
غزالہ اسلم
"بیٹا کچن کی لائٹ جل رہی ہے جب کچن سے باہر آؤ تو لائٹ بند کردیا کرو"
"علی تم باتھ روم گئےتوکمرے کا پنکھا کھلا چھوڑ دیا ،معلوم ہے کتنے کا بل آیا ہے"
سمیرا کے گھر کا بجلی کا بل کبھی اٹھارہ ہزار کبھی بیس ہزار روپے آرہا تھا ،اعجاز بھی ہر وقت سمیراکو ڈانٹتے رہتے ،وہ بہت احتیاط سے بجلی استعمال کرتی فالتو بلب اور پنکھے بند کردیتی،کپڑے صرف اعجاز کے استری ہوتے ہا بچوں کا اسکول کا یونی فارم استری ہوتا باقی سب ایسے ہی کپڑے پہن لیتے ،واشنگ مشین بھی ہفتے میں ایک دفعہ لگتی تھی ،پانی کی موٹر بلڈنگ کی تھی وہ الگ میٹر سے چلتی ۔غرض بجلی کا بل بہت زیادہ آتا تھا جس کی وجہ سے گھر میں ٹینشن والا ماحول بن گیا تھا۔ گھر کے باہر ایک بلب لگا ہوا تھا جو مغرب کے بعد جلایا جاتا تھا مگر اعجاز نے بل زیادہ آنے کی وجہ سے وہ بلب بھی بند کردیا ،اب بلڈنگ میں اندھیرا پڑا رہتا سب اپنے موبائل کی ٹارچ جلا کرسیڑھیاں چڑھتے ۔اوپر پانچویں منزل پر ایک بزرگ رہتے تھے۔
وہ نماز کے لیے جاتے تھے ،ان کے پاس موبائل نہیں تھا انہیں اندھیرے میں بہت مشکل ہوتی ،گرنے کا دھڑکا لگا رہتا ،ان کی بیگم نے کہا براۓ مہربانی آپ مغرب اور عشاء کی اذان کے وقت باہر کا بلب جلا دیا کریں میرے شوہر کو بہت پریشانی ہوتی ہے ،سمیرا نے پڑوسی کی تکلیف کی وجہ سے مغرب کی اذان سے لے کر رات ساڑھے نو بجے تک بلب جلانا شروع کر دیا ۔
آج سمیرا کی سہیلی کا فون آیا اس کا تیس ہزارروپے کا بل آگیاوہ پریشانی کی وجہ سے رونے لگی ،کل بہن سے ملاقات ہوئی تو وہ بھی بجلی کے زائد بلوں کی وجہ سے پریشان تھیں۔ ہر گھر کی یہی پریشانی ہے بجلی جیسی اہم ضرورت کی چیز اور بل اتنے زیادہ اور دن میں چار بار دو دو گھنٹے کی لوڈ شیڈنگ الگ ہے۔اکتوبر کا مہینہ ہے اور گرمی مئی ،جون کے مہینے کی پڑ رہی ہے ایسے میں بجلی کے بغیر دو گھنٹے گزارنا بہت مشکل ہے ۔
سمیرا اور بچوں نے پچھلی مہینے بہت احتیاط سے بجلی استعمال کی مگر جب بل ہاتھ میں آیا تو سولہ ہزار روپے کا ،اعجاز نے بل دیکھ کر حسب معمول سمیرا اور بچوں کو بے بھاؤ کی سنائیں ،سمیرا نے لاکھ کہا کہ ہم نے بہت احتیاط کی ہے مگر اعجاز نے پتہ نہیں کس کس کا غصہ سمیرا پر نکالا اتنا ذلیل کیا کہ وہ بے بسی سے رونے لگی
۔اعجاز تو بک جھک کے گھر سے باہر نکل گیا اور سمیرا کا رو رو کر براحال ہوگیا۔دو گھنٹے بعد اعجاز گھر آیا تو سمیرا بے ہوش پڑی تھی اور بچے پانی چھڑک کر ہوش میں لانے کی کوشش کر رہے تھے ،اعجاز نے بھی ہوش میں لانے کی کوشش کی مگر جب وہ نہیں ہوش میں آئی تو ایمبولینس سروس کو بلایا اور اسپتال لے گئے ،تھوڑی دیر آئی سی یو میں رہی ،ڈاکٹر نے تھوڑی دیر بعد کہا" شدید ذہنی دباؤ کی وجہ سے دماغ کی رگ پھٹ گئی ،ہم نے بہت کوشش کی مگر اللہ کی یہی مرضی تھی".
بجلی کے بل اسی طرح صارفین پر بجلیاں گرارہے ہیں ۔ کسی کو دل کا دورہ پڑا،کسی نے خودکشی کر لی ،کسی کی دماغ کی رگ پھٹ گئی ،کسی نے طلاق لے لی شوہر سے ،غرض لوگ پریشان ہیں ،جائیں تو جائیں کہاں ۔
بجلی کے بلوں میں 13 اضافی ٹیکس ہیں جن کی وجہ سے دو ہزار روپےکابل آٹھ ہزار کا ہوجاتا ہے 5ہزارروپے کا بل 20 ہزار روپے کا ہو جاتا ہے ۔کوئی عوام کا پرسان حال نہیں ہے ۔حکمرانوں کی بجلی تو فری ہے انہیں کیا فکر غریب عوام کی۔کاش ہمیں حضرت عمر فاروق رضی اللّہ عنہ جیسے حکمران مل جائیں اور عوام کا حال معلوم کرنے راتوں کو گلیوں میں گشت کریں اور سب کے ساتھ انصاف کریں ۔کاش عوام متحد ہو کر برے حکمران ہٹا کر عادل اور دیانت دار حکمران لے آئے۔آمین ثمہ آمین ۔۔
نوٹ : ایڈیٹر کا بلاگر کے خیالات سے متفق ہونا ضروری نہیں ( ادارہ رنگ نو )



































