
لاہور(رنگ نو ڈاٹ کام )امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے اپنی دوسری مدت امارت 2019 ء تا 2024 ء کاحلف اٹھالیا۔
منصورہ میں حلف اٹھانے کے بعد تقریب سے خطاب کرتے ہوئےان کا کہنا تھا کہ انتخابات کے نام پر ایسی انجینئر نگ کی جاتی ہے کہ تابعداری کی شرط پرلوگ منتخب قرارپاتے ہیں ۔ بظاہر اقتدار میں سیاسی لوگ ہوتے ہیں مگر اصل حکومت غیرسیاسی ماسٹرز کی ہوتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ جنرل ایوب سے جنرل مشرف تک ، سب نے اپنے ذاتی مقاصد اور اقتدار کے دوام کے لیے جمہوریت ، دستور ، قانون ، پارلیمنٹ ، عدلیہ اور ملکی وقار کو نقصان پہنچایا ۔ آج مقننہ ، عدلیہ ، انتظامیہ اور حکومت بے بس ہے ۔
سراج الحق نے کہا کہ قوم نے ہمیشہ بہتری کیلئےووٹ کا استعمال کیا تاکہ انہیں بنیادی حقوق میسر آسکیں مگر پیپلز پارٹی ، مسلم لیگ اور پھر پرویز مشرف سب نے عوام کی امنگوں کا خون کیا۔














