
روزینہ خورشید
کسی دانا کا قول ہے "ماں کے بغیر گھر قبرستان ہے" جس نے بھی کہا بالکل ٹھیک کہا کیونکہ ماں ہی تو وہ ہستی ہے جس کے دم سے زندگی میں رونقیں
اور بہاریں ہیں ،ان ہی کے دم سے گھروں میں خیر وبرکت کا نزول ہوتا ہے۔افسوس میری والدہ جوانی میں ہی دار فانی سے ملک عدم سدھار گئیں اور اپنے پیچھے میرے لئے یادوں کا خزانہ چھوڑ گئیں ۔
میں دو دن سے بیمار تھی اور امی کو دیکھنے اسپتال نہ جاسکی تھی۔ تیسرے دن بھائی کا فون آ گیا۔"امی کوصرف تمہارا انتظار ہے "آپی"یہ سننا تھا کہ فوراً اپنے شوہر کے ساتھ اسپتال پہنچی جہاں میری جنت، میری امی اپنے رب سے ملنے کی تیاری میں تھیں۔ میں نے جاکر ان کو پکارا وہ بے ہوشی کی حالت میں تھیں۔ میں نے ان کے سرہانے سورہ یاسین کی تلاوت کی۔ امی کے ہاتھوں کا لمس محسوس کیا کہ نہ جانے اب یہ مہربان لمس پھر کبھی میسر ہوگی کہ نہیں۔
امی کو اللہ حافظ کہہ کر اسپتال سے گھر آنے کے لیے نکلی توراستے میں ہی فون آگیاکہ امی کی مطمئن روح رب کےبلاوے پر لبیک کہتےہوئے سفرِ آخرت پر روانہ ہوگئی۔
یہ 22 جولائی 2004ء جمعرات کی رات 8 بجےکا وقت تھا۔امی کی شدید خواہش تھی کہ ان کی نماز جنازہ،جمعہ کی نماز میں ادا کی جائے اورالحمدللہ ان کی یہ خواہش اللہ نے پوری کی۔
آج اس مہربان ہستی کو اس دنیا سے رخصت ہوئے تقریباً 20 سال ہوگئے ہیں لیکن مجھے ہمیشہ یوں محسوس ہوتا ہے کہ میری امی میرے ساتھ ہیں، خاص کر جب میں کسی پریشانی میں ہوتی ہوں یا مجھے کوئی تکلیف ہوتی ہے تو وہ خواب میں مجھے تسلیاں دیتی ہیں۔
میری امی جان اپنے نام کی طرح احسان کرنے والی تھیں، انتہائی خوب صورت، خوب سیرت اورتہجد گزار تھیں، ہر ایک سے عزت سےملنے والی، بہت سخی، خاموشی سے لوگوں کی ضرورتوں کو پورا کرتی تھیں۔ انتہائی مہمان نواز، بزرگوں کی خدمت کرنے والی، صابرین اور شاکرین کی عملی تفسیر تھیں۔
جب ان کی شادی ہوئی تو دونوں خاندانوں کے اسٹیٹس میں بہت فرق تھا، میری والدہ کا تعلق متمول گھرانے سے تھا جب کہ والد صاحب ایک سرکاری ملازم کے پڑھے لکھے بیٹے تھے۔ دونوں گھرانوں کے طرز زندگی میں زمین آسمان کا فرق تھالیکن امی نے کبھی ابو سے کسی قسم کی شکایت نہیں کی اور خود کو ماحول کے مطابق ڈھال لیا۔
والد صاحب سے ان کا تعلق صرف شوہر اور بیوی کا نہیں تھا بلکہ وہ ان کی بہترین دوست، بہترین مشیر اور بہترین معاون بھی تھیں۔وہ کہتے ہیں نا کہ ’’زندگی پھولوں کی سیج نہیں، اس میں نشیب و فراز بھی آتے رہتے ہیں‘‘ تو والد صاحب کی زندگی میں بھی بہت اتار چڑھاؤ آئے مگر امی نے اپنی 31 سالہ ازدواجی زندگی میں قدم قدم پر اُن کا ساتھ دیا۔ دونوں کے درمیان بے پناہ محبت اور عزت و احترام کے رشتے کے ساتھ ساتھ ایک ظریفانہ سی بے تکلفی بھی تھی جس کی وجہ سے گھر کا ماحول خوش گوار رہتا تھااور اگر کبھی کوئی نوک جھونک ہوجاتی جو کہ شادی شدہ زندگی کا حسن ہوتا ہے، تو ہمیشہ منانے میں پہل ابو کیا کرتے تھے، کیوں کہ وہ ہمیشہ امی کی فہم و فراست اور خوبیوں کے معترف تھے۔ انہوں نے گھر کے تمام اختیارات امی کو دے رکھے تھے۔ رشتے داروں سے ملنا ملانا ہویا شاپنگ کرنا ہو،عید، بقرعید پر دعوتوں کا اہتمام ہو یا شادی بیاہ میں دینا دلانا، یعنی گھر کےسارے اندرونی اور بیرونی معاملات امی کے حوالے تھےاور یہ تمام ذمے داریاں وہ بڑی خوش اسلوبی سے نبھاتی تھیں۔ ابو اسی لیے انہیں ’’ہوم منسٹر‘‘ کہا کرتے تھے۔
کہتے ہیں اچھی بہو بننا دنیا کا مشکل ترین کام ہے لیکن میری امی وہ خوش نصیب خاتون تھیں جوکہ سسرال میں بھی ہردل عزیز تھیں حالانکہ ان کو ہم سے رخصت ہوئے بیس سال ہو گئے ہیں لیکن آج بھی میری ددھیال والے ان کی تعریف کرتے ہیں۔ امی کی تعریف سن کر میرا سر فخر سے بلند ہوجاتا ہے۔
کہتے ہیں ’’جو اللہ سے محبت کرتا ہے،اللہ لوگوں کے دلوں میں اُس شخص کی محبت ڈال دیتا ہے۔‘‘میری امی کےساتھ بھی یہی معاملہ تھا۔ اپنے اور غیرسبھی اُن سے بہت محبت کرتے تھے۔ انہوں نے ہم دونوں بہن بھائی کی تعلیم و تربیت بہت صبر و شکر کے ساتھ کی۔ اپنی اولاد سے انہیں محبت نہیں بلکہ عشق تھا۔ مجھے یاد ہے جب میں شادی کے بعد اُن سے ملنے جاتی تھی تو وہ کہتی تھیں ’’میری چڑیا گھر سے چلی گئی تو چڑیوں نے بھی یہاں آنا چھوڑ دیا۔‘‘
میری شادی کے بعد وہ صرف چار سال حیات رہیں۔ انتقال کےوقت اُن کی عمر صرف 45 برس تھی۔ اپنی امی کے ساتھ گزرے ہوئے شب و روز میری زندگی کا قیمتی ترین سرمایہ ہیں۔ اگر میں لکھنا چاہوں تو ان پر پوری کتاب لکھی جا سکتی ہے۔ اللہ سے دعا ہے کہ وہ میری امی جان کی قبر کو جنت کے باغوں میں سے ایک باغ بنا دے۔ ان کو جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرما دے اور مجھے ان کے لیے صدقۂ جاریہ بنا دے، آمین۔
آسماں تیری لحد پر شبنم افشانی کرے
سبزہ نورستہ اس گھر کی نگہبانی کرے




















