
افروز عنایت
جی ہاں ہم بےبس ہی تو ہیں ،ہم سے اپنے ملک کے حالات نہیں سدھر سکتے تو ہم اپنے فلسطینی بھائیوں کی کیا مدد کریں گے۔ کیا میں نے غلط کہا ؟
یقینا میری بات سے اکثریت متفق ہوگی ۔ آج ہرمحب وطن پاکستانی حالات سےرنجیدہ ہے ۔ نئی نسل جو ملک کی معمار سمجھی جاتی ہے اپنے خوشحال مستقبل کے لئے بیرون ملک کی طرف رواں دواں ہے۔
صرف غریب طبقہ ہی پریشان نہیں بلکہ ہربندہ دکھی ہے۔
حافظ نعیم صاحب
کا بیان سننےکا موقع ملا جوباتیں بھی انہوں نےفرمائی ہیں سوفیصددرست ہیں ۔ ہمارے وطن عزیز کا ہرمحکمہ اورادارہ اس وقت خصوصی توجہ کا محتاج ہےجیسا کہ انہوں نے پاکستان کے سرکاری تعلیمی اداروں کے بارے میں بتایا ہمارے سرکاری تعلیمی اداروں کی حالت زار سے ہر کوئی واقف ہے ، کسی بھی ملک اور وہاں کے معاشرے کے استحکام اور ترقی کے لئے
سب سے اہم ضرورت تعلیم حاصل کرنا ہےجس کی وجہ تعلیمی ادارےخاص اہمیت کے حامل ہیں جبکہ حکومت اس سے بالکل غافل ہے۔ دنیا کے تمام ممالک میں تعلیم اور تعلیمی اداروں کو خصوصی اہمیت حاصل ہے اورحکومت کی طرف سے ان اداروں میں مفت اور معیاری تعلیم کا خاص انتظام ہےلیکن پاکستان میں جوسرکاری اسکول ہیں کیا وہ اس قابل ہیں کہ والدین ان سے مطمئن ہوں ۔ سرکاری اسکولوں میں غریب مجبورہوکراپنے بچوں کو تعلیم دلوا رہے ہیں لیکن متوسط طبقہ اپنا پیٹ کاٹ کر ،جائدادیں فروخت کرکے اپنے بچوں کو پرائیویٹ تعلیمی اداروں میں پڑھانے پر مجبورہیں۔
ایک متوسط طبقے کی ایک ماں سےاس سلسلےمیں بات ہوئی جس کےبچے آج اعلی تعلیم یافتہ ہیں اس نےبتایا کہ سرکاری اسکولوں کی زبوں حالی کی وجہ سے مجبوراً ہم دونوں میاں بیوی نے سخت محنت جدوجہد کرکے خود بھوکےپیاسےرہ کر بچوں کو پرائیویٹ تعلیمی اداروں میں تعلیم دلوائی ۔اس سلسلے میں جوزیور یا جمع پونجی تھی سب خرچ ہوچکی لیکن اللہ کا شکر ہے کہ بچوں کا مستقبل بن گیا ہے۔
جی ہاں اگران سرکاری تعلیمی اداروں کی کارکردگی کو معیاری اور صاف ستھرا بنایا جائے تو ہر طبقے سےتعلق رکھنے والےوالدین ان اسکولوں کوترجیح دیں اوراپنے بچوں کو فخر سے یہاں تعلیم دلوانا پسند فرمائیں گے اوروطن عزیزمیں یہ صرف تعلیمی اداروں کی کارکردگی ہی پریشان کن نہیں بلکہ ہر ادارے کا یہی حال ہے ،یعنی چاروں طرف مسائل ہی مسائل ہیں۔
حکومت نےہمیں اپنے ملک کے اندر کےمسائل میں اس قدر الجھا دیا ہے کہ ہم ایٹمی طاقت ہونے کے باوجود سنجیدگی سے ارض مقدس کی طرف سے بھی غافل ہیں اور یہی حکومت چاہتی ہے۔ اس وقت کم ازکم حکومت ملک کے اندرونی مسائل کی جانب تو متوجہ ہو خصوصاً تعلیمی اداروں کی جانب تو خاص توجہ دینا انتہائی ضروری ہے، نہ صرف تعلیمی اداروں کی کارکردگی بلکہ وہاں کے تقدس کو قائم رکھنے کے لئے پاکیزہ ماحول کے لئے بھی اقدامات کرنے چاہئیں کیونکہ یہی نوجوان ہمارے ملک کے معمار اور سرمایہ ہیں ، ان ہی سے ملک کا وقارقائم ہوسکتا ہے،اگرانہیں صاف ستھرا اورپاکیزہ ماحول ملے گا تو یقیناً یہاں پاکیزہ معاشرہ تشکیل عمل میں آئے گا۔




















