
کراچی (رنگ نو ڈاٹ کام ) وزیراعظم عمران خان نے بڑے پیمانے پر کرپشن،لوٹ مار اور منی لانڈرنگ کے الزامات میں نیب کی جانب سے تحقیقات اور ریفرنسز
کا سامنا کرنے والے سیاستدانوں کی جانب سے اداروں اور حکومت پر کی جانے والی سخت تنقید اور سیاسی بیان بازیوں پر ردعمل ظاہر کیا ہے۔
وزیراعظم نے بظاہر شریف خاندان اور زرداری خاندان کو اپنے ٹویٹ کے ذریعے ہدف تنقید بنایا اور 19صدی کے مشہور فرانسیسی ماہرمعاشیات فریڈرک بیسٹیات کے اس مقولے کا حوالہ دیا۔’’جب کسی معاشرے میں کسی گروہ کی جانب سے لوٹ مار معمول کی زندگی کا حصہ بن جاتی ہے تو گزرتے وقت کے ساتھ ساتھ وہ لوگ اپنے لئے ایک ایسا قانونی نظام وضع کرلیتے ہیں اور اخلاقی قاعدہ بنالیتے ہیں جو لوٹ ماراور چوری کی اجازت دیتا ہے اور اسےایک جائزعمل قراردیتا ہے‘‘۔
وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ ’’منی لانڈرنگ میں ملوث افراد کےساتھ روا رکھے جانے والے برتاؤ اور سوال پوچھے جانے پر ان کے ردعمل (جس انداز میں وہ غصے سے لال پیلے ہوجاتے ہیں) سے اس کہاوت میں پوشیدہ صداقت صاف جھلکتی ہے۔














