
اسلام آباد(ویب ڈیسک،فوٹو فائل ) پاکستان پیپلزپارٹی کے سربراہ بلاول بھٹو زرداری نے اعلان کیا ہے کہ
ساری اپوزیشن متحد ہے، سب مل کر کٹھ پتلی سلیکٹڈ وزیراعظم کو گھر بھیج دیں گے۔ پورے ملک کا یہی پیغام ہے ”گو عمران گو“، گو سلیکٹڈ گو“ ۔کٹھ پتلی وزیراعظم نے کشمیر پر سودا کرلیا ہے۔کشمیر پر سودا نا منظور ہے آخری دم تک کشمیر کیلئے لڑتے رہیں گے۔
ایچ نائن میدان میں آزادی مارچ کے جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ مولانا فضل الرحمن اور دیگر جماعتوں کے رہنمابھی اس موقع پر موجود تھے ۔ بلاول بھٹو زرداری نے کہاکہ آزادی مارچ نے اسلام آباد، وفاق اور پارلیمنٹ کو واضح پیغام دیدیا ہے، سلیکٹڈ کو مزید برداشت نہیںکرسکتے ۔
انہوں نے کہا کہ ملک کے طول و عرض سے لوگ یہاں موجود ہیں جو صرف اور صرف حقیقی جمہوریت مانگتے ہیں ، وہ حقیقی وفاقی، اسلامی پارلیمانی نظام مانگتے ہیں ۔ 1973ءکے آئین کے تحت جمہوریت مانگتے ہیں، سلیکٹڈ کٹھ پتلی نظام کو عوام تسلیم نہیں کرتے ۔ نئے پاکستان میں کس قسم کی جمہوریت ہے ، کس قسم کی آزادی ہے، 70سال گزرنے کے باوجود صاف شفاف انتخابات نہیں کرواسکتے ۔ انتخابات کے دن پولنگ ایجنٹوں کو پولنگ اسٹیشنوں سے باہر اٹھا کر پھینک دیا جاتا ہے۔ فوج کو پولنگ اسٹیشنوں کے اندر اور باہر کھڑا کیا جاتا ہے جبکہ اس کی اصل ذمہ داری صرف اور صرف سلامتی ہے۔
بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ پولنگ اسٹیشنوں پر انتخابی فہرستیں چیک کرنا فوج کا کام نہیں ہے یہ کام لیا جارہا ہے ہم چاہتے ہیں کہ اداروں کو متنازع نہ بنایا جائے۔ اس سے انتخابات بھی متنازع ہو جاتے ہیں۔ یہ کیوں ہوا، ضیاءالحق اور پرویز مشرف کے ادوار میں بھی پولنگ اسٹیشنوں میں فوج تعینات نہیں تھی ۔2008ءاور 2013ءکے انتخابات میں بھی فوج نہیں تھی۔ کس کیلئے اب ایسا کیا ۔ واضح کردینا چاہتا ہوں کہ فوج کسی سیاسی جماعت عمران خان کی نہیں بلکہ میری بھی فوج ہے ، ہر پاکستانی کی یہ فوج ہے ا سے غیر متنازع رکھنا چاہتے ہیں، اسے غیرسیاسی رکھنا چاہتے ہیں، انتخابات کے ذریعے فوج کو متنازع بنانے نہیں دیں گے۔
انہوں نے کہا کہ پورے ملک کا میرا ساری سیاسی جماعتوں کا ایک ہی پیغام ہے ” گو سلیکٹڈ گو“ ، گو پی ایم گو“ ۔ پیپلزپارٹی ، مسلم لیگ ن، جے یو آئی، قوم پرست جماعتیں سب یہی کہہ رہی ہیں ”گو سلیکٹڈ گو“مولانا فضل الرحمن کو یقین دہانی کراتاہوں ہوں کہ ہر قدم پر اس کے ساتھ ہیں، مل کر کٹھ پتلی حکومت کو گھر بھیج دیں گے۔














