
افروزعنایت
جی ہاں بندے کا مثبت رویہ بڑی اہمیت کا حامل ہے۔انسان چاہے گھر کی چاردیواری کے اندر ہو یا باہر کسی بھی شعبے سے
منسلک ہو اس کا مثبت رویہ، طریقہ کاراسےاور سامنے والے کے لیے سازگار ماحول تشکیل دینے میں معاون ثابت ہوتا ہے۔مثلاً ڈاکٹر کے مثبت رویے سےمریض کی آدھی بیماری ختم ہو سکتی ہے،ختم نہ بھی ہوتو یقیناً اس کی تکلیف میں کمی آسکتی ہے۔استاد جوکہ روحانی والدین کا درجہ رکھتے ہیں ان کامثبت ومشفق رویہ شاگردوں کی اصلاح وحصول علم کے لیے معاونت کا ذریعہ بنتا ہے،جبکہ استاد چاہے کتنا ہی قابل ہواس کا تلخ رویہ شاگردوں پرگراں گزرتا ہے۔
ایسے اساتذہ سےشاگرددوربھاگتے ہیں۔میراایک طویل عرصہ سےدرس وتدریس سےتعلق ہے۔میرایہ مشاہدہ و تجربہ ہےکہ استاد کی اپنے مضمون میں مہارت قابلیت وگرفت کےساتھ ساتھ اس کا مثبت رویہ طلبہ کی توجہ کا باعث بنتا ہے (معذرت کے ساتھ) کم ذہانت رکھنے والے طلبہ بھی اپنے مذکورہ بالا خوبیوں سےآراستہ استاد کےمضمون میں نہ صرف دلچسپی رکھتے ہیں بلکہ بہترین کارکردگی کا مظاہرہ بھی کرتے ہیں۔ اسی طرح گھر کےسربراہ یا کسی بھی محکمے کے سربراہ میں بھی یہ خوبیاں ہوں تو سامنے والا ماتحت سکون کے ساتھ اپنی کارکردگی انجام دے سکتا ہے۔ دوسری صورت میں وہ ڈر ڈرکر شاہد اپنےفرائض توانجام دے ڈالے لیکن بے دلی اور مجبوری کےساتھ مثلاً اکثر ساسیں جوچاہے بہترین ہی کیوں نہ ہوں ان کا ظاہری تلخ رویہ ان کی بہوؤں کو نہ صرف ان سے دور کر دیتا ہے بلکہ گھر کے ماحول میں بھی ایک تلخی کشیدگی اور بے چین فضا کو جنم دیتا ہے۔ ایک خاتون نے بڑے فخر سے یہ بات کی کہ میری ایک آواز پرمیری تینوں بہویں ڈراورسہم جاتی ہیں اسی وجہ سے میرے گھر کا نظام بہترین چل رہا ہے۔ آپ بتائیں کہ یہ انداز اور یہ رویہ اس گھر کے ماحول کے لیےکس طرح اچھا ہو سکتا ہےاوراس گھر کے بچوں کے لیے آنے والے وقت میں کس طرح پر اثر ہو سکتا ہے؟ جبکہ مذکورہ بالا خاتون اپنے متوازن مثبت رویے سے گھر کے نظام کو نا صرف بہتر بنا سکتی ہیں بلکہ پورےگھرانے کےلیے ایک پرسکون ماحول بھی تشکیل دے سکتی ہے۔
میرے دین اسلام کی تعلیمات میں بھی اس چیزکو بڑی اہمیت دی گئی ہے آپ صل اللہ علیہ والہ وسلم اور صحابہ کرام کا رویہ ہر موقع پر چاہیے گھر ہو یا گھر سے باہر ہو ایک متوازن ومثبت رویہ سامنے والے کے ساتھ رہتا تھا جس کے مثبت نتائج ہم سے پوشیدہ نہیں ۔ہم بھی اس خوبی سے اپنی شخصیت کو آراستہ کرکے اپنے لئے اور دوسروں کے لیے سکون کا باعث بن سکتے ہیں۔




















