ننھی شرمندگی

 فاطمہ فیض / گوجرہ

ایک شہرمیں تین بھائی، اویس، عبداللہ اور ابراہیم رہتے تھے۔ سب سے بڑااویس تھاجواپنی اونچی آوازکی وجہ سےمشہور تھا۔ جب بھی اویس قرآنِ مجید کی تلاوت کرتا، محلے

داروں کو بھی معلوم ہو جاتا کہ آج اویس نے کون سا سبق یاد کیا ہے۔
اس سے چھوٹا عبداللہ تھا، جو اپنی معصوم صورت کی وجہ سے سب کا دل جیت لیتا، لیکن اس کے دماغ میں ہر وقت کوئی نہ کوئی نئی شرارت پک رہی ہوتی۔ اکثر وہ کسی غبارے یا شاپر میں نلکے سے پانی بھرتا اور پھر چھپ چھپ کر اُسے اچھالنے کی کوشش کیا کرتا تھا۔
سب سے چھوٹا ابراہیم تھا، جس کی ننھی ننھی شرارتیں اور معصوم باتیں گھر میں رونق بکھیر دیتی تھیں۔

اویس کو گھومنے پھرنے کا بہت شوق تھا۔ ایک دن جیسے ہی سپارے سے چھٹی ہوئی، اویس سائیکل پر بیٹھا اور یہ جا، وہ جا۔ اس کے پیچھے عبداللہ اور ابراہیم شور مچاتے بھاگے:
"بھائی! ہم بھی جائیں گے،بھائی! ہمیں بھی لے جاؤ!"
لیکن اویس نظروں سے اوجھل ہو چکا تھا۔
عبداللہ، ابراہیم کا ہاتھ پکڑے گھرکی سمت ہولیا اوردل ہی دل میں سوچنےلگاکہ اویس سے کس طرح بدلہ لیا جائے۔

امی جان نے کچن سے باہر جھانکا۔ عبداللہ،ابراہیم کا ہاتھ تھامے گھر میں داخل ہوا۔ اس کے چہرے پر ایک شرارتی چمک تھی۔

"السلام علیکم!" عبداللہ اورابراہیم نےاونچی آوازمیں ماں کوسلام کیا۔
"آج ناشتے میں کیا بنا ہے، امی جان؟" عبداللہ نے زور سے معمول کا فقرہ دہرایا۔
"تمہاری پسند کا پراٹھا اور آملیٹ ہے۔ جلدی سے ہاتھ منہ دھو لو، میں دسترخوان لگاتی ہوں۔"امی جان نے محبت بھرے انداز میں کہا۔
"جی امی جان، دھو رہا ہوں!" عبداللہ نے جواب دیا، لیکن ہاتھ دھونے کی بجائے الماری میں پڑے اویس بھائی کے بیگ کی طرف لپکا۔ اس نے اویس کے بیگ سےکچھ چمکدار پینسلیں، ایک ربڑ اور ایک نیا جیومیٹری بکس نکالا۔
یہ وہی چیزیں تھیں جو اویس نے اپنے پیسے جمع کر کے کل ہی امی جان سے منگوائی تھیں۔ بہت خوبصورت اورنایاب چیزیں تھیں۔
عبداللہ کی آنکھوں میں ان چیزوں کو دیکھ کر ایک چمک سی آ گئی۔ اس نے ساری چیزیں اویس کےبیگ سےنکال کر اپنے بیگ میں ڈال لیں۔

اتنی دیر میں اویس اپنی سائیکل سمیت گھر میں داخل ہوا۔
"السلام علیکم!" اویس نے سب کو سلام کیا اور ہاتھ منہ دھو کر کھانے بیٹھ گیا۔ کھانے کے بعد اس نے اپنا بیگ اٹھایا اور اس میں سے کتابیں نکالنے لگا۔
اچانک اس کے ہاتھ رُک گئے۔ اس نے بیگ کو اچھی طرح سےچیک کیا،پھراسےجھاڑا اور دوبارہ دیکھا۔
"امی! میری پینسلیں، ربڑ اور جیومیٹری بکس کہاں ہیں؟" اویس نے پریشانی سے پوچھا۔
"جو میں نے کل ہی منگوایا تھا، وہ اسی بیگ میں رکھا تھا۔"

عبداللہ نے یہ سنتے ہی سر اٹھایا۔اس کا رنگ فق ہو گیا اور وہ فوراً اپنی جگہ سےاٹھ کھڑاہوا۔ اس کی آنکھوں میں خوف اور شرمندگی کا ملا جلا تاثر تھا۔
"اویس بھائی۔۔۔" عبداللہ کی آواز حلق میں اٹک گئی۔

اویس نے عبداللہ کی طرف دیکھا:
"کیا ہوا عبداللہ؟ تمہیں کچھ پتا ہے؟"
عبداللہ نے آہستہ سے اپنا اسکول بیگ اٹھایا اور اس میں سےوہ چمکدار پینسلیں،ربڑاورجیومیٹری بکس نکال کراویس کےسامنے رکھ دیا۔اس کی آنکھوں سے آنسو بہنے لگے۔
"مجھے معاف کر دیں اویس بھائی، آپ ہمیں چھوڑ کر چلے گئے، جس کی وجہ سے میں نے آپ کی چیزیں نکال لی تھیں۔ مجھے بہت شرمندگی ہے، میں دوبارہ ایسا کبھی نہیں کروں گا۔" عبداللہ نے روتے ہوئے کہا۔

اویس پہلے تو حیران ہوا، پھر اس نے عبداللہ کو دیکھا، جو زار و قطار رو رہا تھا۔ اویس نے آگے بڑھ کر عبداللہ کو گلے لگا لیا۔
"کوئی بات نہیں عبداللہ بھائی! تم نے خود بتا دیا، یہ بہت بڑی بات ہے۔ آئندہ ایسا مت کرنا۔ میری بھی غلطی ہے، مجھے بھی تمہیں یوں اکیلے چھوڑ کر نہیں جانا چاہیے تھا۔"

امی جان نے عبداللہ کو نرمی سے دیکھا، جس نے اپنی غلطی خود ہی تسلیم کرلی تھی۔اویس نے اُسےمعاف کر دیا۔
امی جان نے تینوں بیٹوں کو ساتھ لگایا اور سمجھایا:
"بیٹا! زندگی میں غلطیاں ہوتی ہیں، لیکن انہیں تسلیم کرنااورمعافی مانگنا ہی اصل بہادری ہے۔"

ابھی یہ سب چل ہی رہا تھاکہ کچن سےایک زوردار دھڑام کی آواز آئی۔ سب چونک گئےاورکچن کی طرف بھاگے۔وہاں کا منظر دیکھ کر سب کو ہنسی بھی آئی اور غصہ بھی۔

ابراہیم، جو گھر کا سب سےچھوٹا اور شرارتی بچہ تھا،کچن کےفرش پربیٹھا،چھوٹےہاتھوں سےکیک کا ایک بڑا ٹکڑا نکال کر اپنے منہ میں ڈال رہا تھا۔ آدھا کیک اس کے منہ میں تھا اور آدھا اس کے چہرے اور کپڑوں پر لگا ہوا تھا۔ اس کے پورے چہرے پر چاکلیٹ پھیلی ہوئی تھی اور وہ اپنی چھوٹی چھوٹی آنکھوں سے سب کو دیکھ کر مسکرا رہا تھا۔

"یَمی!" اس نے کہا، اور ایک اورٹکڑا منہ میں ڈال لیا۔
کچن اور فریج میں پھیلے کیک کےٹکڑوں کو دیکھ کر اویس اورعبداللہ بھی ہنس ہنس کر لوٹ پوٹ ہو رہے تھے۔ ان کے چہروں پر بھائی چارے اور معصومیت کی چمک تھی۔

اس صبح کی ساری تلخی، جو عبداللہ کی چھوٹی سی غلطی کی وجہ سےپیدا ہوئی تھی، ابراہیم کی بے ساختہ شرارتوں کے سامنے ماند پڑ گئی۔