
اسلام آباد(ویب ڈیسک)وزیرِ اعظم عمران خان نے بیڈز اور آکسیجن کی ضروریات کو پورا کرنے کیلئے کیے جانے والے اقدامات پر اطمینان کا اظہار
کرتے ہوئے کہا ہے کہ کورونا کی روک تھام کیلئے اختیار کی گئی حکمت عملی کے بہتر نتائج موصول ہوئے ہیں۔ عید الاضحی کے پیش نظر ایس او پیز کو صوبائی حکومتوں کی مشاورت سے جلد از جلد حتمی شکل دے کر ان کا نفاذ یقینی بنایا جائے۔
یہ بات وزیرِ اعظم نے ملک میں کورونا کی صورتحال اور وائرس کی روک تھام کے حوالے سے اختیار کی جانے والی حکمت عملی کے حوالے سے جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔
وزیرِ اعظم نے کہا کہ اس دفعہ عید الاضحی غیر معمولی حالات میں منائی جا رہی ہے، عوام کی حفاظت کے لئے واضح ایس او پیز جلد از جلد مرتب کرکے ان کا سختی سے نفاذ یقینی بنایا جائے۔
اجلاس میں کورونا کی صورتحال، ملک بھر کے ہسپتالوں میں آکسیجن بیڈ ز کی تعداد میں اضافے کی صورتحال، آکسیجن کی طلب اورسپلائی، ملک کے بڑے شہروں کے متاثرہ علاقوں میں اسمارٹ لاک ڈاؤن کے نفاذ اور عید الاضحی کے حوالے سے تیار کیے جانے والے ایس او پیز کے حوالے سے معاملات پر تفصیلی غور کیا گیا۔
وزیرِ اعظم کو چاروں صوبوں، آزاد جموں و کشمیر اور گلگت بلتستان کے ہسپتالوں میں کوویڈ کے لئے مخصوص بیڈز کی تعداد میں اضافے کے لئے کی جانے والی کوششوں اور اب تک کی پیش رفت پر بریفنگ دی گئی۔
چیئرمین این ڈی ایم نے بتایا کہ آئندہ ماہ کے وسط تک ملک بھر میں 2150بیڈز کا اضافہ کرنے کے انتظامات مکمل کر لئے گئے ہیں۔ وزیر برائے صنعت و پیداوار نے آکسیجن کی ضروریات کو پورا کرنے کے حوالے سے کیے جانے والے اقدامات سے اجلاس کو آگاہ کیا۔ ملک کے بڑے شہروں میں شناخت کیے جانے والے ہاٹ ا سپاٹس میں ا سمارٹ لاک ڈاؤن کے نفاذ کی صورتحال کا بھی جائزہ لیا گیا۔اس موقع پر وزیرِ اعظم نے بیڈز اور آکسیجن کی ضروریات کو پورا کرنے کے لئے کیے جانے والے اقدامات پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ علاقائی اوربین الاقوامی تجربے کو سامنے رکھتے ہوئے یہ بات واضح ہو گئی ہے کہ کورونا کی روک تھام کے حوالے سے اختیار کی جانے والی حکمت عملی کے بہتر نتائج موصول ہوئے ہیں۔














