
لبنی اسد
گھر میں حج کی تیاریوں کی خوشبو پھیلی ہوئی تھی۔ سوٹ کیسوں میں احرام، دعاؤں کی کتابیں اور وہ تمام چیزیں رکھی جا رہی تھیں جو
روحانی سفر کےلیےضروری سمجھی جاتی ہیں۔ شارق برسوں سے دل میں یہ خواہش پالے بیٹھا تھا کہ اللہ کے گھر کا دیدار کرےاور آخرکار وہ وقت آ گیا تھا۔ ویزا، ٹکٹ، سب کچھ تیار تھا۔ اللہ نے فضل کیا تھا اور اس سال وہ حج کے لیے روانہ ہونے والا تھامگر اب مسئلہ یہ تھا کہ شارق کے ساتھ صرف ماں یا بیوی کوئی ایک جا سکتے تھے۔پیسے اتنے ہی تھے اور اُس کے سامنے دو چہرے تھے — اُس کی بیوی شبنم اور اُس کی اماں جی۔
دونوں کی آنکھوں میں ایک ہی خواب تھاخانہ کعبہ کا دیدار۔ دونوں کی دعائیں، آنسواورتمنائیں برابرتھیں مگرجانا صرف ایک کو تھا۔
شبنم جوان تھی،عبادت گزاراور برسوں سےحج کی خواہشمند۔ اُس کےلیےیہ موقع قیمتی تھا۔ وہ جانتی تھی کہ اگلے سال کچھ بھی یقینی نہیں اور اماں جی؟ وہ خاموشی سے تیاریوں میں لگی تھیں لیکن اُن کی آنکھوں میں چھپی چمک صاف ظاہر کرتی تھی کہ وہ بھی دل ہی دل میں جا نے کی اُمید باندھے بیٹھی ہیں۔
شارق فیصلہ بیوی پر چھوڑ چکا تھا۔ اُس نے کہا،"شبنم، یہ پیسے تمہارے پاس تھے،تمہاری جمع پونجی تھی۔ جیسے چاہو، ساتھ لے چلو۔"
شبنم خاموش ہو گئی۔ ایک رات وہ جاگتی رہی۔ کبھی اپنا خواب سوچتی، کبھی ساس کی تھکی ہوئی آنکھیں۔ آخر سحر کے وقت اُس نے وضو کیا اور طویل سجدے کے بعد اللہ سے دعا مانگی:
"یا رب، میں تیری ہی رضا چاہتی ہوں، تو مجھے قربانی کی توفیق دے۔"
صبح اُس نے فیصلہ کر لیا۔
ناشتہ کرتے ہوئے اُس نےاماں جی کاہاتھ تھاما اور دھیرے سے کہا
"امی حج پر آپ جائیں گی۔ آپ نےمجھےاس لائق بنایا کہ میں خود کو قربانی کے قابل سمجھ سکوں۔"
اماں جی چونک گئیں، پھر بے یقینی سے بولیں۔۔
"بیٹی، تُو کیسی باتیں کر رہی ہے؟ تیرا حق ہے۔ ابھی عمرہےتیری،ابھی موقع ہےتیرا۔"
شبنم مسکرا دی
"تبھی تو کہہ رہی ہوں۔میراوقت آئےگا،ان شاءاللہ لیکن اگرآپ نہ جاسکیں تومیں ساری زندگی اس دن کو یاد کر کے پچھتاؤں گی۔"
شارق خاموش تھامگراُس کے چہرے پربیوی کےلیےفخرکے جذبات صاف دکھائی دےرہےتھے۔
چند ہفتوں بعد، شارق اوراماں جی روانہ ہو گئے۔اماں جی نےبیت اللہ کےسامنے کھڑے ہوکرجو پہلی دعامانگی،وہ بیٹی جیسی بہوکےلیے تھی۔۔
"یا اللہ، جس بہو نےمجھے تیرے گھر تک پہنچایا، تُواسے کبھی محروم نہ رکھنا۔
سال بیت گیا۔
اگلے سال شبنم کا نام بغیرقرعہ اندازی کے سرکاری اسکیم میں آگیا۔اُس کی فائل کس نےآگےبڑھائی تھی —شاید کسی افسر نے، شاید کسی سفارش نے، ؎یا شاید اُس دعا نے جو بیت اللہ میں ماں جی نےمانگی تھی۔
اس بار روانگی کے وقت شارق اور اماں جی دروازے پر کھڑے تھے۔ شبنم اپنی بھابھی اور بھائی کے ساتھ شوہر اور ساس کو الوداع کہہ کر نم آنکھوں سے مکہ روانہ ہو گئی—دل میں ایثار کا سکون اور لبوں پر شکر کا ورد لیے۔




















