کراچی:خیبر پختونخوا کے وزیر اعلیٰ سہیل آفریدی نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف کی سیاسی

جدوجہد آئندہ دنوں میں مزید تیز ہو گی اور پارٹی ہر صورت اپنے مؤقف پر ثابت قدم رہے گی۔

وزیر اعلیٰ سہیل آفریدی ایک روزہ دورے پر کراچی پہنچے، جہاں انہوں نے پاکستان تحریک انصاف کے ایک کارکن کے انتقال پر منعقدہ تعزیتی ریفرنس میں شرکت کی۔ اس موقع پر انہوں نے مرحوم کارکن کے لیے دعائے مغفرت کی اور لواحقین سے دلی تعزیت کا اظہار کیا۔

تعزیتی ریفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا نے کہا کہ دعا ہے کہ پی ٹی آئی کارکنوں کی قربانیوں کا سلسلہ اب رک جائے اور ملک میں جمہوری جدوجہد پُرامن طریقے سے آگے بڑھے، ان کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف کے کارکنوں نے مشکل ترین حالات میں بھی صبر، استقامت اور ثابت قدمی کا مظاہرہ کیا ہے۔

سہیل آفریدی نے مزید کہا کہ پارٹی کے تمام کارکن اور قیادت ایک پرچم تلے متحد ہیں اور کسی بھی دباؤ کے آگے جھکنے کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا۔ ان کے مطابق پی ٹی آئی کی سیاسی جدوجہد کا بنیادی مقصد عوام کے حقوق کا تحفظ اور ملک میں حقیقی جمہوریت کا قیام ہے۔

انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پارٹی اپنی آئینی اور جمہوری جدوجہد جاری رکھے گی اور عوام کی آواز بن کر ہر فورم پر کھڑی رہے گی۔