
سیدہ ہادیہ ہاشمی
ماہ رمضان ہمیں خالی مخصوص اوقات میں بھوک و پیاس پر قابو پانا نہیں سکھاتا بلکہ یہ روح کی بیداری کا ذریعہ بھی بن سکتا ہے
،اگر ہم اس کے اصل پیغام کو سمجھنے کی کوشش کریں۔۔
یہ ماہ مبارک ماہ اپنی خاص عبادات کی وجہ سے پہچانا جاتا ہے ،جیسے روزہ ،تراویح اور رمضان کی راتوں میں شب بیداری وغیرہ۔۔۔لیکن غور طلب بات یہ ہے کہ کیا ماہ رمضان خالی ان مخصوص عبادات کے ساتھ منسلک ہے ؟؟ یا یہ مبارک ماہ اس بات کا پیغام بھی دیتا ہے کہ جب ہم خدا کے حکم سے دوران روزہ حلال اشیاء کے استعمال سے رک جاتے ہیں تو کیا جن باتوں کو پروردگار نے حرام و مکروہات میں شامل کیا ، تو کیا ان کو بھی ترک کرنے کی کوشش کرتے ہیں؟؟
جیسے لغویات ،رشتوں کی پامالی ، رشوت و سود خوری ، کرپشن اور بے ایمانی، نمود و نمائش کی دوڈاور ناجائز طریقوں سے خریدو فروخت ،وغیرہ ۔۔۔۔
اس ماہ رمضان نہ صرف ہم مخصوص عبادات کا اہتمام کریں گے بلکہ شکر گزاری کے ساتھ ان باتوں سے بھی اجتناب کرنے کی کوشش کریں گے ،ان شاءاللہ۔۔۔اور پھر اس طرح ہم رمضان سے بہترین انداذ میں فائدہ اٹھا سکیں گےاور ساتھ ہی رمضان کی روح یعنی تزکیہ نفس اور تقویٰ کی لذت کو پانے میں کامیاب ہو سکیں گے۔۔۔۔ان شاءاللہ
ان سب کے ساتھ ہر مسلمان کی ایک ذمہ داری اور بھی ہے جس کے لیے وہ دنیا میں بھیجا گیا ہے اور وہ ہے رب کی زمین پر رب کے نظام کا قیام یعنی
"اقامت دین "عبادات میں جب اقامتِ دین کا رنگ بھی شامل ہو جاتا ہے تو ہمارے مقصد زندگی میں ہمارے نصب العین کا حصول بھی شامل ہوجاتا ہے ۔۔۔
عبادت کا کوئی بھی انداز ہو انفرادی یا اجتماعی دونوں کو قائم رکھنے میں دینی و دنیاوی بھلائی اس ہی وقت حاصل ہوسکے گی جب اس کو دینی احکام و ہدایات اور اصولوں کے مطابق قائم کرنے کی کوشش کریں گے اور اس طرح یہ عبادات ہماری جسمانی صحت و افزائش کے ساتھ روح کی پاکیزگی کا ذریعہ بھی بن پائیں گی ۔ ان شاء اللّٰہ
اللہ رب العالمین ہمیں مقبول عبادات کے ساتھ رمضان المبارک کو اس کی روح کے مطابق یعنی جسمانی و روحانی پاکیزگی کے ساتھ گزارنے کی توفیق عطا فرمائےاور آخر میں بس یہ ہی التجا ہے پروردگار سے کہ وہ ہمیں اپنے مقصد حیات یعنی اقامت دین سے مزید مضبوطی اور استقامت کے ساتھ جوڑ دے ۔آمین ثم آمین
اب پوری کوشش کرنی ہے کہ اپنی اور دوسروں کی اصلاح و بھلائی کے اس عہد کے ساتھ کہ نہ صرف پورے سال بلکہ پوری زندگی ان اچھی اچھی باتوں کو اپنی زندگی میں شامل رکھتے ہوئے اپنے مقصدِ حیات کو پانا ہے جو کہ رضا الہٰی میں پوشیدہ ہے۔۔۔ ایک بات اور جس کا ہم سب نے خیال رکھنا ہے وہ یہ کہ سحری و افطاری کی تیاری میں اتنا وقت اور صلاحیتیں نہیں لگانی کہ پھر خشوع وخضوع کے ساتھ عبادت کرنے کی ہمت ہی باقی نہ رہے ۔
ایمان داری کے ساتھ ہر ذمہ داری کو نبھانے کی کوشش کرنی ہے۔
چاہے کاروباری معاملات ہوں ، یا دفتری یا پھر خانہ داری سے وابستہ ذمہ داری ہو ۔۔۔۔سب میں دل جمعی اور اعتدال سے کام لیتے ہوئے اپنا بھر پور حصہ ڈالنا ہے۔۔۔ پاک پروردگار ہمیں خالی رمضان المبارک میں نہیں بلکہ تاحیات صراط مستقیم پر گامزن رہنے توفیق عطا فرمائے۔ آمین ثم آمین




















