گڑھی خدابخش جلسہ: بلاول بھٹو کا بھارت کو شکست پر قوم کو خراجِ تحسین، شہید بے نظیر کو عقیدت

گڑھی خدابخش ( ویب ڈیسک ،فوٹو فائل )پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ جن طیاروں نے بھارتی

طیاروں کو مار گرایا، وہ صدرِ مملکت آصف علی زرداری کے دور میں حاصل کیے گئے تھے۔ ان کا کہنا تھا کہ اس سال کی سب سے بڑی کامیابی جنگ کے میدان میں بھارت کو شکست دینا ہے، اور یہ کامیابی پوری پاکستانی قوم کی جیت ہے۔

گڑھی خدابخش میں شہید محترمہ بے نظیر بھٹو کی 18ویں برسی کے موقع پر منعقدہ جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ بھارت کے خلاف یہ فتح گڑھی خدابخش کی قربانیوں کے بغیر ممکن نہ تھی۔ انہوں نے کہا کہ ذوالفقار علی بھٹو کی بدولت پاکستان کو میزائل ٹیکنالوجی ملی جس کے ذریعے آج ملک اپنے دفاع کے قابل ہے۔

بلاول بھٹو نے کہا کہ قاتلوں اور دہشت گردوں کے لیے آج کا یہ عظیم الشان جلسہ ایک واضح اور مضبوط جواب ہے۔ انہوں نے شہید بے نظیر بھٹو کے مشن سے غیر متزلزل وابستگی کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ 27 دسمبر اجتماعی سوگ، غور و فکر اور عزم کی تجدید کا دن ہے، اور پیپلز پارٹی سماجی و معاشی انصاف، آئین اور پارلیمان کی بالادستی کی جدوجہد جاری رکھے گی۔

گڑھی خدابخش میں برسی کی تقریب کے لیے 20 ایکڑ پر مشتمل مرکزی پنڈال تیار کیا گیا، جبکہ سیکیورٹی کے سخت انتظامات کے تحت ساڑھے آٹھ ہزار سے زائد پولیس اہلکار تعینات کیے گئے۔ جلسے میں شریک کارکنوں اور جیالوں کے لیے بریانی کا بھی خصوصی انتظام کیا گیا۔

اس سے قبل صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے اپنے پیغام میں کہا کہ محترمہ بے نظیر بھٹو نے آئین، پارلیمان اور عوام کے ووٹ کے حق کے لیے ناقابلِ فراموش جدوجہد کی۔ انہوں نے کہا کہ بے نظیر بھٹو کی زندگی نوجوانوں کے لیے یہ پیغام ہے کہ وہ انصاف کے لیے پُرامن جدوجہد کریں اور نفرت کے بجائے اتحاد کا راستہ اپنائیں۔