
صائمہ وحید
میں ایک کامیاب لکھاری،صحافی،ہوں۔۔مجھےمیرے رب نے خدادادصلاحیت اورذہانت سے نوازا ہےکہ جب میری انگلیاں قلم تھام لیتی ہیں۔ کسی بھی واقعے
کی ایسی تشہیر کرتا ہوں۔۔ وہ ذہن پر نقش ہو جاتا ہے کہ بس۔۔یہی سچ ہے۔
بڑے بڑے وزراء، امراء اپنی عوامی خدمت کی داستانیں رقم کرانے کے لئے مجھے طلب کرتے ہیں۔ان کی بدعنوانی پرپردہ ڈالتے ،ان کے غلط موقف کی تائید میں لکھتے۔۔ کبھی میرا دل مجھے ملامت کرتا،میری انگلیاں قلم تھامے ساکت ہوجاتیں۔
مگر پھرعادی ہوگئیں۔ بھاری لفافے،مراعات۔سے۔۔ میرا ہرکام آسانی سے ہوجاتا ہے۔ معاشرے ،خاندان میں ایک اعلیٰ مقام ،عزت ہے۔ بڑی بڑی محفلوں میں مجھے خصوصی دعوت دی جاتی ہے۔۔ میرا خاندان ،بیوی بچے سب مجھ سے خوش رہتے ہیں۔۔ بچے باہر اعلیٰ تعلیم حاصل کررہے ہیں۔ابھی چند دن قبل میرے دوست عظیم نے ایک وزیر کی کرپشن بے نقاب کی تھی۔
چند دن بہت شوررہا۔اسے سراہا بھی گیامگر کرپشن کے خلاف کوئی کارروائی نہیں ہوئی ۔ نہ وزیر کو سزا ہوئی ۔۔ البتہ میرا دوست حق اور سچ لکھنے کی پاداش میں لاپتا ہوگیا۔۔ اس کےاہل خانہ بہت پریشان تھے۔ پریس کلب پر اس کی بازیابی کے لئے مظاہرے ہوئے۔۔عدالت میں کیس چلا۔ تب بھی دو ماہ بعد وہ بہت لاغر بری حالت میں گھر واپس آیا مگر میرے لاکھ سمجھانے پربھی اس نے اپنا راستہ نہ بدلااور ملک کو لوٹنے والی مافیا کے خلاف اس کی انگلیاں قلم کی حرمت کی پاسباں بنی رہیں۔۔ چند ماہ بعد اس کی تشدد زدہ لاش ملی ہے۔
میرا دل بہت رنجیدہ ہےبمشکل نیند مہربان ہوئی تھی کہ وہ پھرمیرے خواب میں آگیا ۔۔اس کے زخموں سے خون بہہ رہا تھا۔۔۔ مگر اس کے خون کی خوشبو بہت مسحور کن تھی۔ اس کا چہرہ پر نوراورمطمئن تھا۔
عظیم سےسوال جواب ہورہےتھے۔اس کے منہ پر مہر تھی۔۔مگرانگلیاں بول رہی تھیں ۔عظیم کے داہنی طرف تیز روشنی میں نے محسوس کیا ، یہ روشنی اس کے ہاتھ کی انگلیوں سے پھوٹ رہی تھی۔میں محو حیرت تھا۔۔ پھر اس کے لئے جنت کا فیصلہ ہوا تھا۔اور سفید نورانی فرشتوں کے ساتھ وہ مسکراتا ہوا جنت میں غائب ہوگیا۔
اس جنت کےدوسری جانب جہنم دہک رہی تھی۔۔۔آگ کےبلند چیختے چنگھاڑتے شعلے ۔۔اور ذدر اونٹوں کی مانند اچھلتی چنگاریاں تھی۔۔
اب میرا ہی نام پکارا جارہا تھا
میں سخت دہشت زدہ تھا
میری آنکھ کھل گئی تھی
میں نے ماتھے سے پسینہ صاف کیا اور اپنی سیاہی مائل انگلیوں کو دیکھنے لگا
نوٹ : ایڈیٹرکا بلاگر کے خیالات سے متفق ہونا ضروری نہیں ( ادارہ رنگ نو)




















