
اسلام آباد : پاکستان تحریک انصاف کے سیکرٹری جنرل سلمان اکرم راجہ نے پارٹی چیئرمین بیرسٹر گوہر کے حالیہ بیان کو پی ٹی آئی کے سرکاری
مؤقف کے منافی قرار دیتے ہوئے اس سے واضح طور پر لاتعلقی کا اعلان کر دیا ہے۔
واضح رہے کہ بیرسٹر گوہر نے اپنے ایک بیان میں کہا تھا کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان سے ملاقات کے لیے بھیک مانگنے کی نوبت آچکی ہے، اور اس صورتحال کے ذمہ دار دوسروں کے ساتھ ساتھ اپنے لوگ بھی ہیں۔
اس بیان پر ردِعمل دیتے ہوئے سلمان اکرم راجہ نے کہا کہ پارٹی سطح پر اس بیان کی تردید کی جا چکی ہے اور یہ رائے کسی صورت پی ٹی آئی کی پالیسی یا سوچ کی عکاسی نہیں کرتی، انہوں نے وضاحت کی کہ بیرسٹر گوہر نے عجلت میں یہ بات کہی جبکہ ملاقاتوں کے لیے بھیک مانگنے کا تاثر نہ صرف نامناسب بلکہ زمینی حقائق کے بھی خلاف ہے۔
سلمان اکرم راجہ نے مزید کہا کہ پی ٹی آئی کی جانب سے کوئی ایسی غلطی سرزد نہیں ہوئی جس کی بنیاد پر بانی پی ٹی آئی سے ملاقاتوں پر پابندیاں عائد کی جائیں، انہوں نے واضح الفاظ میں کہا کہ حکومت سے کسی بھی قسم کی بات چیت اسی وقت ممکن ہوگی جب بانی پی ٹی آئی پر عائد تمام ناجائز قدغنیں مکمل طور پر ختم کی جائیں گی۔





































