
زرینہ انصاری
اَیَّامٍ مَّعۡدُوۡدٰتٍ
گنتی کے چند دن ہی ہیں
شعبان کا مہینہ آتےہی امت مسلمہ پرجیسے ایک جوش اور ولولہ سا طاری ہونے لگتا ہے۔ ہر طرف ایک ہی آواز سنائی دیتی ہے رمضان کا مہینہ آنے والا ہے ۔ ماہ مبارک کی آمد ہے گھروں کی صفایاں اور سجاوٹیں ، نئےبرتن ، نئے پردے نئی چادریں سب کچھ نیا ہوجائے مسجدوں میں رنگ و روغن ، نئے قالین ، روشنی اور ہوا کے بہترین انتظامات۔ جوں جوں دن قریب آتے جاتے ہیں جذبے ہواٶں سے بھی زیادہ تیزہوجاتے ہیں۔
رمضان المبارک کا مہینہ شروع ہوتے ہی ماحول پررونق اور بابرکت ہوجاتا ہے ،ایک طرف روزہ اور دوسری طرف کھانے پینے کی اشیاء کی بھرمار مہنگائی کےباوجود ہر فرد اپنی قوت خرید کےمطابق اپنے گھر والوں کے لیے کچھ نہ کچھ سوغات ضرور لےکر جاتا ہے، ویسے بھی ماہ مبارک کا استقبال کرنے والے دو طرح کے لوگ ہوتے ہیں،ایک وہ ”اے ایمان والو! تم پر روزے فرض کیے گئے ہیں جیسے ان پر فرض کیے گئے تھے جو تم سے پہلے تھےتاکہ تم پرہیز گار ہو جاؤ“ اور یہی وہ لوگ ہیں جو پہلے ہی دن سے مشقت میں لگ جاتے ہیں، دن میں دورہ تفسیر رات میں تراویح میں شرکت اوردوسرے وہ لوگ جو ماہ مبارک کی تمام رونقیں سمیٹنےمیں لگ جاتے ہیں کہیں یہ راتوں کو جاگ کر محفلیں جماتے ہیں۔ کہیں گلیوں محلوں میں کرکٹ کے میچ تو کہیں اور کچھ اور مصروفیت یہ بھی ایک مشقت ہی ہے مگر دونوں مشقتوں میں اللہ تعالٰی کو کونسی مشقت پسند ہے اور کس کا کتنا اجر ملے گا، اس کے علاوہ ایک اور جنس بھی ہے جو گھر میں رہتےہوئے بچوں اور شوہر کے نام پر روزانہ کی بنیاد پر نئے نئے مینو تیار کرکے مزے مزے کے افطارتیار کرتی ہے، دہری مشقت کرتی ہے۔
تاجر دوگناسےچارگنا میں اپنا مال فروخت کرتا ہے۔ مشقت کرتا ہے۔ "گنتی کے چند ہی دن" ہیں، آج کونسا روزہ ہے ؟پہلا ، دیکھو پہلا عشرہ مکمل ہوا اور پتہ ہی نہیں چلا آخری عشرہ شروع ہو چکا ہے۔ اب تو بلکل بھی وقت نہیں۔
نبی مہربانﷺ آخری عشرہ میں کمر کس لیتے تھے خود بھی جاگتے تھے اوراپنے گھر والوں کو بھی جگاتے تھے کیونکہ یہ گنتی کے چند دن تذکیر، تزکیہ نفس کے لیے ایک تربیتی کیمپ ہے ۔اس تربیتی کیمپ میں جو اخلاص نیت کے ساتھ داخل ہوا، وہ فلاح پاگیا۔
نبیﷺ نے ارشاد فرمایا: جس شخص نے ایمان اور احتساب کےساتھ رمضان کا روزہ رکھا اس کے پچھلے گناہ معاف کردیے جاتے ہیں اورگناہ صرف اس کے معاف ہوتے ہیں جو مشقت کرے گا، گنتی کےان چند دنوں کی اس تربیت گاہ سے صرف وہی لوگ مستفید ہو سکتےہیں جو ایمان اخلاص اور احتساب کے ساتھ اس تربیت گاہ میں داخل ہوں گے۔ رہے وہ لوگ جودن بھربھوکے پیاسے رہیں گےاور راتوں کو قیام کی مشقت جھیلیں گےمگر ان کو سوائے دن کی بھوک پیاس اورراتوں کےرت جگوں کےسواکچھ بھی حاصل نہیں ہوگا کیونکہ وہ ایمان اور احتساب سے خالی ہوگا۔




















