
تہران( ویب ڈیسک )برطانوی خبرایجنسی کے مطابق سینئر ایرانی ذرائع نے دعویٰ کیا ہے کہ ایران نے امریکا کےساتھ کسی بھی عارضی جنگ بندی کی تجویز
کو مسترد کر دیا ہے۔
ذرائع کے مطابق تہران نے مذاکرات کے آغاز کے لیے واضح پیشگی شرائط عائد کر دی ہیں۔ ان میں فوری طور پر حملوں کا خاتمہ، آئندہ ایسے اقدامات نہ کرنے کی ضمانت اور ہونے والے نقصانات کا مکمل معاوضہ شامل ہے۔رپورٹ میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ پاکستان نے امریکا اور ایران کے درمیان کشیدگی کم کرنے کے لیے جامع جنگ بندی کا ایک فریم ورک دونوں ممالک کے ساتھ شیئر کیا ہے۔
ایرانی ذرائع کے مطابق تہران مستقبل میں کسی بھی ممکنہ مستقل امن معاہدے کے تحت آبنائے ہرمز سے گزرنے والے جہازوں پر باقاعدہ فیس (ٹول) عائد کرنے کا حق بھی چاہتا ہے جس کے تحت ہر جہاز کو گزرنے کیلئے ادائیگی کرنا ہوگی،خبر ایجنسی کا کہنا ہے کہ اس فیس کی شرح جہاز کی نوعیت، اس کے کارگو (جیسے تیل، گیس یا دیگر سامان) اور حالات کے مطابق مختلف ہو سکتی ہے۔
واضح رہے کہ آبنائے ہرمز عالمی سطح پر تیل کی ترسیل کے لیے نہایت اہم گزرگاہ ہے، اور اس سے متعلق کسی بھی فیصلے کے اثرات عالمی معیشت اور توانائی کی منڈیوں پر براہِ راست مرتب ہوتے ہیں۔





































