
کائنات طارق
زندگی کی پٹاری میں خوش گوار،تلخ اور غمگین کئی یادیں ہیں۔ان ہی میں ایک غم جو ہرلمحہ ساتھ ساتھ رہتا ہے۔
میں چار بھائیوں کی اکلوتی بہن تھی۔ ہمارے گھر کے ساتھ میرے تایا ابو کا گھر جڑا تھا ۔اکثر ہم چھتوں سے پھلانگ کر ایک دوسرے کے گھر آتے جاتے۔ حقیقت میں ان دونوں گھروں کے مکین گویا کہ ایک ہی چھت تلے رہتے تھے۔ ہمارے کھانے پینے سے لے کر سونے جاگنے تک سب کچھ ایک تھا۔ مزے کی بات یہ تھی کہ میرے تایا ابو کو بیٹیاں بہت پسند تھیں لیکن ان کےصرف دو بیٹے تھے۔ اس طرح ان دونوں گھروں میں میں ایک اکلوتی بیٹی تھی۔
نازوں اور لاڈوں میں پلتی میری زندگی کا محورومرکز یہی لوگ تھے۔
اسکول وکالج کےبعد یونیورسٹی تک مجھےلانےاورچھوڑنے کی ذمہ داری میرے چھوٹے تایازاد بھائی نویداحمدکی تھی۔
پہلے سب کی محبتیں پرخلوص تھیں مگر وقت گزرنے کے ساتھ سب عملی زندگی میں شامل ہوئے تو محبت کی یہ ڈور کمزور ہونے لگی۔ آہستہ آہستہ اپنے مفادات اور ترجیحات کے مطابق رشتے نبھائے جانے لگے۔ وقت تیزی سے گزرنے لگا اور لوگ اس سے بھی زیادہ تیزی سے بدلنے لگے۔ رشتوں میں ایک تناؤ آنا شروع ہو گیا مگر ایک انسان جو اس نفسانفسی کے دور میں بھی نہ بدلا اور اس کی معصومیت قائم رہی وہ نوید احمد تھا۔ دنیا کی طمع اور مفادات سے بے نیاز درویش صفت انسان جسےاسےدنیا کی آسائشیں اور لغویات کبھی متاثر نہ کر سکیں۔
تایا ابو کے انتقال کے کچھ دن بعد ہی سب کچھ بدل سا گیا۔ حالات کے بدلاؤنے سب سے زیادہ نوید احمد کو متاثر کیا۔ تایا ابو کی وفات کے کچھ ماہ بعد ہی نوید احمد کو کینسر کا مرض تشخیص ہوا لیکن اس کے گھر کی طرف سےاسے کوئی مالی امداد نہ ملی۔ اس کے علاج کی ذمہ داری میرے بھائیوں نے لے لی۔ بیماری کے چند ہی دنوں میں سب کی زبانوں پر نوید کی موت کی باتیں آنے لگیں۔ یہ وہ وقت تھا جب مجھے نوید احمد کی بیماری اور اس کی جانب لوگوں کے رویے توڑ رہے تھے۔ میرا بھائی اتنا معصوم ۔۔۔۔جو ایک کانٹا چبھنے کی تکلیف نہیں سہ سکتا تھا اور آج اس کا وجود ناقابل بیان تکلیف میں کا شکار تھا۔ اللہ تعالی کو کیسے پکارتے ہیں،یہ میں اب سیکھ رہی تھی۔ میرا بے قرار دل مرکز دعا بنا۔ میرا دل اللہ عزو جل کے سامنے گریہ و زاری میں دن رات بے کل تھا۔ میری راتیں مصلے پر روتے گزر جاتیں۔
جانے کس قبولیت کی گھڑی میں میری دعائیں سن لی گئیں اور سب کی توقعات کےبرعکس دو ماہ بعد نوید احمد جو کینسر کےآخری سٹیج کامریض تھا گھر لایا گیا۔ حیرت انگیز طور پراس کی صحت بحال ہونا شروع ہو گئی۔ محض ایک ماہ گزرا اور اس کی طبیعت بہتر ہو گئی۔ نوید احمد نے چلنا شروع کر دیا۔ اس واقعے کے بعد میں دعاؤں پہ ایمان لےآئی۔ میرے وجود کا ذرہ ذرہ میرے اللہ کی موجودگی کا گواہ بن گیا۔ مجھے ایسا لگنے لگا کہ اگر نوید احمد کو کچھ ہو جاتا تو میری زندگی بھی ختم ہو جاتی۔ اب میں ہر پل خوش رہنے لگی۔
کسے علم تھا تقدیر جسے کینسر جیسےموذی مرض کے ہوتے موت کےجبڑوں سےنکال لائی تھی۔ معمولی بخار میں اسےموت کے سپرد کردیا۔نوید احمد جا چکا تھا اور صرف میں ہی کیا ہم سب ٹوٹے پھوٹے وجود کے ساتھ کھڑے تھے۔ ہمارے حوصلے ٹوٹ گئے تھے لیکن ہمیں جینا تھا اور ہم جی رہے ہیں کہ اسی میں اللہ کی رضا تھی۔ دعا ہے کہ وہ ہمیں اپنی رضا میں راضی کر لے۔
اِنَّالِلّٰہِ وَاِنَّااِلَیْہِ رَاجِعُوْنَ۔
”یقیناً ہم اللہ کی ملکیت ہیں اور ہم اسی کی طرف لوٹ کرجانے والے ہیں۔“نوید کوگئے تقریباً چھ ماہ گزرچکے ہیں لیکن آج بھی آنکھیں پرنم اور دل اداس ہ، زندگی کا یہ خلا شاید کبھی پر نہ ہو سکے گا۔




















