
کراچی ( ویب ڈیسک ) کراچی میں پاکستان اسٹاک ایکسچینج کا مثبت رجحان برقرار ہے اور کاروباری ہفتے کے آغاز پر مارکیٹ نے ایک نئی تاریخ رقم
کر دی۔ ٹریڈنگ کے دوران 100 انڈیکس پہلی بار ایک لاکھ 81 ہزار کی سطح عبور کر گیا، جو اب تک کی بلند ترین سطح ہے۔
کاروبار کے دوران سرمایہ کاروں کے پُراعتماد رویے کے باعث مارکیٹ میں نمایاں تیزی دیکھنے میں آئی. اس وقت پی ایس ایکس 100 انڈیکس میں 1999 پوائنٹس کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے، جس کے بعد انڈیکس 1 لاکھ 81 ہزار 92 پوائنٹس پر ٹریڈ کر رہا ہے۔
واضح رہے گزشتہ ہفتے کے آخری کاروباری دن بھی اسٹاک مارکیٹ میں زبردست تیزی دیکھی گئی تھی جب 100 انڈیکس 2600 سے زائد پوائنٹس اضافے کے ساتھ 1 لاکھ 79 ہزار 34 پوائنٹس پر بند ہوا تھا۔














