
بیجنگ (ویب ڈیسک ڈیسک) چینی وزیر خارجہ وانگ ای کی دعوت پر وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے بیجنگ کا سرکاری دورہ کیا، جہاں انہوں نے پاکستان
اور چین کے درمیان اسٹریٹجک ڈائیلاگ کے ساتویں دور کی مشترکہ صدارت کی،اس موقع پر ہونے والے مذاکرات میں دونوں ممالک کے دوطرفہ تعلقات کے مکمل دائرہ کار کا جامع جائزہ لیا گیا،ملاقات کے دوران خطے اور عالمی سطح پر درپیش اہم سیاسی اور سلامتی سے متعلق امور پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا گیا۔
سی پیک کے تحت جاری اور آئندہ منصوبوں کی پیشرفت کا جائزہ لیا گیا اور باہمی تعاون کو مزید فروغ دینے پر اتفاق کیا گیا۔ اس کے علاوہ دوطرفہ تجارت میں اضافے، سرمایہ کاری کے فروغ، صنعتی تعاون اور معاشی روابط کو مضبوط بنانے کے امکانات پر بھی گفتگو ہوئی۔
فریقین نے کثیرالجہتی فورمز پر پاکستان اور چین کے درمیان قریبی تعاون اور ہم آہنگی کو مزید وسعت دینے کے عزم کا اعادہ کیا۔ عوامی روابط، تعلیمی تبادلوں اور ثقافتی تعاون کو فروغ دینے کی ضرورت پر بھی زور دیا گیا،مزید براں، پاکستان اور چین کے سفارتی تعلقات کے 75 سال مکمل ہونے کے موقع پر دونوں ممالک نے سال بھر مشترکہ تقریبات اور سرگرمیاں منعقد کرنے پر اتفاق کیا۔





































