
مٹھی(رپورٹ: سلمان غوری) امیر جماعت اسلامی پاکستان
سینیٹر سراج الحق نے کہا ہے کہ ملک میں صحیح اور بلاتفریق احتساب ہوا تو حکومتی کیبنٹ سمیت پارلیمنٹ میں موجود ارکان کی اکثریت جیلوں میں ہوگی، اسلامی انقلاب کے بغیر غربت وافلاس سے نجات سمیت تھرپارکر کی عوام قسمت تبدیل نہیں ہوسکتی ۔
مٹھی میں 60بیڈز پر مشتمل الخد مت ہسپتال کا دورہ اور اس کے بعد افتتاحی تقریب سے خطاب میں سراج الحق کا کہنا تھا کہ وزیراعظم ودیگر سیاسی جماعتوں نے وعدے کئے مگر الخدمت نے عملی کام کرکے تھرپارکرکےعوام کو الخد مت ہسپتال کا ایک بہترین تحفہ دیا۔
الخدمت ہسپتال میں ڈاکٹر ودیگر عملہ کا خدمت خلق کا جذبہ اور تھرکے عوام کی خوشیاں دیکھ کردلی خوشی اور قلبی سکون ملا، 100 فیصد مفت علاج اور مریضوں کو بہترین سہولیات کی فراہمی منتظمین کا بہترین کارنامہ ہے ۔
مرکزی نائب امیر اسداللہ بھٹو،سندھ کے امیر محمد حسین محنتی، سابق امیر ڈاکٹر معراج الہدیٰ صدیقی، الخدمت فاﺅنڈیشن پاکستان کے صدرعبدالشکور،پروجیکٹ ڈائریکٹر اعجاز اللہ خان، ضلعی امیر میر محمد بلیدی نے بھی خطاب کیا۔ قیم صوبہ کاشف سعید شیخ، نائب امراءحافظ نصراللہ عزیز،عبدالغفار عمر ،پروفیسر نظام الدین میمن اور سیکریٹری اطلاعات مجاہد چنا بھی موجود تھے۔
سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ تھر کے لوگ باصلاحیت اور پرامن لوگ ہیں، اللہ نے ان کو جن نعمتوں سے نوازا ہے میں مستقبل میں ایک روشن تھر دیکھ رہا ہوں، ۔ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ حکومت کی کوئی کارکردگی نہیں تو تبصرہ کس چیز کا، پانچ سالہ موجود حکومت کو سیکھنے کیلئے پانچ سال لگ جائیں گے، سندھ باب الاسلام ہے تبدیلی اور خوشحالی صرف اللہ کے دین سے ہی آئیگی۔
جماعت اسلامی پاکستان کے مرکزی نائب امیر اسداللہ بھٹو نے کہا کہ ایک لاکھ کے قریب مریضوں کا سو فیصد مفت علاج سندھ حکومت کیلئے چیلنج کی حیثیت رکھتا ہے۔
جماعت اسلامی سندھ کے امیر محمد حسین محنتی نے کہا کہ انسانیت کی خدمت ایک بہت بڑا کام ہے ،جماعت اسلامی نے الخدمت ہسپتال سے پہلے پورے تھر میں پیاسے تھری عوام کیلئے کنویں اور بچوں کو تعلیم دینے کیلئے اسکولوں کا جال بچھایا ہے۔
الخدمت فاﺅنڈیشن پاکستان کے مرکزی صدر عبدالشکور نے کہا کہ الخدمت ہسپتال کے قیام میں نعمت اللہ خان کی کاوشیں اور کردار ناقابل فراموش ہے،یہ عوام کے تعاون سے اور عوام کیلئے بنایا گیا ہے۔
پروجیکٹ ڈائریکٹر اعجاز اللہ خان نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ابتدا میں مخیر حضرات کے تعاون 8 کروڑ سے یہ منصوبہ شروع کیا جس میں گذشتہ سال ستر ہزار مریضوں نے استفادہ کیا جبکہ 19ہزار افراد کے مفت لیبارٹری ٹیسٹ ہوئے، اس ہسپتال سے تھرپارکر کے علاوہ عمرکوٹ، بدین، میرپور خاص اضلاع کے لوگوں نے بھی علاج معالجے کی سہولیات حاصل کیں۔














