
اسلام آباد( رنگ نو ڈاٹ کام ) جعلی اکاؤنٹس اور میگا منی لانڈرنگ کیس میں ملوث سابق صدر آصف زرداری،ان کی بہن فریال تالپور اور دیگر ساتھیوں کے گرد احتساب کا شکنجہ تنگ ہونے لگا۔
قومی احتساب بیورو (نیب) نے جعلی اکاونٹس کیس کا دائرہ کار بڑھانے اور اسے منطقی انجام تک پہنچانے کے لیے ٹیموں کو کراچی بھیجنے کا فیصلہ کرلیا۔ یہ فیصلہ چیئرمین نیب جسٹس (ر) جاوید اقبال کی سربراہی میں ہونے والے اجلاس میں کیا گیا۔
اس اجلاس میں جعلی اکاونٹس کیس سے متعلق ابتدائی رپورٹ سمیت مختلف مقدمات میں پش رفت کا جائزہ بھی لیا گیا۔
اجلاس میں چیئرمین نیب نے حکام کو سپریم کورٹ کے فیصلے پر من و عن عمل کرنے اور جعلی اکاؤنٹس کیس میں تمام توانائیاں صرف کرنے کی ہدایت بھی کی۔کراچی کے علاوہ کچھ ٹیمیں نیب ہیڈ کوارٹرز میں ہی شواہد کی بنیاد پر بیانات ریکارڈ کریں گی۔
چیئرمین نیب نے کہا کہ نیب اس کیس کو قانون کے مطابق ٹھوس شواہد کی بنیاد پر تحقیقات کرکے شفافیت سے منطقی انجام تک پہنچانے پر یقین رکھتا ہے۔ہ اجلاس میں چیئرمین نیب، پراسیکیوٹر جنرل، ڈی جی آپریشن اور ڈی جی نیب راولپنڈی سمیت اعلیٰ عہدیداران نے شرکت کی۔
واضح رہے کہ جعلی اکاؤنٹس اور اربوں روپے کی میگا منی لانڈرنگ کے مقدمے کے حوالے سے پاکستان پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف زرداری، ان کی بہن فریال تالپور اور ان کے کاروباری شراکت داروں حسین لوائی ،چیئرمین اومنی گروپ انورمجید اور ان کے بیٹے عبدالغنی مجید سے تحقیقات کی جارہی ہیں۔
ایف آئی اے نے معروف بینکر حسین لوائی کو گرفتار کیا تھا، جس کے بعد انور مجید اورعبدالغنی مجید کو بھی گرفتار کر لیا گیا تھا۔ آصف زرداری اور فریال تالپور فی الحال عبوری ضمانت پر ہیں۔














