
تحریر: سعدیہ عمیر
فہد اور بابر دونوں چچا زاد بھائی تھے۔ دونوں ایک دوسرے کےپڑوسی بھی تھے اور دوست بھی تھے ۔ فہد مطالعہ کا شوقین اور
بہت سلجھا ہوا لڑکا تھا اس کے برعکس بابر ایک شرارتی لڑکا تھا ۔ دونوں شام میں گھر کے قریب ہی واقع چھوٹے سے پارک میں چلے جاتے۔ فہد اپنے ساتھ کوئی نہ کوئی کتاب ضرور رکھتا، پارک کے ایک یا دو چکر لگانے کے بعد وہ کسی بینچ پہ بیٹھ کر کتاب کا مطالعہ کرتا۔ جبکہ بابر کوئی نہ کوئی شرارت کرنے میں مگن ہو جاتا، کبھی کسی بچے کی کوئ چیز چھین کر کھا لی، کبھی پارک میں موجود درختوں پر بیٹھے پرندوں کے ساتھ مستیاں۔سب اسے سمجھاتے رہتے کہ شرارت نہ کیا کرو، کسی کو بھی تنگ نہ کیا کرو، سب فہد کی مثالیں بھی دیتے کہ وہ تمھارا ہم عمر ہے وہ کتنا اچھا بچہ ہے اسکے جیسا بنو لیکن وہ ایک کان سے سنتا اور دوسرے سے نکال دیتا۔ فہد خود بھی بہت سمجھاتا کہ دوسروں کو تنگ کرنا، پریشان کرکے خوش ہونا بہت غلط بات ہے لیکن بابر کو جیسے کسی بات کی پرواہ ہی نہیں تھی۔ معمول کے مطابق ایک شام دونوں پارک گئے، اور روز کی طرح پہلے چکر لگانے اور ساتھ باتیں کرنے لگے۔
بابر نے کہا! فہد تم کیا ہر وقت کتابیں پڑھتے ہو، بور نہیں ہوتے؟
فہد نے کہا! بابر کتابیں پڑھنے سے بھی بھلا کوئی بور ہو سکتا ہے؟ یہ تو انسان کی سب سے بہترین ساتھی ہوتی ہیں ۔
کتابیں تو انسان کو شعور سکھاتی ہیں، انسان کو اچھے برے کا فرق بتاتی ہیں، انسان ایک جگہ بیٹھ کر پوری دنیا کی سیر کتاب کے ذریعے کر سکتا ہے۔
اچھا اچھا بس بس بھئ تم نے تو پوری تقریر ہی کر ڈالی ۔بابر نے اپنے کانوں کو ہاتھ لگاتے ہوئے فہد سے کہا تو فہد افسوس سے سر ہلانے لگا کہ بابر کو سمجھانا بہت مشکل ہے۔
چلتے چلتے دونوں ایک بینچ کے قریب پہنچ گئے۔ فہد اپنی کتاب کھول کر بینچ پر بیٹھ گیا جبکہ بابر کی نظر بینچ سے زرا دور درخت پہ بیٹھی چڑیا پر پڑی جو اپنے بچوں کے منہ میں کچھ ڈال رہی تھی ۔ بابر اس طرف چل دیا، فہد نے بابر کا ارادہ بھانپ لیا اور سختی سے منع کیا کہ اگر تم نے چڑیا اور اسکے بچوں سے شرارت کی تو بہت برا ہوگا ، میں آئندہ تمھارے ساتھ پارک نہیں آؤں گا اور چچا جان سے بھی تمھاری شکایت لگاؤں گا ۔
ٹھیک ہے ٹھیک ہے میں کوئی شرارت نہیں کرتا بس درخت کےنیچے کچھ دیر آرام کروں گا۔ یہ کہہ کر بابر توآگے چل دیا لیکن فہد کو یقین نہیں کہ بابر بنا شرارت کئے رہ سکے گا اسے یہی فکر کہ کہیں بابر چڑیا کے بچوں کو گھونسلے سے نکال ہی نہ لے یا پھر اپنے بچوں کو کھانا کھلاتی چڑیا کو اڑا دے۔
فہد نے کتاب ایک طرف رکھ دی اور بابر کو دیکھنےلگا۔ بابر نےدرخت کے نیچے پہنچ کر فہد کی طرف دیکھا تو وہ بابر کی طرف ہی دیکھ رہا تھا ۔ بابر نے اپنا منصوبہ کچھ دیر کے لیے ملتوی کر دیا اور درخت کے نیچے بیٹھ کر چڑیا اور اسکے بچوں کو دیکھنے لگا کہ کیسے چڑیا اپنی چونچ سے اپنے چھوٹے چھوٹے بچوں کو کھلا رہی، یہ سب بابر کو بہت عجیب لگا کیوں کہ پہلے کبھی بابر نے اس طرح غور ہی نہیں کیا اس نے تو جب کوئ چیز دیکھی تو دماغ میں کوئی نئی شرارت یا کوئی نیا منصوبہ ہی تیار کرنے لگتا۔ فہد نے بابر کو ایسا مگن دیکھا تو دوبارہ سے اپنی کتاب کی طرف متوجہ ہو گیا۔
بابر چڑیا اور اسکے بچوں کو دیکھتے ہوئے سوچ رہا تھا کہ آخر چڑیا اپنےبچوں سے کیا کہہ رہی ہوگی؟ بابر کی سوچ گہری ہوتی گئی اور آنکھیں بھاری ہوتی چلی گئیں۔ یہاں تک کہ وہ اپنے ارد گرد کے ماحول سے بے خبر نیند کی وادیوں میں جا پہنچا۔ اچانک سے اسکی آنکھ مانوس سی باریک سی آواز پہ کھلی ۔
چوں چوں چوں ماما مجھے یہ لڑکا بابر بلکل پسند نہیں، اتنا تنگ کرتا ہے سب کو! یہاں پارک میں گندگی بھی پھیلاتا ہے۔چیزیں کھا کر ریپر بھی ڈسٹ بن میں نہیں پھینکتا۔ چڑیا کا ایک بچہ اپنی امی (چڑیا) سے بابر کی شکایت لگا رہا تھا۔ بابر حیران ، پریشان سا انھیں سن رہا تھا کہ ایسا کیسے ممکن ہوا وہ چڑیا اور اسکے بچوں کی باتیں سن اور سمجھ رہا ہے۔
ابھی وہ اسی حیرت میں گم تھا کہ دوسرا بچہ بھی بولا ماما ماما مجھے بھی بابر کی عادتیں بلکل پسند نہیں۔ جب بھی یہ کسی پرندے کو دیکھتا ہے تو پتھر مار کے وہاں سے اڑا دیتا ہے۔ اور اگر کبھی کسی گھونسلے میں پرندوں کے انڈے پڑے ہوں تو وہ بھی توڑ دیتا ہے۔ اگر کوئی بابر کے ساتھ بھی ایسا ہی کرے ، راستے میں جاتے ہوئے کوئی اسے بھی پتھر مارے اور جیسے یہ پرندوں کے گھونسلے توڑ دیتا ہے کوئی اس کا بھی گھر توڑ دے۔ بابر نے یہ سنا تو اسے ایسا محسوس ہوا جیسے کسی نے اس کا دل مٹھی میں دبا لیا ہو۔
چڑیا کا تیسرا بچہ بھی کیوں پیچھے رہتا وہ بھی فوراً سے بولا : ماما بابر کا کزن فہد بھی تو ہے وہ کتنا سلجھا ہوا اور اچھے اخلاق والا ہے، جس سے ملتا ہے ادب سے، پیار سے ملتا ہے اور سب کا چاہے وہ جانور اور پرندے ہوں یا انسان ہوں بہت خیال رکھتا ہے ۔ سب کے دل سے فہد کے لئے دعائیں ہی نکلتی ہیں ۔ جبکہ بابر کو دیکھتے ہی دل ایسا خراب ہوتا ہے جیسے آپ نے کوئ سڑا ہوا کیڑا کھلا دیا ہو، اور پھر تینوں بچے اس مثال پر دل کھول کر ہنسنے لگے ۔ بابر کی آنکھیں بھیگنے لگیں، نہ جانے کیوں سب کے سمجھانے پر بھی اسے کوئی بات سجھ کیوں نہیں آ تی تھی اور اب ان کی باتیں بابر کو ہرٹ کر رہی تھیں ۔ اب کے تینوں بچے ایک ساتھ بولے اچھے بچے بابر کے جیسے بلکل نہیں ہوتے بابر ہمیں بلکل اچھا نہیں لگتا ، اسے پارک میں آنے کی اجازت ہی نہیں ملنی چاہیے ۔ چڑیا جو بہت دیر سے خاموشی سے اپنے بچوں کی باتیں سن رہی تھی، ایک لمبی سانس لینے کے بعد بولی ، میرے پیارے بچو! آپ بلکل صحیح کہہ رہے ہیں
بابر میں وہ تمام باتیں ہیں جو اچھے بچوں میں نہیں ہوتی لیکن یہ بھی ضروری نہیں ہے کہ بابر ہمیشہ گندہ بچہ ہی رہے۔ بابر نے چڑیا کی بات سنی تو اسکی آنکھی حیرت سے مزید کھل گئیں۔ چڑیا کے بچے بھی حیران سے اسے دیکھنے لگے کہ یہ کیسی بات کہہ رہی ہیں۔ چڑیا پھر سے بولنے لگی میرے بچو! حیران مت ہو، حقیقت میں ایسا ہی ہے اگر کوئی انسان پہلے غلطیاں کر چکا ہو لیکن بعد میں اسے اپنی غلطیوں اور کوتاہیوں کا احساس ہو جائے اور وہ اپنے پیارے اللّٰہ جی سے معافی مانگ لے اور آئندہ ایسی شرارتوں سے توبہ کر لے تو اللّٰہ تعالیٰ بھی اسے معاف کر دیتے ہیں اور اپنی مخلوق کےدل میں بھی اس کے لئے محبت ڈال دیتے ہیں۔چڑیا کے بچےابھی تک حیرت سے اسے دیکھ رہے تھے کہ کیا ایسا ممکن ہے بابر جیسا شرارتی لڑکا بھی توبہ کر کے نیک اور اچھا بچہ بن جائے؟۔ چڑیا نے بچوں کی حیرت بھانپ لی اور بولی! ہاں بچوں بلکل ایسا ممکن ہے بابر بھی اچھا بچہ بن سکتا ہے آؤ ہم بھی دعا کرتے ہیں اللّٰہ تعالیٰ بابر کو ہدایت دے اور فہد بھی تو ہے ناں اس کی رہنمائی کرنے کے لئے، جہاں اسے کچھ سمجھ نہ آئی وہ فہد سے مدد لے سکتا ہے اور سب سے بڑھ کے اس کے اپنے گھر والے بھی تو ہیں ناں ہر اچھی بات بتانے اور بری بات سے روکنے کے لئے۔
بابر، بابر کیا ہوا بابر تم کیوں رورہے ہو ؟ فہد زور زور سے بابر کو جھنجھوڑ رہا تھا جو ہچکیوں سے رو رہا تھا۔ بابر نے آنکھیں کھولیں تو سامنے فہد کھڑا تھا۔ بابر کوپہلے تو کچھ سمجھ ہی نہیں آیا کہ کیا ہو رہا ہے پھر آہستہ آہستہ اس کے اوسان بحال ہوئے تو سمجھ میں آیا کہ وہ چڑیا اور اس کے بچوں کے بارے میں سوچتے سوچتے سو گیا تھا اور جوباتیں چڑیا اور اس کے بچوں کی وہ سن اور سمجھ بھی رہا تھاوہ سب خواب تھا۔ یعنی حقیقت میں اس نے یہ سب نہیں سنا؟. اوہ شکر اللہ تعالیٰ کا یہ سب خواب تھا۔ بابر خود سے ہی باتیں کئے جا رہا تھا. فہد بے چارہ حیران پریشان سا کھڑا بابر کو دیکھی جا رہا جو نہ جانے کیا کیا بول رہا اسے ٹھیک سے سنائی ہی نہیں دے رہا تھا کیونکہ بابر بہت آہستہ آہستہ بول رہا تھا۔ فہد یہ سوچ رہا تھا کہ بابر شام کے اس وقت اتنے گھنے درخت کے نیچے بیٹھا ہوا تھا کہیں کسی آسیب کا سایہ نہ ہو گیا ہو۔
فہد نے یہ خیال آتے ہی جلدی سے بسم اللّہ پڑھی اور آیت الکرسی پڑھ کر بابر پر پھونک ماری اور پھر چاروں قل پڑھنے لگا کیونکہ اسے معلوم تھا کہ آیت الکرسی اور قل پڑھ کر پھونکنے سے اللّٰہ تعالیٰ حفاظت فرماتے ہیں اسی لئے تو جب بھی فہد گھر سے نکلتا تو دعائیں پڑھ کر نکلتا تھا تاکہ وہ ہر قسم کی مصیبت سے محفوظ رہے ۔ اب اسے یہی لگ رہا تھا کہ بابر شاید کسی ان دیکھی مخلوق سے باتیں کر رہا ، کیونکہ کہ جس طرح وہ منہ آسمان کی طرف کر کے منہ ہی منہ میں بڑبڑا رہا تھا اسے دیکھ کر کوئی بھی یہی سمجھتا۔
بابر اوپر منہ کیے بس اپنے پیارے اللّٰہ جی کو منارہا تھا ان سےتوبہ کر رہا تھا اور اپنی شرارتوں کی معافی مانگتے ہوئے آئندہ نہ کرنے کا عہد کر رہا تھا۔ جب بہت رو لینے کے بعد دل کا غبار کچھ کم ہوا تو بابر نے فہد کو ساری تفصیل بتائی اور یہ بھی کہ اب سے وہ بھی فہد کی طرح اچھا بچہ بن کے رہےگا۔ فہد یہ سن کر بہت خوش ہوا اور بابر کو گلے سے لگا لیا۔ دونوں نے چڑیا اور اس کے بچوں کی طرف دیکھا او یک زبان ہو کر بولے بہت بہت شکریہ پیاری چڑیا ۔
بابر نے اپنا دایاں ہاں اپنے ہونٹوں پہ رکھا اور پھر ہتھیلی چڑیا اوراس کے بچوں کی طرف کر کے پھونک مار دی جیسےاپنا پیار ان تک پہنچا رہا ہو۔ چڑیا اور اس کے بچے بھی زور زور سے چہچہانے لگے جیسے اس کا پیار وصول کر لیا ہو، بابر نے کہا پیاری چڑیا تمہاری وجہ سے آج مجھے احساس ہوا کہ میں جسے کھیل تفریح سمجھ رہا تھا وہ اصل میں کتنی بری بات ہے، سب مجھے بہت سمجھاتے تھے، فہد نے بھی بہت کوشش کی مجھے ایسے کاموں سے باز رکھنے کی لیکن مجھے کبھی کسی کی بات نے متاثر نہیں کیا۔ فہد نے آگے بڑھ کر بابر کا ہاتھ تھام لیا اور کہا کہ بس بابر سب باتیں بھول جاؤ اللّٰہ تعالیٰ اپنے اچھے بندوں کو ضرور ہدایت دیتے ہیں اور اس کے لئیے کسی بھی چیز یا بات کو وسیلہ بنا دیتے ہیں ۔ اب گھر چلتے ہیں بہت دیر ہو چکی ہے اور آزان بھی ہونے والی ہے۔ پھر تو پہلے مسجد چلتے ہیں پہلے نماز ادا کرتے ہیں سجدہ شکر ادا کر کے پھر گھر جائیں گے بابر نے کہا تو فہد نے فوراً گلے لگا لیا کہ پہلے تو نماز کے لیے کتنا اصرار کرنا پڑتا تھا تب بھی کبھی ادا کی اور کبھی ٹال جاتا تھا۔ الحمدلِلّٰہ دیر آید درست آید ۔ دونوں نے الوداعی نظر چڑیا پر ڈالی تو ایسا محسوس جیسے چڑیا اور اسکے بچے کہہ رہے ہوں کہ بابر تم بہت اچھے بچے ہو کل پھر آنا ہم تمہارا انتظار کریں گے۔














