
اسلام آباد (ویب ڈیسک)وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ حکومت کی کوششوں کے نتیجے میں معاشی صورتحال
مستحکم ہوئی ہے اور تاجر برادری کا اعتماد بحال ہوا ہے۔
معاشی ٹیم کے ساتھ اجلاس میں وزیراعظم کا کہنا تھا کہ حکومت کی توجہ عام آدمی کو ہر ممکن ریلیف دینے پر مرکوز ہے۔معاشی استحکام اور سرمایہ کاروں وتاجروں کیلئے آسانیاں پیدا کرنا حکومت کی اولین ترجیح ہے۔
وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ معدنیات اور کان کنی کے شعبوں کے فروغ پر بات کرتے ہوئے وزیرِ اعظم نے کہا کہ تیل، گیس اورمعدنیات کے شعبوں میں صوبوں کی استعداد کار بڑھانے کے ضمن میں وفاقی حکومت ہر ممکن معاونت فراہم کرے گی۔
وزیر اعظم نے کہا کہ اشیائے ضروریہ کی طلب و رسد اور مستقبل کے تخمینوں کے حوالے سے مربوط منصوبہ بندی کے حوالے سے وزارتِ فوڈ سیکیورٹی میں ایک خصوصی سیل قائم کیا جا رہا ہے تاکہ مستقبل کی ضروریات کو مدنظر رکھ کر جامع منصوبہ بندی اور انتظامی اقدامات کیے جائیں۔
مشیر تجارت عبدالرزاق داؤد نے پاکستان اسٹیل ملز کی بحالی کے لئے کی جانے والی کوششوں پر بریفنگ دی۔ مشیر خزانہ ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ نے وزیرِ اعظم کو معیشت کی مجموعی صورتحال اور اقتصادی اعشاریوں میں ہونے والی بہتری پر بریفنگ دی گئی۔














