
مسرت جبیں / لاہور
رمضان رحمتوں برکتوں کا فیضان لیےہم مسلمانوں پہ امت محمدیہ پہ سایہ فگن ہے۔سب دن اللّٰہ کے سال کےبارہ مہینوں میں یہی ایک خاص مہینہ
ہے۔جسےخصوصی فضیلت حاصل ہے۔رمضان رحمتوں برکتوں اوربخشش کی نوید لاتا ہے۔ ہم لذت دنیا میں مدہوش، اپنی ہی خواہشات کےغلام گردشوں میں کھوئےہوئے ۔ہمارےدل زنگ آلود ہوجاتے ہیں۔ایمان کی کمزوری عمل صالح کی سست روی ۔جب بہت زیادہ بڑھ جاتی ہےتو میرااللّٰہ اپنی رحمتوں کے در وا کر دیتا ہے۔
ایسے میں رب رحیم رمضان کی رحمتوں بھری پھوہارسےمومن کےدل کی زمین ہری بھری کر دیتے ہیں ۔رمضان المبارک انعامات کی بارش لیے دھرتی کو جھل تھل کرتا ہے۔یہ ہے میرے رب کا انعام، نیکیوں کا موسم بہار ۔
ہرسواللّٰہ اکبراسی کی کبریائی اسی کی حمد وثناء مساجد میں خالی صفیں نمازیوں سے بارونق کلام ،رب رحمان سےفضائیں پر نور، دل کی زمین نرم اورعمل صالح کی کھیتی لہلہاتی نظرآتی ہے۔یہ رمضان برکت ہے،رحمت ہے کہ جنت کو مومنین کےلیےسال بھرسجا جاتا ہے۔جہنم کے دروازے بند کر دیئےجاتےہیں۔شیاطین جکڑدیئےجاتےہیں۔نیکی کرنا سہل اور گناہ مشکل ہو جاتا ہے۔یہی توانعامات کی بارش ہے ۔رمضان میں فرض 27گنا بڑھ جاتے ہیں اور نفل فرض کےدرجے تک ۔
رب رحیم مومن کےدل کی زمین بنجرنہیں ہونے دیتا، نیکیوں کی ترغیب عمل صالح کی ایسی ہوا چلتی ہےکہ کمزور سے کمزور مسلمان عمل کےلحاظ سے خود بخود کشاں کشاں مساجد کارخ کرتا ہے۔ گناہ کرنے پر شرمندگی شرمندہ نظرآتی ہے ۔
اس رب عظیم کا کس قدراحسان ہےکہ اس نےہمیں رمضان کی نعمتیں عطاء کیں۔رمضان وہ عظمت والامہینہ جس میں کتاب مبین فرقان حمید وہ نسخہ کیمیاء عطاء ہوا جونورہدایت ہے۔وہ لاریب ہےجوبینات ہے۔دراصل ماہ رمضان کی اہمیت وفضیلت ہی وجہ قرآن ہے۔
سورۃ بقرہ میں ارشادربانی ہے،رمضان کا مہینہ وہ ہےجس میں قرآن اتاراگیا جو انسانوں کے لئےسراسرہدایت ہے، جس کی تعلیمات راہ راست پراورحق وباطل میں فرق کرنےوالی ہیں۔یہ ہے ماہ رمضان کی فضیلت رحمتوں برکتوں کا راز۔اللّٰہ رب العالمین نے انسان کو پیدا کیا اوراس کی پیدائش کےساتھ ہی اس کی تمام ضروریات زندگی کا انتظام کردیا گیا۔پیدائش سے پہلے ہی ماں کی چھاتیوں میں دودھ جاری ہو گیا۔ماں کی شفقت باپ کا سائباں رشتے ناطے زندگی کے سبھی چلن بتا دیےاوراگر سب کچھ عطاء ہوجاتا مگرایک ہدایت کا رستہ نہ تعلیم کیا جاتا تو سب نعمتیں اکارت تھیں۔ایک ہدایت صراط مستقیم ہی انعام عظیم ہے۔ الحمدللہ کس قدرحکیم علیم رحیم عظیم ہےوہ ذات جس نےعظیم کتاب ہدایت عطاء کی جو صراط مستقیم کی مسافت طےکروا کرجنت نعیم تک پہنچا دے ۔
اس قرآن مجید فرقان حمید کا نزول ہی اس مہینہ کوعظمت دیتا ہے۔یہی وہ سر چشمہ ہدایت ہےجس کے نزول کی لمحات لیلۃ القدر بن گئے۔رمضان رب کا انعام جہاں لیلۃالقدر کی ہزارمہینوں سے بہتر رات بطور انعام نصیب ہو۔
رمضان کی ہر ساعت اطاعت و فرمانبرداری سےمزین ہو ۔دن روزوں کی خوشبوسےمعطر اورراتیں آنسوؤں میں بھیگی دعائیں لبوں پہ لرزتی ہوئی ۔ رکوع وسجود سےجبینیں روشن رب کےعاصی گناہ گاربندے امیدوں کےکشکول لیےدرمولا پرحاضرہوں ۔
تو فرشتے بخشش کی نوید سنائیں۔اس سے بڑھ کر کیا انعام ربی ہو گا۔ کتنی مبارک گھڑیاں ہیں رمضان کی ہرپل ہر قدم رحمتوں کی ردا اوڑھےہوئے ہیں ۔ سحری افطار میں دعاؤں کی قبولیت ۔ اللّٰہ رب رحیم نے کسی کو بھی اس ماہ مبارک میں محروم نہیں رکھا۔سحری بنانے سے لے کر افطار کروانے تک رحمت کی تجلی۔آقا دو جہاں نبی مہربان صلی اللّٰہ علیہ وسلم رمضان میں صدقہ وخیرات تیزآندھی کی طرح فرماتے۔اتباع سنت صلی اللّٰہ علیہ وسلم میں مسلمانوں کو بھی رمضان میں کثرت سےصدقہ وخیرات کرنے کی تلقین فرمائی ۔
اداہیگی زکوٰۃ کی ترغیب نےرمضان کی برکتیں محلوں سےجھونپڑی تک منتقل کردیں۔ یہ رمضان کا فیضان ہے کہ غریب سےغریب بھی رمضان میں آسودہ حال ہو جاتا ہے۔ رمضان کی مخصوص گھڑیاں سحری کا وقت طلوع آفتاب تک ۔ ہرنمازکی ادائیگی۔ عصر سے مغرب تک ،وقت افطار قبولیت دعا کا وعدہ ۔ انعام نہیں تو کیاہے ؟
بھولے بسرے بھٹکےہوئےغافل بندے اس ماہ مبارک میں اس کے درپہ جب سجدہ ندامت ادا کرتے ہیں تو جو خوشی رب غفور کو اس وقت ہوتی ہے،جو راحتیں سکون گناہ گار اپنےسینے میں محسوس کرتا ہے۔اس خوشی اورسکون کو بیان کرنے کے لیے لفظ کم پڑگئے ۔
اللّٰہ کےعطاء کردہ رزق کو اللّٰہ کے رستے میں خرچ کرنے پہ ایک سے دس اور دس سے ستر گنا بڑھا کرعطاء کا وعدہ تو عام دنوں میں رمضان میں اس انفاق فی سبیل اللّٰہ کے کیا رنگ ہیں ۔رمضان کی فضا ہی نرالی ہے ۔ گویا رحمت کی برکھا ٹوٹ کر برستی ہے کہ امت محمدیہ سرسبزشاداب ہو جاتی ہے ۔
عرش سے فرش نور کی تجلیات اُترتی ہیں۔ در توبہ واہے۔ مغفرت کے پروانے بدلیوں کی صورت اترتےہیں۔گناہ گار بندے رب غفور ورحیم کے اور قریب اور قریب ہو جاتے ہیں اور رب جو شہ رگ کے قریب ہے وہ دلوں کی دھڑکنوں میں دھڑکتامحسوس ہوتا ہے ۔
بندے اور رب کا رشتہ بہت گہرا بہت مضبوط نظر آتا ہے۔نیکیوں سے محبت اور گناہوں سے کراہیت ہوجاتی ہے۔دنیا کے بکھیڑوں میں بھی بندہ کا تعلق قرآن سے جڑ جاتا ہے ۔ مساجد راتوں کو تلاوت قرآن کے سحر سے محسوراور معمور ملتی ہیں ۔
قرآن کا فیضان دلوں میں ایمان کو تازگی بخشتا ہے۔قرآن ہی مجھے سے تجدید عہد کرواتا ہے کہ ایمان عمل صالح کے بنا قبول نہیں ۔قرآن ہی نے آگاہ کیا کہ پہلی قومیں کتاب الہی سےانحراف کرنے ۔ تحریف کرنے کوتاہی کرنے اورثمنا قلیلا تھوڑی قیمت پرسودا کرنے پر نبوت اورحکومت سے معزول کر دی گئیں ۔ رسولوں کی تکذیب اور نافرمانی کرنے کی پاداش میں عذاب الیم سے ان کے نام ونشان مٹ گئے۔اب اے امت محمدیہ اگر تم ایسا کرو گے تو تمہارے ساتھ بھی وہی کچھ ہوگا ۔
قرآن مجید ہی سے مجھےمقصود حیات ملی۔قرآن کی تذکیر نےمعرفت کےدریچے مجھے پہ آشکار کیے۔ اللّٰہ وحدہ لاشریک کی واحد نیت کی پہچان قرآن سے ہوئی ۔مقصود رسالت کے راز قرآن سے متعارف ہوئے۔ دنیا لہو ولعب متاعِ غرور اور آخرت کا گھر دائم ہے قرآن نے خبر دی ۔ بھٹکے ہوئے بندوں کو رب سے جوڑ دیا ۔اس قرآن مجید نے اس رمضان المبارک نے ۔
عرش پہ مسکراتا تھا رب عطاء ۔اور بخشش کی تھی انتہا ۔رب کی محبتوں کے رنگ بھی کتنے انوکھے ہیں ۔گناہ گاروں کو بھی تنہا نہیں کرتا ۔ امیدوں کے چراغ بجھنے نہیں دیتا ۔ پورا سال غافل رہے مجھے بھول گئے رستے کھو گئے ۔
آؤ مایوس نہ ہو ۔ اور چند آنسو کی سوغات خالص توبہ لیے بس آجا میرے بندے ایک بخشش کے سمندر لیے ہوئے، ایک عظمت والی رات تیری منتظر ہے ۔ آجا یہ رمضان کا خاص انعام قدر والی رات ۔ قدر والوں کے مقدر میں لکھی جائے گی ۔ بس تیرا میرے در تک آنا شرط ہے ۔ اس رات میں بہتے آنسو کیا قیمت رکھتے ہیں ۔
موتی سمجھ کے شانِ کریمی نے چن لیے
قطرے جو تھے میرے عرق انفعال کے
قدر والی رات قدر والے رب رحیم کی طرف سے قدر والوں کے لیے ۔
مہک ہے اور آ رہی ہے صدا
ان ربی قریب مجیب کی ندا
رمضان کی گھڑیاں سعید
بخشش کی امید قبولیت کی نوید اور عید اورعید ۔رمضان کی ہر رات رب غفار رب ستاراپنے بندوں کی بخشش فرماتا ہے اور جتنے بندوں کی بخشش پورا رمضان ہوتی ہے۔ لیلۃ القدر کی رات اللّٰہ ہر اس شخص کو معاف فرماتا جو اس کے در پہ معانی کا طلبگار ہوتا ہے اور پھر ادھر نماز عید ادا ہوئی ۔ادھر بخشش کی انتہا اللّٰہ رب العزت رب العالمین ہمیں رمضان کے فضائل وبرکات سے مستفید مستفیض ہونے کی توفیق نصیب فرمائے اور عید پہ مغفرت کی نوید مل جائے ۔امین ثم آمین ۔




















