
غزالہ اسلم/ کراچی
میں گھر سے نکلی بچی کو اسکول سے لینے آج وین والا نہیں آیا تھا۔ سیڑھی سےنیچےاتری دو تین پلاسٹک کی تھیلیوں نے خوشی سے جھومتے ہوئے
میرا استقبال کیا ۔میں نے سوچا کہیں کوئی بچہ بھاگتا ہوا آیا اور تھیلی سے الجھ کر گر گیا تو اسے چوٹ لگ جائے گی میں نے وہ تھیلیاں اٹھائیں اور آگے جاکر کچرے کے ڈبے میں ڈال دیں،تھوڑا آگے چلی تو کسی مہربان خاتون نے آلو کے چھلکوں سے بھری تھیلی گیلری سے نیچے پھینکی اور وہ میرے آگے سجدہ ریز ہو گئی ۔میں نے شکر کیا کہ خاتون کا نشانہ چوک گیا ورنہ میں تو سر پکڑ کر بیٹھ جاتی ،خیر اس کچرے کی پھٹی ہوئی تھیلی کو پاؤں سے ایک کونے میں کر دیا تاکہ راستے سے گزرنے والے لوگوں کو تکلیف نہ ہو ۔گلی سے نکل کر روڈ پر آئی تو مطلوبہ کوچ آگئی، میں لپک کر سوار ہو گئی، شومئی قسمت ایک خالی سیٹ میری راہ تک رہی تھی ۔ میں اس پر تشریف فرما ہو گئی ۔دو منٹ بعد کوچ میں کچھ خواتین سوار ہوئیں ایک 70 سالہ خاتون تھیں ان کا بڑھاپا دیکھ کر میں نے سوچا " ابھی تو میں جوان ہوں" میں نے فوراً سیٹ سے کھڑے ہو کر کہا" ماں جی آپ بیٹھ جائیں"۔وہ دعائیں دیتی ہوئی بیٹھ گئیں ۔میں دل ہی دل میں آمین کہنے لگی۔دو اسٹاپ بعد میں اتر گئی ۔بیٹی کے اسکول کے باہر پہنچ گئی،چھٹی ہوگئی تھی ،بچے باہر نکل رہے تھے ۔دو بچوں نے کسی بات پر لڑنا شروع کردیا" تو نے مجھے دھکا دیا ،نہیں مجھے پیچھے سے دھکا لگا تھا،تیری غلطی ہے ،نہیں تیری غلطی ہے"۔میں نے دونوں بچوں کو پیار سے سمجھایا اور اپنے بچپن کا ایک مشہور جملہ دھرایا " لڑائی لڑائی معاف کرو اللّہ کا گھر صاف کرو "۔پرس سے دو ٹافیاں نکال کر بچوں کو دیں اور وہ مسکراتے ہوئے چلے گئے ۔
میری بیٹی اسکول سے باہر آگئی تو میں اسے لے کربس اسٹاپ کی طرف چل دی ۔ایک پندرہ سالہ فقیرنی نےمیرے سامنے ہاتھ پھیلا دیا " باجی اللّہ کے نام پر دس پانچ روپے کی مدد کر دو"۔بیٹا بھیک مانگنا بری بات ہے ۔محنت کر کے پیسے کمانا چاہیے ۔حصول رزق حلال عین عبادت ہے" میں نے پرس سے سو روپے کا نوٹ نکال کر اس کے پیچھے لکھا ہوا جملہ دکھایا ،وہ خوش ہو گئی کہ میں اسے سو روپے دے رہی ہوں ۔"میں دے نہیں رہی ،جملہ لکھا ہوا دکھا رہی ہوں۔"اس کے دانت فوراً اندر ہوگئے " باجی کام نہیں ملتا کوئی "اس نے بہانہ بنایا ۔" اچھا میرے ساتھ چلو واشنگ مشین میں کپڑے دھو دو میں دو سو روپے دوں گی "۔وہ جلدی سے آگے بڑھ کر دوسری عورت کے آگے ہاتھ پھیلا کر سوال کرنے لگی۔"امی گھر چلیں گرمی لگ رہی ہے"۔
میری بیٹی نے یاد دلایا کہ گھر بھی جانا ہے میں جلدی سے آگے بڑھ گئی ۔مطلوبہ کوچ میں سوارہوگئے٫کنڈیکٹر پیچھےمردوں سے کرایہ وصول کر رہا تھا ہمارا گھر آگیا ہم اترنے لگے ،میں نے کنڈیکٹر کو آواز دی " بھائی کرایہ لے لو ہم اتر رہے ہیں"وہ لپک کر آیا اور کرایہ لے لیا ،ہم اتر گئے" امی کیا ضرورت تھی کرایہ دینے کی ۔اس کی غلطی تھی وہ کرایہ لینے نہیں آیا ۔ساٹھ روپے بچ جاتے ایک ایک سموسہ کھالیتے" ،بچی نے کہا " نہیں بیٹا ہم نے بس میں سفر کیا تو کرایہ لازمی دینا تھا ،اگر یہاں نہیں دیتے تو قیامت کے دن اپنی نیکیاں دینی پڑتیں ۔سموسے کا کیا ہے کھالیں گے ،اتنے پیسے تو ہوتے ہیں ہمارے پاس" ۔میں نے سمجھایا ۔
" امی بہت سی بچیاں اسکول میں ایسے ہی کرتی ہیں لنچ ٹائم میں کینٹین میں بہت رش ہوتا ہے تو وہ سموسہ لے لیتی ہیں اور پیسے نہیں دیتیں انکل کو پتہ بھی نہیں چلتا".
بیٹا آپ کبھی ایسا نہ کرنا اور اپنی سہیلیوں کو بھی سمجھانا بغیر پیسے دئیے کوئی چیز کھانا گناہ ہوتا ہے۔ اگر کینٹین والے انکل کو پتہ نہیں چلتا تو اللّہ تو دیکھ رہا ہے اور ہمارے ہر عمل کو دیکھ رہا ہے۔ اس لیے کوئی بے ایمانی نہ کرو اور قیامت کے دن کی جواب دہی کی فکر کرو " اتنے میں ہماری بلڈنگ آگئی اور ہم اللہ اکبر کہہ کر سیڑھیاں چڑھنے لگے۔چالیس منٹ کے اس سفر میں میں نے کتنی چھوٹی چھوٹی نیکیاں کر لیں ،کیا آپ بھی ایسا کرتے ہیں ؟..




















