امریکی بحری بیڑہ ایران کی جانب پیش قدمی کر رہا ہے:صدر ڈونلڈ ٹرمپ

واشنگٹن ( ویب ڈیسک ،فوٹو فائل )امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ ایک امریکی

بحری بیڑہ ایران کی جانب پیش قدمی کر رہا ہے اور امید ہے کہ ایران امریکا کے ساتھ معاہدہ کر لے گا،امریکی صدر نے ریاست آئیوا میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے دعویٰ کیا کہ جون میں ایران کی جوہری صلاحیت کو ختم کیا گیا، جبکہ ایران میں کی گئی فوجی کارروائی کے دوران کوئی شہری ہلاک نہیں ہوا۔ ان کا کہنا تھا کہ امریکا اب بھی ایران سے ڈیل کا خواہاں ہے۔

ٹرمپ نے اسی خطاب میں وسط مدتی انتخابات کے لیے اپنی انتخابی مہم کے آغاز کا اعلان بھی کیا۔ انہوں نے کہا کہ آج سے وسط مدتی انتخابات کی مہم شروع کر رہے ہیں اور دعویٰ کیا کہ وہ یہ انتخابات با آسانی جیت جائیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر انتخابات میں شکست ہوئی تو امریکا کو بڑے نقصان کا سامنا کرنا پڑے گا۔

امریکی صدر نے ملکی معیشت پر بات کرتے ہوئے کہا کہ ایک سال قبل امریکا میں تاریخی مہنگائی تھی تاہم اب معیشت مستحکم ہو رہی ہے اور مہنگائی میں نمایاں کمی آئی ہے، ان کے مطابق امریکا آج سرمایہ کاروں کے لیے ایک محفوظ ملک بن چکا ہے اور ایک سال کے دوران سرمایہ کاری کا حجم 18 ٹریلین ڈالر تک پہنچ گیا ہے۔ٹرمپ نے مزید کہا کہ امریکا کی سرحدیں غیر قانونی تارکین وطن کیلئے مکمل طور پر بند کر دی گئی ہیں اور آج امریکا کو دنیا میں جتنی عزت حاصل ہےوہ پہلے نہیں تھی۔