
اسلام آباد( ویب ڈیسک ،فوٹو فائل )وفاقی وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے کہا ہے کہ وزیراعظم شہباز شریف کی جانب سے بارہا مذاکرات کی
پیشکش کے باوجود پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی قیادت کا اپنا رویہ ہی بات چیت کی راہ میں سب سے بڑی رکاوٹ ہے۔نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ حکومت سنجیدگی کے ساتھ مذاکرات چاہتی ہے، مگر بدقسمتی سے جواب میں بدزبانی اور گالم گلوچ کا سامنا کرنا پڑتا ہے، انہوں نے واضح کیا کہ وزیراعظم نے تین سے چار مرتبہ کھلے الفاظ میں مذاکرات کی دعوت دی، لیکن پی ٹی آئی کی جانب سے ان کوششوں کا کوئی مثبت ردِعمل سامنے نہیں آیا۔
وفاقی وزیر دفاع نے کہا کہ سیاسی اختلافات کا حل صرف اور صرف مذاکرات میں ہی ممکن ہے، تاہم جب سامنے سے غیر سنجیدہ اور نامناسب رویہ اختیار کیا جائے تو معاملات آگے بڑھانا مشکل ہو جاتا ہے۔ ان کے مطابق پی ٹی آئی کی قیادت اب تک ذمہ دارانہ اور سنجیدہ طرزِ عمل اپنانے میں ناکام رہی ہے۔
خواجہ آصف کا مزید کہنا تھا کہ اقتدار عارضی ہوتا ہے، جبکہ سیاست میں برداشت، صبر اور مستقل مزاجی بنیادی اصول ہیں۔ انہوں نے زور دیا کہ حکومت کے دروازے آج بھی مذاکرات کے لیے کھلے ہیں، بشرطیکہ پی ٹی آئی گالم گلوچ کی سیاست ترک کرے اور سنجیدہ مکالمے کی طرف آئے۔














