چھوٹا بچہ کام بڑے

ثروت اقبال

 جنگل کا شیرتھوڑاغصے والا تھاسارے جانوروں کو بلاوجہ ڈانٹتارہتا تھا اور سب سےبہت زیادہ کام کرواتا سارے جانور اس کے اس رویے سے

پریشان رہتے تھے۔

 ایک دن جنگل میں شیر بادشاہ کا دربار لگا ہوا تھا ۔بادشاہ جانوروں کے مسائل سن رہا تھااور سب سے برے طریقے سےپیش آ رہا تھا ۔کسی کی بات سنتا اور کسی کو لات مار کرچلتا کر دیتا، سب جانور ڈرے سہمے اس کے آس پاس بیٹھےہوئےتھے ۔

سب سے آخر میں جب چیونٹی کی باری آئی تو اس نے ڈرتے ڈرتےعرض کی “بادشاہ سلامت میرا چھوٹا بیٹاتھوڑا بدتمیز ہے،آپ اسے ادب سے پیش آنا سکھا دیجیے،کیوں کہ آپ جنگل کے بادشاہ ہیں تو آپ سےبہتر یہ کام کوئی اور نہیں کرسکتا ۔میں کل صبح اسے آپ کے پاس بھیج دوں گی”، یہ کہہ کر چیونٹی خاموش ہوگئی ۔

شیر نے دل ہى دل میں سوچا کہ وہ تو جنگل میں سب سے بڑا ہے ليکن پھر بھی اس نے کبھی کسی کا ادب کیا ہی نہیں اسے تو ادب کرنا نہیں آتا۔ اسے فکر ہوئى کہ بھلا وہ کيسے چیونٹی کے چھوٹے بیٹے کو ادب کرنا سکھائے گا۔ سب جانوروں کے سامنے میری بےعزتی کے ڈرسے شیر نے چیونٹی سے حامی بھرلی۔

اگلے دن صبح چیونٹی کا چھوٹا بیٹا بادشاہ کے پاس پہنچ گیا ۔اپنی عادت کے مطابق شیر بادشاہ نےاس سے زوردار آواز میں کہا”تم اتنی دیر سے کیوں آئے ہو اور تمہارا نام کیا ہے؟”،وہ شیر کی غصیلی آواز سے نہ ڈرا نہ سہما اورکہا”السلام علیکم بادشاہ سلامت! میرا نام بیلو ہے در اصل مجھے دیر اس لیے ہوگئى کہ آپ کے گھر کے راستے میں بہت سارے سوکھے پتے اور کچھ جنگلی پھل گرے پڑے تھے میں انہیں راستے سے ہٹا رہا تھا” شیر نے پھر گرجدارآواز میں پوچھا” تم اسےکیوں ہٹا رہے تھے ؟”

” بادشاہ سلامت اس لیےکہ اگر جنگل میں کسی جانور کے ساتھ کوئی مشکل پیش آ جائے اور اسے آپ کی ضرورت ہو تو آپ کے راستے میں کوئی رکاوٹ نہ ہو اور وقت ضائع کیے بغیرآپ جلد از جلد اس کی مدد کو پہنچ جائیں”

غصیلہ بادشاہ بیلو کی بات سن کر کچھ نرم پڑ گیا۔

بیلو نے اچانک بادشاہ کو بتايا”جنگل میں ایک طوطا آیا ہے..بہت مزے کی باتیں کرتا ہےاورنظمیں بھی پڑھتا ہے سارے جنگل میں اس کی دھوم ہے”

بیلو کے ذہن میں اچھوتاخيال آيا _اس نے شیر سےفورا مشاعرے کى اجازت لى۔ جس میں سارےجانوروں کو اپنی شاعرى سنانےکى دعوت دى گئى۔

اگلے دن تمام جانور اور پرندے مشاعرے میں موجود تھے ۔سب سے پہلے اُلو نےاپنی شاعری پیش کی، وہ کچھ سنجیدہ تھی۔ اس کے بعد بندر آیا اس نے شعر سنانے کے ساتھ اپنی حرکات سے محفل کو محظوظ کرديا، شیر سمیت سارے جانور ہنس ہنس کر لوٹ پوٹ ہوگئے، پھر تو ہنسی کا یہ طوفان رکا ہی نہیں۔ کوے کے بعد چڑیاں، لومڑی اور آخر میں طوطے کی باری آئی … طوطے نے تو بادشاہ سلامت کی شان میں قصیدے پڑھنا شروع کر دیے مگر طوطا بھی سيانا تھا ایک شعر بادشاہ کی تعریف میں ہوتا تو دوسرا شعر کسى دوسرے جانور کا قصيدہ پڑھ رہا ہوتا ۔

اس طرح اس نے بادشاہ سمیت سارے جانوروں کی تعریف کر ڈالی مگر شیرتوآج بہت خوش تھا بس اسی بات کا فائدہ اٹھاتے ہوئے ،بیلو نے یہ اعلان کر دیا کہ کل پارٹی ہے سب اپنا اپنا کھانا لے کر یہاں آ جائیں اور بادشاہ سلامت کے ساتھ کھانا کھائیں۔ شیر بادشاہ بھی اس بات پر راضی ہو گیا ۔

اگلے دن تمام جانور اور پرندے ،اپنا اپنا کھانا لے کر پارٹی میں آ چکے تھے ۔شیر باری باری سب کے پاس جا رہا تھا اور سب کا کھانا تھوڑا تھوڑا چکھ رہا تھا ۔وہ سارے جانوروں کے ساتھ گھل مل چکا تھا۔ سب جانور بھی آپس میں مل جل کر ایک دوسرے کا کھانا کھانے لگے ۔شیر اورسارے جانور بہت خوش نظر آ رہے تھے مگر ان سب سے زیادہ خوش تو بیلواور اس کی چیونٹی امی تھے۔