
سنیہ عمران / بہاولپور
کچھ رشتے صرف رشتے نہیں ہوتے ،وہ زندگی کا سہارا ، محبت کا سایہ اور بچپن کی خوب صورت یاد بن جاتے ہیں ۔میرے لیے ماموں جان ایسے ہی تھے جن
کی محبت شور نہی کرتی تھی ، مگر دل کے کسی نہ کسی کونے میں ہمیشہ محسوس ہوتی رہی ۔
وہ نہایت سادا مزاج ،نماز کے پابند ،دنیا کی چمک دمک سے بے نیاز اور اپنے ہر رشتے کے ساتھ بے حد مخلص انسان تھے۔ ان کی شخصیت میں عجیب سا ٹھہراؤ اور سادگی تھی ۔انہوں نے محبت کا اظہار کبھی بڑے بڑے الفاظ میں نہیں کیا ، ان کی محبت ہمیشہ چھوٹی چھوٹی باتوں میں نظر آتی تھی اور شائد محبت کی یہی سب سے خوبصورت شکل ہوتی ہے۔
ان کی محبت کا ایک بڑا پیارا انداز آج بھی میری خوب صورت یادوں میں زندہ ہے ۔ان کے شہر کی مشہور آئیڈل بیکری کے بن ،باقر خانی اور
بسکٹ وہ جب بھی آتے لے کہ آتے ایک بار سر سری طور پر باتوں باتوں میں میں نے ذکر کیا تھا اور انہوں نے پھر ہمیشہ میری پسند کو یاد رکھا جب تک صحت نے اجازت دی ،یہ محبت بھرا سلسلہ انہوں نے جاری رکھا۔ بظاہر یہ چیزیں معمولی تھیں پر ان میں چھپا ان کا خلوص بہت قیمتی تھا ۔چیزیں وہی ہوتی ہیں پر ان میں سے دینے والے کے خلوص کی مہک چلی جاتی ہے۔ رشتوں کی پاسداری اور ہر رشتے کو خلوص سے نبھانا ان کی شخصیت کی سب سے بڑی خوبی تھی اور پھر ان کی زندگی کا آخری لمحہ بھی ایمان افروز تھا کلمہ پڑھتے ہوئے دنیا سے رخصت ہونا بہت بڑی سعادت ہے ۔
ان کا جانا ان کے بچوں ، پورے خاندان کے لیے بہت بڑے صدمے کا باعث بنا لیکن ساتھ ہی کلمہ پڑھتے ہوئے جانا اللہ کی رحمت کی بھی امید دلاتا ہے۔ اللہ تعالیٰ ان کے بچوں کو ان کے لیے صدقہ جاریہ بنائے ۔بچوں کی خدمت کو قبول فرمائے،بچوں کو اور ہم سب کو صبر جمیل عطا فرمائے ،آمین ثمہ آمین
ماموں جان کی اللہ تعالیٰ مغفرت فرمائے ،ان کے درجات بلند کرے ،قبر کو نور سے بھر دے اور جنت میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے، آمین ثمہ آمین
ماموں جان رخصت ہوگئےمگر ان کی محبت کا ذائقہ زندگی بھر زندہ رہے گا۔کچھ لوگ دنیا سے رخصت ہو جاتے ہیں مگر ان کی محبت رخصت نہی ہوتی ،وہ دعاؤں میں شامل ہو کر دلوں میں زندہ ر رہتے ہیں ۔
وہ رخصت ہوا تو آنکھ میں آنسو ٹھہر گئے
وہ شخص کیا گیا کہ زمانے ٹھہر گئے
کلمہ تھا لب پہ دل میں تھی اللہ کی یاد
ہم دیکھتے ہی رہ گئے اور وہ رب کے گھر گئے



































