
اسلام آباد ( ویب ڈیسک ، فوٹو فائل ) وزیراعظم شہباز شریف سے پرائم منسٹر ہاؤس میں ایرانی وفد نے ملاقات کی، جس میں خطے کی صورتحال، عالمی امن
اور باہمی تعاون پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔
ترجمان وزیراعظم آفس کے مطابق ایرانی وفد کی قیادت ایرانی مشاورتی اسمبلی کے اسپیکر محمد باقر قالیباف نے کی، جبکہ وفد میں ایران کے وزیر خارجہ عباس عراقچی بھی شامل تھے,ملاقات میں وزیر اعظم شہباز شریف نے اسلام آباد مذاکرات میں ایرانی وفد کی شرکت کو سراہا اور کہا کہ پاکستان خطے میں امن اور استحکام کے فروغ کے لیے اپنا تعمیری کردار جاری رکھے گا۔
اعلامیے کے مطابق ملاقات میں عالمی اور علاقائی امن کی صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیر اعظم نے اس موقع پر ثالث کے طور پر پاکستان کے مخلصانہ کردار کو جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔
اسی دوران وزیر اعظم شہباز شریف کی امریکی نائب صدر جے ڈی وینس سے بھی ملاقات ہوئی، جس میں خطے کی موجودہ صورتحال اور باہمی دلچسپی کے امور پر گفتگو کی گئی، اسلام آباد میں ہونے والی اس ملاقات میں امریکی نائب صدر کا استقبال فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کیا۔ ملاقات میں نائب وزیر اعظم اور وزیر خارجہ سینیٹر اسحاق ڈار، وزیر داخلہ سینیٹر محسن نقوی اور دیگر اعلیٰ حکام بھی موجود تھے۔
وزیر اعظم نے اس موقع پر کہا کہ پاکستان خطے میں امن و استحکام کے لیے ایک ذمہ دار اور غیر جانبدار ثالث کا کردار ادا کرتا رہے گا اور پائیدار اور بامعنی نتائج کے لیے سفارتی کوششیں جاری رکھی جائیں گی۔














