
لاہور: پاکستان مسلم لیگ (ن) کے قائد اور سابق وزیرِ اعظم نواز شریف اور ان کی صاحبزادی وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز دبئی روانہ
ہو گئے ہیں۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق پارٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ نواز شریف اور مریم نواز دبئی میں دو روز قیام کریں گے۔ اس کے بعد ان کی لندن روانگی کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے، تاہم تاحال اس حوالے سے کوئی حتمی شیڈول سامنے نہیں آیا۔
ذرائع کے مطابق یہ غیر ملکی دورہ مکمل طور پر نجی نوعیت کا ہے اور اس کا کسی سیاسی سرگرمی یا ملاقات سے کوئی تعلق نہیں۔ بتایا گیا ہے کہ یہ سفر خاندانی مصروفیات کے سلسلے میں کیا جا رہا ہے۔اس دوران امکان ہے کہ نواز شریف اپنے نواسے جنید صفدر کی دوسری شادی کے دعوت نامے قریبی رشتہ داروں اور دوستوں کو بھی دیں گے۔
دبئی میں دو روز قیام کے بعد دونوں رہنماؤں کی لندن روانگی متوقع ہے، جہاں وہ کچھ عرصہ قیام کریں گے۔ تاہم لاہور سے روانگی کے وقت تک پارٹی قیادت کی جانب سے اس دورے کے بارے میں کوئی باضابطہ بیان جاری نہیں کیا گیا۔
ذرائع کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کے بیٹے جنید صفدر کی دوسری شادی کی تیاریاں زور و شور سے جاری ہیں۔ جنید صفدر کی ہونے والی اہلیہ شانزے، مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما شیخ روحیل اصغر کی پوتی ہیں۔ شادی کی تقریبات آئندہ ماہ جنوری کے وسط میں منعقد ہونے کا امکان ہے۔





































