
کراچی( ویب ڈیسک) ملک کے دیگر صوبوں کی طرح صوبۂ سندھ میں بھی کفایت شعاری پالیسی کا
باقاعدہ نفاذ کر دیا گیا ہے، جس کے تحت کراچی سمیت پورے صوبے میں کاروباری سرگرمیوں کے نئے اوقات کار مقرر کر دیے گئے ہیں۔
سندھ حکومت کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق توانائی کی بچت اور اخراجات میں کمی کے پیشِ نظر مارکیٹس، شاپنگ مالز، ہوٹلز اور شادی ہالز کے اوقات کار میں نمایاں تبدیلیاں کی گئی ہیں۔
نوٹیفکیشن کے مطابق ڈویژنل ہیڈکوارٹرز کے علاوہ تمام اضلاع میں دکانیں، مارکیٹس اور شاپنگ مالز رات 8 بجے بند کر دیے جائیں گے، جبکہ ڈویژنل ہیڈکوارٹرز میں یہ اوقات رات 9 بجے تک ہوں گے۔ یہ احکامات ہفتے کے ساتوں دن لاگو ہوں گے,حکومت نے بعض ضروری سروسز کو ان پابندیوں سے مستثنیٰ قرار دیا ہے، جن میں تندور، دودھ کی دکانیں، بیکریز، میڈیکل اسٹورز، لیبارٹریز، کلینکس، اسپتال اور پیٹرول پمپس شامل ہیں۔
اس کے علاوہ ہوٹلز اور فوڈ آؤٹ لیٹس کو شام 7 بجے سے رات ساڑھے 11 بجے تک کھلے رکھنے کی اجازت دی گئی ہے، جبکہ ہوم ڈیلیوری اور ٹیک اوے سروسز پر کوئی پابندی عائد نہیں کی گئی,شادی ہالز اور بینکوئٹس کے لیے بھی نئے اوقات مقرر کیے گئے ہیں، جن کے تحت تقریبات رات 8 بجے سے 12 بجے تک جاری رکھی جا سکیں گی۔
حکومتِ سندھ کا کہنا ہے کہ یہ اقدامات فوری طور پر نافذ العمل ہوں گے اور ان کا مقصد ایندھن کی بچت اور موجودہ حالات میں معاشی دباؤ کو کم کرنا ہے۔ واضح رہے کہ وفاقی حکومت کی جانب سے خلیجی صورتحال کے تناظر میں کفایت شعاری اقدامات پہلے ہی متعارف کرائے جا چکے تھے، جن کے تحت ملک کے بیشتر حصوں میں کاروباری مراکز رات 8 بجے بند کیے جا رہے ہیں۔
اب سندھ نے بھی اس پالیسی کا حصہ بن کر توانائی بچت مہم میں شمولیت اختیار کر لی ہے۔





































