انوکھا محل

حمدان احمد

اسد آج بہت بور ہو رہا تھا ۔اس کا "سائیکلنگ" کا دل چاہ رہا تھا ۔اس نے سائیکل لی اور روانہ ہو گیا ۔وہ چلتےچلتے بہت دور ایک میدان میں چلا گیا ،ایک

دم اسے اندازہ ہوا کہ وہ اپنے گھر سے بہت دور نکل گیا ہے اور راستہ بھی بھٹک گیا ہے۔ وہ پریشان ہو گیا ،اور گھر کا راستہ تلاش کرنے لگا۔ چلتے چلتے اسے پیاس نے ستانا شروع کر دیا اب تو وہ اور بھی پریشان ہو گیا۔یوں ہی چلتے چلتے اسے ایک گھر نظر آیا ،وہ گھر دیکھ کر خوش ہو گیا کہ اب تو لازماً یہاں سے پانی مل جاۓگا،قریب جا کر دیکھا تو پتا چلا کہ گھر کا داخلی دروازہ آدھا کھلا ہوا ہے۔اس نے ڈرتے ڈرتے دروازے پر دستک دے کر اجازت چاہی مگر اندر سے کوئی آواز نہیں آئ ۔اس نے ڈرتے ہوئے پوچھا "ک.ک.ک کیا میں اندرآجاؤں؟

اس بار اندر سے آوازآئی"ہاں آجاؤ "،وہ اندر داخل ہوا تو دروازہ خودہی بند ہو گیا۔

وہ پیچھے مڑ کر دروازہ سےزورآزمائی کرنے لگا،لیکن دروازہ مکمل طورپربند تھا، اب تو اسد بہت پریشان ہو گیا،

اسنے زور سے آواز لگائی، "کوئی ہے؟؟"

ایک دم سے وہ گھر محل میں بدل گیااور وہاں تیز ہوائیں چلنے لگیں، اب تواسد کی سٹی گم ہو گئی۔

ایک دم سے اسکی آنکھوں میں بہت زیادہ تیز روشنی پڑی،جسکی وجہ سے اس کی آنکھیں بند ہونے لگیں۔۔ جیسےہی روشنی کچھ کم ہوئی تو اس نے اپنی آنکھیں کھولیں،اس کے بلکل قریب تین بونے کھڑے ہوئے تھے،اسد نے پوچھا "ت۔ت۔ت تم کون ہو، ایک بونے نے جواب دیا ہم تمہارے دوست ہیں۔۔ ہم تمہیں کوئی نقصان نہیں پہنچائیں گے۔یہ سن کر اسد کا سانس کچھ بحال ہوا، بونوں نے اسکو ٹھنڈا اور مزےدار مشروب پلایا، اب اس کا ڈر ختم ہو گیا تھا، اس نے ادھر ادھر دیکھا تو کیا دیکھتا ہےکہ ہر طرف خوبصورت پھول پھیلے ہوئے ہیں ، رنگ برنگی تتلیاں ان پھولوں کے اوپر بیٹھی ہوئی ہیں، یکایک ایک بونے نے پوچھا، "تم اپنی کوئی خواہش بتاؤ ہم پورا کرینگے؟" اسد نے کچھ سوچ کر کہا"مجھے اپنے محل کی سیر کراؤ " بونے نے چٹکی بجائی اور ایک خوبصورت قالین حاضر ہو گیا، تینوں بونے اسد کے ساتھ اس قالین پر سوار ہوئے، ایک بونے نے پھر چٹکی بجائی ، تو قالین ہوا میں اڑنے لگا، اور اسد اس خوبصورت محل کے نظارے کرنے لگا، ایک بونے نے اس سے پھر پوچھا "اور کوئی خواہش ہے تو بتاؤ" یہ سن کر اسد سوچنے لگا کہ واہ بھئ میں تو اتنی اہم شخصیت بن گیاہوں کہ میری خواہشات پوچھی جا رہی ہیں ، یہ سوچ اسکے دل میں غرور پیدا کرنے لگی۔۔ اسے یہ علم نہیں تھا کہ بونوں نے اسکی سوچ پڑھ لی تھی۔۔ جیسے ہی بونوں کو پتہ چلا کہ یہ لڑکا غرور میں مبتلا ہو گیا ہےتو انہوں نے پھر چٹکی بجائی ، اور قالین زمین پڑ گر پڑا، اور اسد دھڑام سے اپنے بیڈ سے نیچے گر گیا،، اور اسکی آنکھ کھل گئی

دیکھا دوستوں یہ ہوتا ہے غرور کا انجام ، اگر اسد غرور نہ کرتا تو کچھ دیراور وہ مزے کرسکتا تھا۔۔ مگر "اب پچھتائے کیا ہوت جب چڑیاں چگ گئیں کھیت "