برساتی قطرے

صباحت شمیم

اوہو! اب میں بلکل تھک گئی ہوں کورڈیلا نےمجھ سےکہا ۔نہیں نہیں ابھی تواورکھیلنا ہے.میں نے کورڈیلا سے

کہا مگر کورڈیلا کچھوے کے خول پربیٹھ کر آرام کرنے لگی ۔ میں نے کچھوے سے بھی کھیلنے کی فرمائش کی مگر کچھوے نے بھی خول میں اپنا منہ چھپا لیا ۔

اب میں بالکل اداس ہوچکا تھا،کیونکہ میں اورکھیلنا چاہتا تھا ،یوں ہی اُداسی میں ،میں سطحِ سمندر پرآگیا ۔ سمندر کی موجیں مجھے ہچکولےدے رہی تھیں تومجھےبڑا مزہ آرہا تھا اور ٹھنڈی ٹھنڈی ہوامجھے بہت اچھی لگ رہی تھی ۔

بادلوں کودیکھتےدیکھتےمیرے بھی دل میں اُسےچُھونےکی خواہش پیدا ہوئی ۔آسمان پر بڑا سا سورج چمک رہا  تھا اور مسکرا کر مجھے دیکھ رہا تھا ۔میں نے اُس سے کہا سورج ماما مجھے بھی بادلوں کی سیر کراؤ نا۔ سورج ماما نےجواب دیا بلکل میں تم سب قطروں کو بادلوں کی سیر کروانے کے لیے ہی یہاں آیا ہوں ۔

یہ سُن کر میں بہت خوش ہوگیا۔ تھوڑی ہی دیر میں مجھے اپنا آپ بلکل ہلکا محسوس ہونے لگا اور میں ہواؤں میں اُڑنے لگا۔جُوں جُوں  میں اُوپر کو جارہا تھا مجھےسخت ٹھنڈ محسوس ہورہی تھی۔ میں نےجیسے ہی نیجے کی جانب دیکھا۔ میرا توسرہی چکرا گیا ۔ سب کچھ بہت چھوٹا نظر آرہا تھا اور پیچھے میرے اور بھی ہم جماعت دوست میرے ساتھ بادلوں کی جانب جارہے تھے۔ اُنہیں دیکھ کر مجھے حوصلہ ہوا۔ اب مجھے اُوپر جانے میں بہت مزا آرہا تھا ۔

دیکھتےہی دیکھتے میں بادلوں تک جاپہنچا۔ بادل اتنےبڑے اورروئی جیسےملائم تھے کے میں بار بار اُن پر پھسل رہا تھا ۔

اچانک تیزہوا چلی اورہمیں بادلوں نےاپنےاندرجذب کرلیا۔ہم سارے دوست مختلف بادلوں میں تقسیم ہوگئے اور میں خود کو بہت وزنی محسوس کرنے لگا ۔ پہلے تو میں ڈر ہی گیا تھا ۔ پھر اپنے دوستوں سے پوچھا تو معلوم ہوا کے وہ بھی ٹھیک ویسا ہی محسوس کررہے ہیں جیسا کہ میں کر رہا تھا ۔ تب جاکر میری جان میں جان آئی ۔

ابھی تھوڑی ہی دیرہوئی تھی کے ہرطرف اندھیرا چھانے لگا۔سورج ماما  بھی مسکراتے بادلوں کے پیچھے چھپ گئے۔اچانک تیز ہوا کےایک جھونکے نے دونوں بادلوں کو آپس میں جھنجوڑا اوردونوں کا ایک زور دار ٹکراؤ کروایا۔

اُف خدایا ! میرا تو سرہی چکرا گیا تھا ۔پھر ایک زوردارآواز گونجی اور میں۔۔۔ اورمیرے دوست ہم سب تیزی سے نیچے گرنا شروع ہوگئے ۔ کوئی پہاڑوں پر ،کوئی پودوں پراور کوئی  مختلف عمارتوں پر ۔ یُوں  ہم سارے دوست یکجان ہوگئے اور پانی کی صورت بہتے ہوئے ندی میں جا پہنچے اور پھر سمندر کا رُخ کرلیا ۔ مجھے آج کے اس مہم جوئی میں بہت مزہ آیا اور میں خوش ہو کیونکہ مجھے کورڈیلا اوراپنے دوست کچھوے کو بتانے کے لیے ایک دلچسپ واقعہ مل گیا ہے ۔