
تہران (ویب ڈیسک ،فوٹو فائل )ایران کے جنرل اسٹاف آف آرمڈ فورسز کے ترجمان جنرل شکارچی نے خبردارکیا ہےکہ آبنائےہرمز امریکی اور صہیونی قوتوں
کے لیے بند رہے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ ایران کی حکمتِ عملی خطے سے امریکی اثر و رسوخ کا خاتمہ کرنا ہے اور مغربی ایشیا سے امریکا کو باہر نکالنا اس پالیسی کا بنیادی حصہ ہے۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق جنرل شکارچی نے کہا کہ ایران اپنے دفاع اور علاقائی مفادات کے تحفظ کے لیے ہر ممکن اقدام کرے گا،
دوسری جانب ایرانی پارلیمان کی قومی سلامتی کمیٹی کے سربراہ ابراہیم عزیزی نے دعویٰ کیا ہے کہ ایران نے 5 امریکی جنگی طیارے اور ہیلی کاپٹر مار گرائے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ امریکا کے لیے آج کا دن ایک "حقیقی سیاہ دن" ہے اور اسے زمینی حقائق کا سامنا کرنا ہوگا،ادھر ایرانی پارلیمان کے اسپیکر محمد باقر قالیباف نے طنزیہ انداز میں کہا کہ امریکا حکومت کی تبدیلی کے دعوے چھوڑ کر اب اپنے لاپتہ پائلٹس کی تلاش میں مدد مانگ رہا ہے۔
ایرانی رہنماؤں کے بیانات ایسے وقت سامنے آئے ہیں جب خطے میں کشیدگی میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے اور ایران و امریکا کے درمیان تناؤ نئی سطح کو چھو رہا ہے۔





































