
کراچی( ویب ڈیسک ،فوٹؤ فائل )وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی نے سندھ حکومت پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ سندھ
میں پیپلز پارٹی کی ڈکٹیٹرشپ قائم ہے اور اس کی فسطائیت ہمیشہ یاد رکھی جائے گی۔ عوام ڈی چوک جانے کے لیے تیار ہیں اور عمران خان کی کال کا انتظار کر رہے ہیں۔ ہم کسی کو اجازت نہیں دیں گے کہ ہمارے حقوق سلب کرے یا قوم کے لیڈر کو بلاجواز جیل میں رکھے۔
اتوار کی شب باغِ جناح میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے سہیل آفریدی نے کہا کہ سندھ حکومت نے سندھی ٹوپی اور اجرک کی بے حرمتی کی ہے، جسے قوم کبھی معاف نہیں کرے گی۔ انہوں نے اعلان کیا کہ اگلا پڑاؤ خیبرپختونخوا میں ہوگا اور اسٹریٹ موومنٹ کے ذریعے عمران خان کا پیغام پورے ملک میں پہنچایا جائے گا۔
اس سے قبل سہیل آفریدی نے گڈاپ ٹاؤن سے ریلی کی قیادت کرتے ہوئے کارکنان کے ہمراہ جناح گراؤنڈ پہنچے، پولیس نے شہر کے مختلف علاقوں میں کنٹینرز اور رکاوٹیں کھڑی کر کے قافلے کو روکنے کی کوشش کی، الآصف اسکوائر، لیاری ایکسپریس وے کے مختلف انٹرچینجز، گلبائی اور بلدیہ ٹاؤن سے مزارِ قائد کی جانب آنے والے راستوں پر سخت رکاوٹیں لگائی گئیں، تاہم کارکنان نے تمام رکاوٹیں ہٹا کر جلسہ کامیاب بنایا۔
جلسے سے خطاب میں سہیل آفریدی نے سندھ بالخصوص کراچی کے عوام کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ لوگوں نے نکل کر ثابت کر دیا ہے کہ قوم عمران خان کے ساتھ کھڑی ہے، ،سہیل آفریدی نے کہا کہ جو لوگ یہ سمجھ رہے تھے کہ عمران خان کی سیاست ختم ہو چکی ہے، وہ آ کر دیکھ لیں، عوام کی طاقت نے تمام سازشوں کو ناکام بنا دیا ہے۔














