
ڈھاکا(ویب ڈیسک ،فوٹوفو فائل) بنگلا دیش کی سابق وزیراعظم، ملک کی پہلی خاتون وزیرِ اعظم اور اپوزیشن جماعت بنگلا دیش
نیشنلسٹ پارٹی (بی این پی) کی قائد خالدہ ضیا طویل علالت کے بعد 80 برس کی عمر میں انتقال کر گئیں۔ ان کے انتقال کی تصدیق بی این پی کی جانب سے کر دی گئی ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق خالدہ ضیا جگر کے عارضے میں مبتلا تھیں اور کافی عرصے سے اسپتال میں زیرِ علاج تھیں۔ گزشتہ روز ڈاکٹروں نے ان کی حالت کو انتہائی تشویشناک قرار دیا تھا، جس کے بعد انہیں لائف سپورٹ پر منتقل کر دیا گیا تھا۔
بنگلا دیشی میڈیا کے مطابق ان کے معالجین میں شامل میڈیکل بورڈ کے رکن ڈاکٹر ضیاء الحق نے بتایا کہ خالدہ ضیا کو باقاعدگی سے ڈائیلاسس کی ضرورت پیش آ رہی تھی، جبکہ ڈائیلاسس کا عمل روکنے کی صورت میں ان کی طبی حالت میں فوری طور پر بگاڑ آ جاتا تھا۔ڈاکٹر کے مطابق زیادہ عمر اور متعدد پیچیدہ بیماریوں کے باعث تمام طبی عوارض کا بیک وقت مؤثر علاج ممکن نہیں رہا تھا۔





































