
اسلام آباد( ویب ڈیسک ،فوٹو فائل )وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف کی زیرصدارت ملک میں پیشہ ورانہ
تربیت کے نئے متعارف کردہ ایکوسسٹم پر جائزہ اجلاس اسلام آباد میں منعقد ہوا، جس میں نیووٹیک کے تحت تکنیکی و فنی تربیتی پروگرامز کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں نیوٹیک کی حالیہ کارکردگی پر وزیراعظم نے اطمینان کا اظہار کیا اور نئے اہداف کا تعین کرنے کی ہدایت کی۔
اجلاس میں وزیراعظم نے اپرینٹس شپ قانون پر عملدرآمد یقینی بنانے، بین الاقوامی سرٹیفیکیشنز کے حصول، اور خلیجی ممالک میں پاکستانی افرادی قوت کی کھپت بڑھانے کے لیے وزارت خارجہ اور وزارت سمندر پار پاکستانیوں کے اقدامات میں تیزی لانے کا بھی حکم دیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی نوجوان افرادی قوت صلاحیتوں سے بھرپور ہے اور نیوٹیک کے تربیتی پروگرامز کے مثبت نتائج سامنے آئے ہیں۔
وزیراعظم نے طلبا اور اساتذہ کے لیے بایومیٹرک نظام کے تحت حاضری کو لازمی قرار دینے، صوبائی اداروں کے ساتھ تعاون بڑھانے اور تربیت کے دائرہ کار کو وسعت دینے کی بھی ہدایت کی تاکہ زیادہ سے زیادہ افراد کو تربیت فراہم کی جا سکے،انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کو بین الاقوامی سرٹیفیکیشن کے ساتھ تربیت فراہم کرنا اولین ترجیح ہے، اور غیر مؤثر اداروں کی رکنیت معطل کرنے اور نیوٹیک کے نظام کو مکمل طور پر ڈیجیٹل بنانے کے اقدامات کرنے کا بھی حکم دیا۔





































