
ندااسلام
والدین کی تربیت کیوں ضروری ہےجبکہ سکھانےکی ضرورت بچوں کوہے۔یہ بالکل ایسا ہےجیسےاستاد کوبھرتی کرنےسے پہلےصرف نصاب کا فہم دینا
ضروری نہیں ہوتا بلکہ بچوں کی نفسیات سےلے کرگروپ ورک کےاصول وضوابط بھی سکھائے جاتے ہیں۔
ہم دیکھتےہیں کہ پاکستان میں گھریلو نظام عموماًمشترکہ ہے،جب ہم والدین کی تربیت کی بات کرتے ہیں تو اس سےمراد صرف یہ نہیں ہوتی کہ والدین اپنی اچھی خصوصیات بچوں میں کیسےمنتقل کریں اوربری عادات ترک کرنے میں کیسے کامیاب ہوں بلکہ ایک بھر پور سیریزاس بات کی متقاضی ہوتی ہے کہ والدین مشترکہ نظام میں تربیت اولاد کا فریضہ کیسے نبھائیں۔
ہم دیکھتے ہیں کہ بڑی اچھی سوچ رکھنےوالےاورعمل خیر کے حریص والدین اس چومکھی محاذ میں حیران و پریشان دکھائی دیتےہیں اوراپنی طبیعت اور مزاج کے برعکس جب بچوں کو سیکھتے دیکھتےہیں توسمجھ نہیں پاتے کہ کیا لائحہ عمل اختیار کریں کہ رشتے بھی بخوبی نبھائیں اوربچوں کو کوئی پلیٹ فارم دینےمیں بھی کامیاب ہو جائیں۔
بے شک آپ دونوں والدین ہی بچوں کے نگران ہیں، راعی ہیں اور آپ سے آپ کی رعیت کےبارے میں پوچھا جائے گامگر جب مشترکہ خاندانی نظام میں دوسرے رشتے بھی موجود ہوں اورگھریلو فضاء تناؤ کا شکار... تو یقیناً ایسی صورتحال چیلنج بن جاتی ہے۔حکمت کا تقاضا ہے کہ ہر ایسے موقع پرجب کہ آپ کو اشتعال دلانے کے حربے استعمال کر کے دوسرے اپنی مطلب برآوری کر رہے ہوں یامن موجی کررہے ہوں اور بچوں کو گھریلو سیاست کا آلہ کار بنا رہے ہوں تو اچھی تربیت کا کمال یہ ہوتا ہے کہ آپ اشتعال میں آ کر دوسروں کو خوش ہونے کا موقع نہیں دیتے۔۔۔۔ سوال اٹھتا ہے کہ ہر ایسے موقع پرکیا کریں جب آپ کے مزاج کے برخلاف آپ کوکھلایا جائے، سکھایا جائے۔
آپ کو ذہن نشین کر لینا چاہیےکہ بچے اللہ کی امانت ہیں ،ٓاب امانت میں خیانت کےمجرم آپ نہیں بننا چاہتےتو ایمانداری سے ہرایسے موقع پر جائزہ لیں کہ آیا یہ میرے بچے کے حق میں بہتر ہے یا نہیں... اگر بہترہے تو شکر کریں خواہ آپ کو کتنا ہی زچ کر کے کوئی اپنی من مانی کر رہا ہو۔ اگر بہتر نہیں اورآپ فساد کے خوف سے کچھ کہنا بھی نہیں چاہتے اورصبر بھی نہیں کر پا رہے تواللہ سےاستعانت طلب کریں۔ یقین مانیں رجوع الی اللہ آپ کو الجھنوں سے محفوظ رکھے گا اورسب سے بڑی بات یہ کہ آپ ذہنی سکون اور اطمینان سے بھر جائیں گےاور یہ وہ چیز ہے جو آپ کو ذہنی انتشار سے بچائے گی اور آپ اپنے بچوں کو سنجیدگی،برباری اور متانت سے قائل کر سکیں گے، رشتوں سے متنفر کیے بغیر آپ اپنے ڈھب پر بچوں کو چلا سکیں گے۔




















