
افروز عنایت
ناصرہ نےایک سرسری نظر لاؤنچ پرڈالی،ہرشےاپنی جگہ قرینے سےموجود تھی ،گھر بھی صاف ستھرا تھا اور صاف ستھرا کیوں نہ ہو گھر میں
اب وہ دو ہی توبندے تھے،وہ اور اس کا شوہر ، صفائی کرنے والی خاتون ہفتے میں دومرتبہ صفائی کرکے جاتی اسکی بھی کوئی خاص ضرورت نہیں تھی، ہفتے ڈیڑھ ہفتے بعد بیٹیاں چکر لگاتی ، ظاہر ہے ان سب کی بھی اپنی اپنی مصروفیات تھیں ، بیٹیوں کی شادیوں کے بعد گھر میں زیادہ تر خاموشی ہی رہتی تھی ،شکر شعیب کی شادی کے بعد اسکی دلہن اگئی تو کچھ رونق ہوگئی اور خاص طور پر اسکے بیٹے کی پیدائش پر وہ کتنی خوش تھی ،کیوں کہ پوتےکی وجہ سے گھر کی ساری رونقیں گویا واپس پلٹ آئیں تھیں،منےکی چڑیوں کی طرح چہچہاہٹ ،اس کےننھےننھےسےقہقہوں سےدروریواربھی چہک اٹھے تھے
ان ہی دنوں شعیب کاتبادلہ دوسرے شہرمیں ہوگیا،اس نے ماں باپ کو بھی وہاں شفٹ ہونےکےلئے زور لگایالیکن یہ سب اتنا آسان نہ تھا پھرسےگھر میں وہی سناٹا، وہی خاموشی،اس کی تنہائی کے ڈرسےاب تو اس کاشوہر اسلم بھی اپنا زیادہ وقت گھر پر گزارتا تھا لیکن جب بھی وہ گھرمیں تنہا ہوتی اپنےبچوں کے بچپن کو یاد کرتی اور ان کی چھوٹی چھوٹی شرارتیں یاد کرکے خود بخود مسکرا دیتی ۔
آج کتنےعرصے بعداسلم اپنے دوست کےساتھ کہیں گیا تھا یہ کہہ کر گیاکہ مجھے آنے میں کچھ دیر ہو جائے گی ، تم کھانا کھالینا۔ بھوک تواسے نہیں تھی لیکن پھر بھی اس نے فریج میں سےدوپہر والے سالن میں سے تھوڑا سا نکال کرمائیکروویومیں گرم کیا دوپہر کی بچی ہوئی روٹی سےجیسے تیسے دوتین نوالےکھائے ،نمازعشاء پڑھ کربستر پر اکر لیٹ گئی ،پھروہی سہانی سوچیں تھیں اوریادیں تھی جو اس کی تنہائیوں کوکم کرنے کی کوشش کرتی ۔
یہی گھر چند سال پہلے تک بچوں کی آوازوں سےگونجتارہتا تھا ،تھوڑی سی بات پر انکا لڑنا جھگڑنا ،یہ میرا ہے ، یہ تیرا ہے،تمہیں نہیں دوں گا۔ امی اپ نے اس چڑیل کو چوڑیاں بھی لےکر دی ہیں مجھے کچھ نہیں لیکر دیتی ہیں، (وہ بچوں کی باتیں یاد کرکے مسکرا دی )
اندر سے دوسری بہن چیختی ہوئی اتی ،امی اسےبھی لا دیتی چوڑیاں ،تو یہ پورا چڑیلا لگتا ، پھر دونوں بہنوں کے قہقہوں سے گھر چہچہا اٹھتا۔
امی دیکھیں اس نےمیرا پنسل باکس لے لیا۔ امی ابھی ایک کیس بھی حل نہ کرپاتی تو دوسراپیش کردیا جاتا۔
خدا کےلئےبس کرواب یہ لڑنا جھگڑنااب تم لوگ بڑےہوگئےہو،چھٹی کا دن توتم لوگ میرا سرکھا جاتے ہو،تم لوگوں کی توچھٹی ہی نہیں ہونی چاہیےاوراف کتنا گند پھیلایا ہے، تم تینوں نے،چلو آٹھو جھاڑولگاؤ تہنیت تم
امی میں نے صبح بھی لگائی تھی اب اس اپنی چہیتی نزہت کو کہیں
واہ میں کیوں لگاوں جھاڑو ، یہ شعیب سارا گند یہ پھیلاتا ہے ،اس لاڈلے سے کہیں وہ جھاڑو لگائے
وہ کروٹ بدل کر دوسری طرف منہ پھیر کر لیٹ گئی ۔
امی کیا پکایا ہے
ارے بھئی مرغی کا سالن بنایا ہے
نہیں مجھے برگر بنا کر دیں
امی مجھے بھی (پیچھے سے تہنیت چیختی)لیکن مجھے الو کاپراٹھا چاہیے ۔
سارا دن ان تینوں کے نخرے ہی ختم نہیں ہوتے تھے ، دن میں دوتین ڈشز اور الم غلم تو ضروربنانی پڑتی ہیں پھر بھی ان کی فرمائشیں ختم ہی نہیں ہوتی ، خیر ان کی وجہ سے دونوں میاں بیوی کو بھی اچھا کھانے کو مل جاتا تھا اور آج ایک سالن بنتا ہےتو تین دن تک چل جاتا ہے ،صرف پیٹ بھرنا ہی مقصد ہوتا ہے ۔
اب کوئی کھانے والا ہی نہیں نہ کوئی فرمائشیں کرنے والا _
وہ اپنے بچوں کی باتیں یاد کرکےلطف اندوز بھی ہورہی تھی اورآنکھوں میں آئی نمی کوانگلیوں کے پوروں سے صاف بھی کرتی جارہی تھی ۔
دل سے ایک اوازآئی
کتنے حسین دن تھےآگرچہ میرے سارے لمحے،خوشیاں محنت مشقت ،فکر سب انہی کےلئےتھیں لیکن اس تھکاوٹ میں بھی اس غصے میں بھی ایک سکون تھا،راحت تھی۔
رات کوتینوں بھائی بہن ماں باپ کے پاوں دباتےاوروہ انہیں کہانیاں سناتی تو سارے دن کی تھکن دور ہوجاتی تھی۔
وہ مسکرا دی یہ حسین یادیں ہی اب اس کا سرمایہ تھیں ،اس وقت دل کی گہرائیوں سے اپنے بچوں کے لئے دعائیں نکلیں اے مالک میرے بچوں کوحفظ و امان میں رکھنا زمانے کی گرم سرد ہواؤں سے بھی بچا کررکھنا۔
فون کی گھنٹی پر وہ فورامتوجہ ہوئی ،یقینا شعیب کا فون ہوگا۔
سلام علیکم امی کیسی ہیں ۔
بالکل ٹھیک ،بیٹے کی اواز سن کر اس کے چہرے سے ساری اداسیاں مٹ چکی تھی وہ ہنس ہنس کر سب کا حال احوال پوچھ رہی تھی ،چند لمحے پہلے والی ناصرہ کو اس نے کہیں چھپا دیا تھا کہ اس اداس ماں کو دیکھ کر اس کا بیٹا نہ اداس ہوجائے، شاید اسی کو ماں کی ممتا کہتے ہیں۔




















