
افروز عنایت
چاروں سہیلیاں بظاہر ایک خوش وخرم زندگي گزار رہی تھیں ۔ ہنسنا بولنا قہقہے لگانا گھومنا پھرنا یعنی ہر قسم کی آزادی تھی لیکن دورکہیں اداسی کےسائےضرور منڈلا رہے
تھے۔ خاص طور پر جب چاروں تنہائی میں اکیلےملتیں توان کے اندر کا موسم بولنےلگتا خزاں رسیدہ پتوں کی چرچراہٹ سنائی دیتی۔
آج بھی وہ کافی دنوں کےبعد ثمینہ کے گھر جمع ہوئی تھیں۔ بھابھی اپنے بھائی کی شادی پرشوہراوربچوں کے ساتھ لاہورگئی تھیں ۔امی آج صبح ہی ان کے بھائی آئے تھے ان کے ساتھ بڑی بہن کی عیادت کے لئے گئی تھیں ۔یوں سمجھوکہ میدان صاف تھا۔
وہ چاروں بہت اچھی دوست تھیں پانچ چھ سال سےایک دوسرے کوجانتی تھیں لیکن کبھی ایک دوسرے کی ذاتی زندگی میں جھانکنے کی کوشش نہیں کی،لیکن آج نرمین اپنی اداسی کو زیادہ دیر چھپا نہ سکی۔
انیلہ۔۔۔۔۔۔ نرمین طبيعت صحيح ہے۔۔۔کچھ۔۔۔ میرامطلب ہے کچھ اداس لگ رہی ہو۔ابوکی طبیعت تو صحیح ہے؟؟؟
نرمین ۔۔۔۔۔۔ بس یار سب صحیح ہے۔ کل دعوت میں پورا خاندان جمع تھا (وہ اپنی اداسی کو زیادہ دیر چھپا نہ سکی)۔
ماشاء اللہ سب سے ملاقات ہوئی سب کےہنستے مسکراتے چہرے۔۔ (اس کی آواز کہیں دور سےآتی محسوس ہورہی تھی) شاہدہ بھی کینڈا سے آئی ہے ، اپنے بیٹے اور شوہر کے ساتھ۔۔۔۔۔ صہیب اورشاہدہ دونوں کے چہرے خوشی سے دمک رہے تھے۔
امبرین ۔۔۔۔۔۔ یہ صہیب شاید وہ ہی تمہارا کزن؟؟؟
نرمین ۔۔۔ ہاں۔۔۔۔ امی ابو نے اس کی غربت کی وجہ سےاسےٹھکرا دیا تھا ابو کواپنی آفیسری پربڑا گھمنڈ تھا تائی اماں تین مہینےتک انتظار کرتی رہیں۔۔۔۔۔ پھر بس ابو امی کو یہ فکر تھی کہ تایا کی بڑی فیملی ہے۔ مکان بھی کرائےکاہے۔ صہیب بڑا بیٹا ہے ساری ذمہ داری اس کے کاندھوں پر ہوگی۔ وہ ہماری بیٹی کو خوش نہیں رکھ سکے گا۔ تین مہینے انتظار کرنے کے بعد چھوٹی پھپھو نے خود اپنی بیٹی شاہدہ کے رشتے کی بات صہیب کے لئے چلائی۔۔۔۔۔۔۔۔ دوسری طرف امی اپنی بہن کے بیٹے کے رشتے کا انتظار کر رہی تھی جس نے امریکہ میں ہی شادی کرلی، پھر خوب ترسے خوب تر کے انتظار میں وقت ہاتھوں سے نکلتا گیا۔
ثمینہ ۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔ (جو نرمین کی کولیگ بھی تھی) ہم چاروں کا دکھ یکساں ہےاس میں ہم سب کا اپنا بھی قصور ہے۔مجھے دیکھو جنید کے ساتھ کے صرف چار مہینے کے بعد میں نے خلع لے لی۔
(ثمینہ کی بات سن کرتینوں سہیلیوں کےمنہ سے ایک ساتھ نکلا۔۔ اوہ ہو۔۔۔۔۔ ہمیں یہ تو یہ بات معلوم نہیں تھی)
ثمینہ ۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔ کیسے معلوم ہوتی۔ میں نے کبھی تم سب کو بتایا ہی نہیں۔
انیلہ ۔۔۔۔۔۔۔ بہت افسوس ہوا یہ جان کر لیکن یہ سب کچھ کیسے اورکیوں (اسے سمجھ نہیں آرہا تھا کہ اپنی دوست سے کیسے پوچھے)
ثمینہ ۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔ بس اپنی ضد اورہٹ دھرمی سے میں نےجنید کو کھو دیا (اس کی آواز میں درد جھلک رہا تھا) جنید بہت اچھا انسان تھا مگرمیں۔۔۔۔۔۔ میں اپنی مرضی کی زندگی جینا چاہتی تھی۔ اکیلے صرف جنید کےساتھ۔۔۔۔۔ اصل میں میرے آس پاس میری دوکزنز جو میری بچپن کی سہیلیاں بھی ہیں ان کی شادی ہوئی تو ان کاسسرال دوسرے شہرمیں تھا وہ بڑی آزادانہ زندگی گزاررہی تھیں جب وہ اپنے خوشحال اورخوش گوار زندگی مجھ سے شیئرکرتی تو میں نے بھی وہی خواب دیکھنےشروع کر دئیے۔
مجھے اپنے سسرال کی وہ پابندیاں بالکل زہر لگتیں۔ وقت پر اٹھنا،گھر کے کام یہاں جاو وہاں نہیں جانا وغیرہ، بس پھر میری ایک ہی ضد تھی مجھے الگ رہنا ہے۔۔۔ میں سمجھتی تھی کہ جنید مجھ سے بہت پیارکرتے ہیں وہ میری بات مان لیں گے، لیکن وہ بڑھاپے میں والدین کو اکیلا چھوڑنےپرراضی نہیں ہوئے۔۔۔ پھر میں نے اس سے خلع لے لی ۔
نرمین ۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔ اتنی سی بات پر؟؟
ثمینہ ۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔ ہاں اتنی سی بات پر۔ اس بات کی سزامیں ابھی تک بھگت رہی ہوں۔ اس کے بعد بہت سے رشتےآئے لیکن۔۔۔ڈھنگ کےنہیں تھے۔ نہ میرے مزاج کے۔ (ثمینہ نے آنکھوں میں آئے ہوئےآنسووں کو اپنی ہتھیلی سے صاف کیا۔ ماحول بڑا اداس ہوچکا تھا۔
امبرین ۔۔۔۔ (جو کافی دیر سے خاموش اپنی سہیلیوں کی باتیں سن رہی تھی) اورمیں نے اپنے بہن بھائیوں کےلئے اپنی زندگی کے حسین دن کھو دئیے(تینوں سہیلیاں سوالیہ نظروں سے اسے دیکھنے لگی) ابا کےانتقال کے بعد اماں اور دونوں چھوٹے بہن بھائیوں کا واحد سہارا میں ہی تھی۔ میری ملازمت سے گھرکی گاڑی چلنے لگی دونوں چھوٹے بہن بھائی اپنی تعلیم میں مصروف رہتے۔ گھر، امی ، ملازمت بس یہی میری روٹین تھیں۔ کبھی اپنے بارے میں سوچا ہی نہیں۔ اس طرح وہ دن میرے ہاتھ سے نکلتے گئے۔ بھائی کو ملازمت مل گئی تو اماں کو میری فکر لاحق ہوگئی لیکن اب رشتے میرے نہیں نوشین کےلیے آنے لگے میرے لئے زیادہ سے زیادہ رنڈوے یا طلاق یافتہ ادھیڑ عمر کے مردوں کےلیے آتےلہٰذا میں نے اماں سے نوشین کی شادی کا تقاضٓا کیا کہ کہیں اس کی بھی شادی کی عمرنہ نکل جائے۔
نوشین اور سہیل کی شادی کے بعد اماں تو اس دنیا سےمیری شادی کا خواب دل میں لئے رخصت ہوگئیں اور میں اب اس عمر میں کسی ذمہ داریوں کو اٹھانے کی لائق نہیں رہی۔ بہت تھک گئی ہوں۔مزید بوجھ نہیں اٹھا سکتی۔ نوشین اورسہیل چاہتے ہیں کہ میں شادی کروں، لیکن چھوڑو۔
امبرین ۔۔۔۔۔۔ لمبی سانس لیتے ہوئے ۔۔۔۔۔ زندگی کے کھیل بھی بڑے عجیب ہوتےہیں ۔ وقت گزرنے کےساتھ ساتھ اس کا احساس کچھ زیادہ ہی ہوتا ہے کہ یہ کیوں ہوا( کچھ سوچتے ہوئے کہ کہاں سے اپنی کہانی شروع کروں)
دیکھا جائے تو میں خود قصور وارہوں لیکن اماں مجھے وہیں سختی سے روک دیتی تو شاید نوشاد ہمارے محلے کا پڑھا لکھا اوربہت اچھی فیملی سے تعلق رکھتا تھا ۔ یہ نہیں کہ ہم لوگ کوئی گرےپڑے تھے لیکن وہ اپنے والد کے ساتھ ایک بڑے بزنس کا مالک تھا۔ محلے میں کہیں آتے جاتے ہم لوگوں کی مڈبھیر ہوجاتی تھی ۔ اس کی آنکھوں میں اپنے لیے پسندیدگی کی جھلک دیکھی تومیں بھی پیچھے نہیں ہٹی ۔ ایک دوسرے کو مسکرا کر دیکھنے سے بات آگے بڑھی تو فون پربات ہونے لگی۔
دونوں بہنوں کی شادی ہوچکی تھی دونوں بھائی اپنی اپنی ملازمت پر چلےجاتے۔ اماں کو پڑوس کے گھروں میں آنے جانے کا بڑا شوق تھا اس طرح اکیلے گھر میں مجھے کافی وقت نوشاد سے بات کرنے کا موقع مل جاتا۔ اس طرح یہ سلسلہ چل پڑا ہم دونوں کی دوستی محبت تک پہنچ گئی ۔ میں سارا دن اسی کی یادوں میں کھوئی رہتی ایک دن اماں کی موجودگی میں نوشاد کا فون آیا ۔ اماں کوپتہ چل گیا ۔ اماں کے پوجھنے پرمیں نے نوشاد کے بارے میں بتا دیا لیکن میں نےدیکھا کہ اماں میرے اندازے کےمطابق ناراض نہیں ہوئیں بلکہ صرف اتنا کہا تیرے بھائیوں کو پتہ چلا تو تیری ٹانگیں توڑدیں گے۔ کچھ دنوں کے بعد میرے لیے ایک رشتہ آیا صحیح لوگ تھے۔ لڑکے کی ملازمت بھی اچھی تھی اماں نے میری رائےجانی تومیں چپ ہوگئی ،میرے دماغ پرتو نوشاد کے عشق کا بھوت سوارتھا۔ آخراماں نے کہا تمہاری دوستی کو ایک سال ہوگیا ہے۔ اس سے پوچھ کب اپنے گھر والوں کو بھیج رہاہے۔
میری بات سن کر نوشاد نے وعدہ کیا کہ دونوں بہنوں کی شادی چند مہینوں کےبعد ہے ان کی شادی کے بعد ہی میں اپنی امی سے بات کروں گا۔محلے داری کی وجہ سے ہمیں بھی شادی کا بلاوا آیا اس گھرانے کے ٹھاٹ پاٹ دیکھ کراماں کے منہ میں بھی پانی آگیا میرے تو زمین پر پاؤں نہیں ٹک رہے تھےکہ میں اس گھرانے کا حصہ بننے والی ہوں لیکن چند مہینوں کے بعد نوشاد کی شادی کا کارڈ میرے ہاتھ میں تھا۔ اماں حیران کہ یہ کیا ہوگیا میں روئی پیٹی نوشاد سےملی ۔ اس نے بھی روتی صورت سے بتایا کہ میرے والد زبردستی اپنی بھانجی سےشادی کروارہے ہیں تم فکر نہ کرو یہ شادی صرف ابو کی خوشی کے لئے کررہا ہوں لیکن میں اپنی والدہ کوبتا چکا ہوں کہ میں امبرین سے ہر صورت میں شادی کروں گا ۔ وہی میری زندگی ہے۔ امبرین میری والدہ ہمارے ساتھ ہے اس نے ہم دونوں کی شادی کے لیے وعدہ کیا ہے۔ میں تمہارے بغیر زندہ رہنے کا سوچ بھی نہیں سکتا۔
نوشاد کی باتوں سےمجھے ڈھارس ملی۔ میں نوشاد کی محبت میں اتنا آگےبڑھ چکی تھی کہ پیچھے ہٹنانا ممکن تھا۔ شروع میں تواس کے فون بھی باقاعدہ آتےرہے پھر یہ سلسلہ کم ہوتا گیا لیکن ہربار وہ مجھے نئی امنگیں دلاتا۔ اس دوران میرے لئے کچھ اچھے رشتے بھی آئے لیکن میں انکار کر دیتی میرے گھر والے میری اس بات سےسخت ناراض ہوئے۔ میں جب بھی شادی کا سوچتی نوشاد کی آواز میرے کانوں میں گونجتی کہ یہ شادی میں مجبوری سے کررہا ہوں مگر میری محبت زندگی بھرتمہارے ساتھ رہے گی۔
مجھ بے وقوف نےاس کے سپنوں کے سہارے زندگی بھرگزارا کرنےکا فیصلہ کرلیا۔اس کی شادی کےچند سال بعد مجھےایک مرتبہ بڑی بہن کےساتھ بازار جانے کا اتفاق ہوا واپسی میں ہم دونوں ایک ہوٹل میں چائےپینے کے لیے پہنچے۔ چائے کے سپ لیتے ہوئے ایک جانی پہچانی آوازمیرے کانوں سے ٹکرائی۔۔۔۔ نگہت تم میری پہلی اور آخری محبت ہو میری زندگی صرف اور صرف تمہارے لیے ہے۔ آج ہماری شادی کی پانچویں سالگرہ ہے۔یہ یادگاردن میں صرف اکیلے میں تمہارے ساتھ گزارناچاہتا تھا ۔ اسی لئے بچوں کو بھی امی کے پاس چھوڑا۔ میں نے ترچھی آنکھوں سےپیچھے مڑ کر دیکھا ہاں یہ وہ نوشاد ہی تھ۔ اس کے جملے میرے منہ پرزور دار تھپڑ کی طرح تھے،جس نے مجھے میری روح تک کوزخمی کر دیا۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔ نوشاد کا اصلی روپ میری نظروں کے سامنے آگیا۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔ اس کے بعد مجھےمردوں سے ہی نفرت ہوگئی۔ کاش میں اس طرح اس غیرمرد کے چکر میں نہ آتی تو کہیں شادی کرکے آج دوبچو کی ماں تو بن چکی ہوتی۔ ایک گھرہوتا جس کی ٹھنڈی چھاؤں میں میرے لئے عزت اور وقار بھی ہوتا۔
انیلہ۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔ہم چاروں سےتوغلطی ہوئی ہے لیکن ہمارے اپنوں کی بھی غلطیاں تھیں۔ اس عمرمیں جاکر احساس ہوا ہے کہ ہمارے مذہب میں نکاح کیوں فرض اورسنت نبوی ہے۔ بظاہر ہم چاروں خوش ہیں لیکن ہمارے اندرچھپی کمی ہمیں بار بار ڈس رہی ہے ۔ ہم اندر کے اس درد کو چھپانے کے لئے نوکری بھی کررہی ہیں ، شاید گھر والوں سے فرار حاصل کرنے کے لئے بھی۔
میرے گھر کا ماحول اگرچہ زیادہ آزادخیال نہ تھا لیکن بےجا سختی بھی نہ تھی۔ اسی لئے جب میں نے یونیورسٹی میں داخلہ کے لیے امی سے کہا تو گھر میں سے کسی نے اعتراض نہ کیا۔۔ یونیورسٹی میں میری دوستی چند لڑکیوں سےہوگئی جو آزادانہ زندگی کی دلدادہ تھیں۔ زندگی سے بھرپورانداز میں لطف اندوزہوتیں ۔ان میں سےدو کے والدین کی تو طلاق ہوچکی تھی اورایک کے والدین اپنی زندگی کا بڑا حصہ امریکہ میں آزادی سے گزارکرآئےتھے۔ لہٰذا اس کی زندگی کا بھی زیادہ عرصہ وہیں آزاد ماحول میں گزرا تھا۔ اب وہ چندسال سےپاکستان میں آئی تھی ۔ اسی لئےاس پر ابھی تک امریکہ کا رنگ نمایاں تھا۔ یہ تینوں شادی شدہ زندگی کی سخت مخالف تھیں۔ صحبت کااثرتو لازمی ہونا ہوتا ہے۔
آہستہ آہستہ میں بھی ان کےرنگ میں رنگتی گئی۔ لڑکوں کےساتھ گھومناپھرنا ان کے ساتھ فلرٹ کرنا ہمارا مشغلہ تھا۔یونیورسٹی سے فارغ ہوئےتو ہم چاروں نےمختلف انٹر نیشنل کمپنیزمیں ملازمت شروع کر دی۔معقول تنخواہ پھرمکمل آزادی میں ہر آنے والے رشتے کو ٹھکراتی رہی۔ آخرگھر والوں نے بھی مجھے میرے حال پرچھوڑ دیا۔میری وہ دوست جوامریکہ سے آئی تھی وہ واپس امریکہ جا چکی تھی۔ میری طرح باقی دونوں دوست بھی ہرآنے والےرشتے کو ٹھکراتی رہیں ۔ میں جس کمپنی میں ملازمت کر رہی تھی وہاں کے باس مجھ پر بہت مہربان تھے۔میں بھی بحیثیت باس اوربزرگ کی حیثیت سے ان کی عزت کرتی تھی۔ مجھے اکثران کے ساتھ آفس سے باہر بھی میٹنگ وغیرہ میں جانے کا اتفاق ہوتا رہتا تھا۔ ایک مرتبہ ان کے اندرکا مرد سامنے آگیا۔ ان کی اس ناجائز خواہش پرمجھے نہ صرف غصہ آیا بلکہ میں نے اس ملازمت سے استفا دے دیا۔ میں آزاد خیال ضرورتھی لیکن ابھی میرے اندرشرم حیا موجود تھی۔ اس واقعہ سے مجھے بڑی اذیت پہنچی تھی، لہٰذا کچھ عرصہ تک تو میں گھر میں رہی لیکن گھر والوں کے کہنے کے باوجود شادی کے لئے حامی نہیں پھری۔ پھر اپنی عادت سےمجبور ایک تعلیمی ادارے میں ملازمت شروع کر دی۔ یہاں مجھے کچھ اچھے ساتھی ملے۔ان کی اچھی صحبت ملی تو میرے اندر کچھ تبدیلی آنا شروع ہوئی۔اس دوران کچھ شادی کے لیے رشتے آئے۔ ظاہر ہے 35 سال سےاوپر لڑکی کو 45یا 50 سال سےکم مرد کا رشتہ ملنا مشکل ہو جاتا ہے۔ ایک مناسب رشتہ دیکھ کر گھر والوں کے اسرار پر حامی بھری لیکن نکاح سےچند دن پہلےمعلوم ہوا کہ نا صرف وہ شادی شدہ بلکہ دو بچوں کا باپ تھا۔ اس واقعہ سےمرد پرسے اعتبار اٹھ گیا حالانکہ مجھے میرے اس تعلیمی ادارے کی بہنوں نے سمجھایا کہ نکاح عورت کے لئے تحفظ اور وعزت ہے۔یہ غلط تھا لیکن ضروری نہیں کہ ہرمرد بابر جیسا ہولیکن اب اس عمرمیں مزید دھوکا کھانے کی طاقت نہیں رہی لیکن آج ہم چاروں کی گفتگو سےایک بات واضح ہے کہ عورت کےلیے اپنا گھرہی اصلی پناہ گاہ اورخوشی کا ذریعہ ہے۔




















