
سنیہ عمران / بہاولپور
تعلیم صرف کتابوں میں لکھے اسباق کا نام نہیں بلکہ بچوں کی شخصیت کو سنوارنے ،ان کی صلاحیتوں کو نکھارنے اور ان کو زندگی میں آگے بڑھنے کا حوصلہ دینے کا نام ہے ۔
اسی خوبصورت مقصد کی ایک بہترین جھلک نیکسیس سکول کی تقریب تقسیم انعامات میں دیکھنے کو ملی ،جہاں بچوں کی
محنت صلاحیت اور کامیابی کو نہایت خوبصورت انداز میں سراہا گیا ۔
تقریب کا باقاعدہ آغاز سورہ رحمان کی روح پرور تلاوت سے ہوا جس نے ماحول کو پر نور بنا دیا ۔اس کے بعد نعت رسول مقبول پیش کی گئی، جس نے حاضرین کے دلوں کو محبت اور عقیدت کے جذبات سے آراستہ کیا ۔ملی نغمے کی دلکش پیشکش نے حب الوطنی کے جذبے کو تازہ کیا اور فضا کو جوش و جذبے سے بھر دیا ۔
بچوں کی جانب سے پیش کیا گیا ویلکم ٹبیلو نہایت خوبصورت اور متاثر کن تھا ، بیان المرصوص کے کے عنوان سے پیش کیے گئے ٹیبلو نے اتحاد، نظم و ضبط اور مضبوط کردار کا اہم پیغام دیا ۔بچوں کی بہترین اداکاری ،ان کا اعتماد اور ان کی بھرپورمحنت دیکھ کے والدین اور حاضرین کے چہروں پر خوشی نمایاں تھی ۔تقریب کے دوران بچوں کی مختلف صلاحیتوں اور کامیابیوں کو دیکھ کر یہ احساس مزید مضبوط ہوا کہ اگر بچوں کو درست رہنمائی ،محبت اور حوصلہ افزائی ملے تو وہ اپنی صلاحیتوں کے ایسے رنگ بکھیر سکتے ہیں جو ہر دل کو متاثر کر دیں ۔
تقریب کا سب سے خوبصورت اور یادگار لمحہ وہ تھا جب نمایاں کارکردگی دکھانے والے بچوں میں شیلڈز اور سرٹیفکیٹ مہمان خصوصی پروفیسر ڈاکٹر محمد نفیس چئیر مین شعبہ ہار ٹیکلچر سائنسز اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور اور اسسٹنٹ پروفیسر ڈاکٹر عمران علی ( شعبہ پاکستان اسٹڈیز اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور) نے تقسیم کیے۔ انہوں نے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یہ سرٹیفکیٹ محض کاغذ کا ایک ٹکڑا نہیں بلکہ بچوں کی محنت،لگن ،
والدین کی دعاؤں اور اساتذہ کی مسلسل محنت و رہنمائی کا صلہ ہیں۔
انہوں نے بچوں کو تاکید کی اگر گول رہ گیا جو آپ نے طے کیا تھا تو بددل نہ ہوں بلکہ نئے عزم سے آگے بڑھیں، ٹھان لیں تو نا ممکن بھی ممکن ہے۔ انہوں نے ادارے کی بہترین کارکردگی کو بھی بہترین الفاظ میں سراہا۔اس موقع پر اساتذہ کی خدمات اور محنت کو بھی خوب سراہا گیا اور انہیں سی او نیکیس افتخار علی چوہدری نے سرٹیفکیٹس دیے ۔ یہ ایک نہایت خوبصورت روایت تھی کیونکہ بچوں کی ہر کامیابی کے پیچھے والدین کے ساتھ
اسا تذہ کی محنت و رہنمائی بھی شامل ہوتی ہے ۔
بے شک استاد ہی وہ چراغ ہیں جو خود محنت کر کے اپنے شاگردوں کے مستقبل کو روشن کرتے ہیں اور اس کی خدمات کا اعتراف ایک قابل تحسین ہے ۔
میرے لیے یہ تقریب اس لحاظ سے بھی اہم رہی کے میرے بیٹے نے بھی نویں کا امتحان دیا اور اے گریڈ حاصل کیا۔ سرٹیفکیٹ لینے والے بچوں میں یہ بھی شامل تھا ۔ اے گریڈ حاصل کرنے والے بچوں کو سرٹیفکیٹ ان کی پرنسپل اقصیٰ عبید نے دیے ۔
بچوں کو ان کی محنت کا پھل پاتے دیکھنا تمام والدین کے لیے فخر،خوشی اور شکر گزاری کا ایک یاد گار لمحہ ہوتا ہے۔نیکسیس سکول کی یہ تقریب
صرف تقریب تقسیم انعامات نہیں تھی بلکہ بچوں کے حوصلے بلند کرنے ،ان کی صلاحیتوں کو پہچاننے اور انہیں مزید آگے بڑھنے کا حوصلہ دینے کا ایک خوبصورت پیغام تھی ۔
سی او افتخارِ چوہدری نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کامیابی کے اس سفر کو ایک مضبوط مثلث سے تشبیہ دیتے ہوئے کہا کہ بچوں کی محنت ،اساتذہ کی موثر رہنمائی اور والدین کا تعاون کامیابی کے بنیادی ستون ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جب یہ تینوں عناصر یکجا ہو جائیں، تب ہی آ ج کی طرح شاندار نتائج کا حصول ممکن ہوتا ہے ، انہوں نے بچوں کو مزید محنت اور لگن کے ساتھ آگے بڑھنے کی تلقین کی ۔
تقریب کے آخر میں سر ذیشان ایوب نے پرخلوص اور جامع دعا کروائی۔ قومی ترانے سے تقریب کا پروقار اختتام کیا گیا ۔اس تقریب میں نیکیس سکول کی پوری ٹیم سی او اور پرنسپل کے ہمراہ موجود تھی ۔
یہ سکول یہ استاد ،یہ بچوں
کی محنت کا سفر
یہیں سے ہوتے ہیں قوموں
کے خواب معتبر
علم کی شمعیں جلا کر
حوصلوں کو دیں اڑان
آج کے یہ ننھے ستارے
کل بنیں گے پاکستان



































