
مریم شہزاد
احمد آج بہت اداس تھا، وہ کسی سے کچھ کہہ نہیں رہا تھامگر اس کے اندازبتارہے تھےکہ وہ اداس ہے۔اکثر ہی اس کے ساتھ ایسا ہوتا تھا مگروہ
جلد ہی سب بھول بھال کردوبارہ اپنے کام میں لگ جاتا جیسے کچھ ہوا ہی نہیں تھا مگر جیسے جیسے وہ بڑا ہو رہا تھا اب وہ اس بات سے بہت جلدی پریشان ہونےلگا تھا وہ نہیں چاہتا تھا کہ ایسی باتوں کو سوچے مگر پھر کچھ ایسا ہو جاتا کہ وہ اپنے آپ کو اداس اور پریشان ہونےسے روک نہیں سکتا تھا ۔آخر اس نے بہت سوچ کر دادا ابو سے بات کرنے کا سوچا ۔
آج چھٹی کا دن تھا دادا ابو بھی فارغ تھے اور اپنے کمرے میں آرام کر رہے تھے ۔ وہ ان کے پاس گیا ۔
"السلام علیکم دادا ابو"
"وعلیکم السلام ورحمتہ اللہ وبرکاتہ" داداابو مسکراتے ہوئے اٹھ بیٹھے
"میں نے آپ کو پریشان تو نہیں کیا؟" احمد نے پوچھا
"ارے نہیں بھئی ، بھلا بچوں سے بھی کوئی پریشان ہوتا ہے."
وہ خوش دلی سے بولے
"وہ آپ سے ایک بات کرنی تھی."
"بالکل جناب ، ارشاد ."
وہ ہنس کر بولے
"دادا ابو ! کیا سب بچے ایک جیسا سوچتے ہیں؟" احمد نے پوچھا
"کس بارے میں "
"اصل میں دادا ابو جو میں سوچ رہا ہوتا ہوں وہ کوئ اور بچہ بھی کرلیتا ہے ، ایسا کیوں ہوتا ہے میرے ساتھ ."
"مثلاً ؟؟" دادا ابو نے پوچھا
"مثلاً یہ کہ میں نے پروجیکٹ ڈے میں سوچا تھا کہ میں فلاں پروجیکٹ بناؤں گا مگر وہ اشعر نے پہلے ہی بنانے کو کہہ دیا مس کو، پھر میں نے اس میں حصہ ہی نہیں لیا حالانکہ میرا اتنا دل تھا اور میں اشعر سے اچھا بنا سکتا تھا ۔۔" احمد نے کہا
"ہمم اور ۔۔۔" دادا ابو نے اس سے مزید وضاحت چاہی
" اور جیسے پچھلے سال میں نے سوچا تھا کہ میں سالانہ فنکشن میں حصہ لوں گا اور اپنی پسندیدہ نظم سناؤں گا مگر وہ نظم علی نے سنا دی ۔۔ میرے ساتھ ہی ایسا کیوں ہوتا ہے دادا ابو ؟؟" احمد روہانسا ہو کر بولا
"اچھاااا پہلے یہ بتاؤ کہ جب سائنس پروجیکٹ میں تم نے پہلے سوچا تھا تو استاد کو پہلے کیوں نہیں بتایا ؟" دادا ابو نے پوچھا
"وہ میں نے سوچا کہ سر مجھ سے خود پوچھیں گے ۔۔"
"اچھا تو کیا نام بتایا تھا تم نے !! ہاں اشعر ۔۔۔ تو اشعر سے استاد صاحب نے خود پوچھا تھا ؟"
"نہیں ۔۔ اس نے ہاتھ کھڑا کرکے خود ہی جھٹ سے بتا دیا تھا ۔۔"
"تو آپ نے خود سے کیوں نہیں بتایا ۔۔؟"
"میں ابھی سوچ رہا تھا اور بولنے ہی والا تھا نا تو اتنی دیر میں ۔۔۔" وہ کھسیا کر بولا
"چلو یہ تو ہوگئی پروجیکٹ ڈے کی بات ۔۔ اور سالانہ فنکشن میں کیا ہوا تھا اس وقت جلدی سے کیوں نہیں کہا سر سے ؟"
"میں بس کہنے ہی والا تھا کہ علی نے پہلے کہہ دیا ۔"
" تو تم نے کسی اور چیز میں حصہ لینے کی کوشش کیوں نہیں کی؟"
" پھر میری سمجھ ہی نہیں آیا ۔۔"
"لیکن تم کو شوق بھی تھا اور حصہ بھی لینا چاہتے تھے۔ ہےنا؟ " دادا ابو نے پوچھا تو اس نے ہاں میں سر ہلا دیا
"پھر کسی دوسری چیز میں حصہ لے لیتے۔۔"
"اگر جس چیز میں میرا دل چاہ رہا ہوتا ہے اور میں وہ نہیں کروں نا تو میں پھر اداس ہو جاتا ہوں اور میرا پھر کچھ کرنے کو دل نہیں چاہتا ۔۔" احمد معصومیت سے بولا
"افسوس تو ہوتا ہوگا نا بعد میں ؟؟"
"جی وہ تو بہت ہی ہوتا ہے ۔"
"علامہ اقبال کو جانتے ہو ؟"
"جی ہمارے قومی شاعر ہیں۔"
"تم نے علامہ اقبال کی شاعری پڑھی ہے ؟"
"تھوڑی تھوڑی ۔۔"
"ان کا ایک شعر ہے۔۔“
"تو شاہین ہے پرواز ہے کام تیرا
ترے سامنے آسماں اور بھی ہیں"
کچھ سمجھ آیا ؟"
احمد نے نہ میں گردن ہلائی
"اس کا مطلب یہ ہے کہ اگر آپ وہ کام نہ کرسکےجوکرنا چاہتے تھے تو تھک کر ہار مان کر بیٹھ نہ جائیں بلکہ بچے تو شاہین کی طرح ہیں جس کا کام ارتے جانا ہے اور اگر ایک کام نہیں کرسکے تو اس کا مطلب ہے کہ کوئی دوسرا اس سے بہتر کام آپ کا منتظر ہےاور دوسرے کے بعد تیسرا ، تیسرے کے بعد چوتھا ۔۔ یعنی آپ کو بلندیوں کو چھونا ہے ہارنہیں ماننی ۔۔صرف سوچتے ہی نہیں رہ جانا بلکہ آگے بڑھنا بے بڑھتے ہی جانا ہے ۔ ایک شاہین کی پرواز ایک مسلمان بچے کی پرواز ہے جس کو بہت آگے جانا ہے مگر محنت اور لگن سے۔۔اب آیا سمجھ؟ " دادا ابو نے اس کو تفصیل سے بتا کر پوچھا
"جی دادا ابو ۔۔ سمجھ گیا یعنی مجھے بھی علامہ اقبال کا شاہین بننا ہے جس کو گرنا یا رکنا نہیں ہے بلکہ آگے ہی بڑھتے جانا ہے۔"
"شاباش ۔۔ اور اگر آپ کی پسند کا کام کسی اور نے کرلیا ہےتو آپ یہ سوچ کر دوسرا کام کرلیں کہ اللّہ تعالیٰ نے شاید اس میں آپ کے لئے کامیابی رکھی ہے۔ " دادا ابو نے کہا اور اس کے ماتھے پر پیار کیا۔ اور احمد نے دل میں عہد کیا کہ اب صرف سوچنا نہیں ہے بلکہ کر کے دکھانا ہے۔




















