشنل اسٹیڈیم میں شاندار موسیقی کا پروگرام بھی منعقدہوا جس میں جنون گروپ نے پرفارمنس دی۔جبکہ میچ کے اختتام پر شاندار آتش بازی کا مظاہرہ بھی کیا گیا۔ میچ کے مہمان خصوصی صدرمملکت ڈاکٹر عارف علوی تھے۔جبکہ آرمی چیف جنرل قمرجاوید باجوہ،ڈی جی آئی ایس پی آرمیجرجنرل آصف غفور، گورنرسندھ عمران اسماعیل،وزیراعلیٰ سندھ اوردیگر اعلیٰ شخصیات بھی فائنل دیکھنے کیلئے اسٹیڈیم میں موجود تھیں۔
ہزاروں تماشائیوں سے کھچاکھچ بھرے ہوئے اسٹیڈیم میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے کپتان سرفرازاحمد نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیاجو بالکل درست ثابت ہوا۔پشاورزلمی کا کوئی بھی بلے باز کوئٹہ کے بولنگ اٹیک کا کھل کر سامنا نہ کرسکا اور پوری ٹیم خلاف توقع 20 اوورز میں8 وکٹ کے نقصان پر 138 رنز بنانے میں ہی کامیاب ہوسکی۔

عمر امین 38 رنز کے ساتھ اننگز کے ٹاپ اسکورر رہے۔ جواب میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے شین واٹس اور احمد شہزاد نے اننگز اوپن کی۔ لیکن 19 کے مجموعی اسکور پر پی ایس ایل 4 کے ٹاپ اسکورر شین واٹس صرف 7 رنز بناکر رن آوٹ ہوگئے۔پہلی وکٹ گرنے کے بعد احمد شہزاد اور احسن علی نے اسکور 66 رنز تک پہنچادیا۔
احسن علی 25رنز بنانے کے بعد وہاب ریاض کا پہلا شکار بنے۔تیسری وکٹ پر احمد شہزادنے اپنی فارم برقرار رکھتے ہوئے نہ صرف اپنی نصف سنچری مکمل کی بلکہ رلی روسو کے ساتھ 61 گیندوں پر ناقابل شکست 73 رنز کی شراکت قائم کرکے میچ فنش کرڈالا۔یوں تیسری بار فائنل کھیلنے والی کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو اس بار سرفراز احمد نے چیمپئن بنادیا۔
ٹورنامنٹ کے ٹاپ اسکوررشین واٹسن(کوئٹہ گلیڈی ایٹرز) مین آف دی سیریزایوارڈ کے حقدار قرار پائے۔














