
سنیہ عمران / بہاولپور
ہر دل تک قرآن دورہ قرآن ۔۔۔۔ایک پلیٹ فارم ایک انقلاب ایک نظام۔۔۔
جب نیت خالص ہو اور کوشش واقعی ہر دل تک قرآن اتارنے کی ہو تو کوشش صرف پروگرام نہیں رہتی تحریک بن جاتی ہے ۔مرکزی نظم کی انتھک محنت مسلسل جدوجہد کا ثمر اس بار کادورہ قرآن تھا ،عنوان ہی دل کو چھونے والا تھا ۔پہلے سب کے دلوں میں بہت سے سوال اور خدشات تھے پھر جب مکمل ہوا تو مرکزی نظم کے لئے سب کی طرف سے دعاؤں کا تحفہ تھا ۔سب کے یہی تاثرات تھے کہ یوں لگا جیسے پہلی بار قرآن پڑھا ہے ۔
زندہ احساسات کا مظہر جس نے واقعی دلوں کو قرآن کے نور سے منور کر دیا۔ سامعین کے بھی یہی تاثرات یہی تھے اتنا جامع پر اثر طریقہ بعض دفعہ کچھ چیزیں محسوس کی جاتی ہیں، انہیں لفظوں میں بیان کرنا ممکن نہیں ہو تا، بس یہ بھی ایسا ہی احساس تھا ۔ایک پلیٹ فارم، ایک مربوط سسٹم اور ایک واضح مقصدیہی وہ بنیاد تھی جس نے اس عظیم مقصد کو کامیابی عطا کی ۔مرکزی نظم کی انتھک محنت مسلسل جدوجہد اور خاموش قیادت اس سفر کا حقیقی نچوڑ ثابت ہوئی ۔
مرکزی قیادت کی ددن رات کی لگن، منصوبہ بندی اور اخلاص نے اس پیغام کو صرف الفاظ تک محدود نہیں رکھا بلکہ اسے عملی شکل میں معاشرے کے ہر طبقے تک پہنچایا ۔اس کامیابی کے پیچھے صوبائی نظم ، ضلعی نظم ، پی پی نظم ،این سی نظم تھا جنہوں نے امیر کی اطاعت کو مقدم جانتے ہوئے ہر ہدایت ارکان تک پہنچائی جنہوں نے اپنے آرام پر خدمت کو ترجیح دی جن کے قدم میدان میں اور دل قرآن سے جڑے رہے، سب نے ہدایات کو ہمیشہ ایمان داری سے نیچے تک پہنچایا ۔
یہ دورہ قرآن یہ یاد دہانی تھی کہ یہ صرف برکت کی نشانی نہیں بلکہ جینے کا مکمل نظام حیات ہے، جب دل قرآن سے جڑتے ہیں تو معاشرہ بدلنے لگتا ہے ،سوچیں سنورنے لگتی ہیں اور دلوں میں سکون اترنے لگتا ہے اور دل عمل کی طرف راغب ہوتے ہیں۔واقعی اس ایک پلیٹ فارم ایک سسٹم نے دلوں میں اتر کر ثابت کر دیا کہ اگر کوششیں خلوص سے ہوں تو پیغام اپنا راستہ خود بنا لیتا ہے ۔
اس مبارک جہدوجہد کی تکمیل پر مرکزی نظم اور اس میں حصہ لینے والی مدرسات اور ہر وہ رکن ،امیدوار اور کارکن مبارکباد اور خراج تحسین کا مستحق ہے جس نے مشن کی تکمیل میں ساتھ دیا۔ اللہ تعالیٰ سب کی کاوشوں کو قبول فرمائے دنیا و آخرت میں بہترین جزا دے اور آخرت میں اس کاوش کو ذریعہ نجات بنائے۔ آمین ثمہ آمین
یہ مشن کا اختتام نہیں بلکہ اصل آغاز ہی اب ہوا ہے ، چراغ بجھا نہیں کرتے بلکہ ہاتھ بدلتے ہیں ۔اب قرآن کا یہ نور جو لوگوں کے دلوں میں جگمگایا ہے اسے روشن رکھنا ہماری ذمہ داری ہے ۔ اللہ تعالیٰ سے دعا ہے اگلا مرحلہ "دعوتی دروس قرآن اور فہم القرآن کورس" جس کا آغاز بھی اسی طرح ایک جامع اور مربوط سسٹم کے تحت ہوگا ا،س میں بھی اس سے بڑھ کر کامیابی عطا فرمائے اور سب کو اس مشن کو رواں دواں اور کامیاب کرنے کی توفیق اور استقامت عطا فرمائے۔ آمین ثمہ آمین ۔



































