
غزالہ اسلم
" فرخ یار اپنی بائیک پربینک چھوڑ دے ،بجلی کا بل جمع کرانا ہے"عمر نے کہا ۔فرخ عمر کو بینک چھوڑ کر واپس آیا تو قاسم پریشان کھڑا تھا " کیا ہوا
قاسم سب ٹھیک ہے ؟".
" ابو کے سینے میں درد ہو رہا ہے،ڈاکٹر کے پاس لے جانا ہے ،رکشہ دیکھ رہا ہوں" ۔قاسم نے جواب دیا ۔فرخ نے فوراً ایمبولینس بلائی اور قاسم کے ساتھ اس کے ابو کو لے کر اسپتال چلا گیا ۔
فرخ ہمدرد اور مخلص لڑکا تھا ،محلے میں سب کےکام آتااوردوستوں کے ساتھ تو بہت اچھا سلوک کرتا تھا،ہرکوئی فرخ کی تعریف کرتا تھا۔ کوئی دوست نئی جیکٹ مانگ لیتا کوئی گھڑی ،کوئی پیسے ادھار لےکر بھول جاتا مگرفرخ کبھی کسی سے ناراض نہیں ہوتا ۔
فرخ کے ابو ریلوے میں ملازمت کرتے تھے،امی سادہ گھریلوخاتون تھیں ،دو چھوٹے بھائی اور دو چھوٹی بہنیں تھیں ۔فرخ کالج میں پڑھتا تھا ،اس کا ایک کلاس فیلو شعیب بہت غریب تھا،فرخ نے اس کی امتحانی فیس بھی جمع کرائی تھی ۔ اس کے پاس اینڈرائڈ فون نہیں تھا ، کبھی کوئی کام ہوتا تو فرخ سے فون لے لیتا۔ فرخ تو ویسے بھی یاروں کا یار تھا ،خدمت خلق میں پیش پیش رہتا تھا۔پڑھائی میں بھی اچھے نمبروں سے پاس ہوتا تھا۔محلےکے لوگ اپنے لڑکوں کو فرخ کی مثال دیتے تھے۔پڑھتا بھی ہے سب کے کام بھی آتا ہے ۔
سردیوں کےدن تھے،جمعرات کی رات کو فرخ کو ہلکا سا بخار تھا وہ کلینک سے دوائی لے کرانجکشن لگواکرآیا تو سو گیا۔ رات کےبارہ بجےکےقریب دروازے پر زور دار طریقے سے دستک ہوئی۔ فرخ کے ابو نے دروازہ کھولا تو تین پولیس اہلکار کھڑے تھے ۔ فرخ کے ابو گھبرا گئے۔"فرخ یہیں رہتا ہےہمارے پاس اس کی گرفتاری کے وارنٹ ہیں،" انسپکٹر بولا ۔"میرا بیٹا ہے،فرخ مگر بات کیا ہے انسپکٹر صاحب ،میرا بیٹا بہت شریف ہے۔ آپ کیوں اس کو گرفتار کرنے آئےہیں؟".سعید صاحب بولے۔
" سب کواپنےبیٹےشریف لگتےہیں باہرکیا گل کھلاتےہیں ہمیں پتاہے،جلدی فرخ کو باہرنکالوورنہ مجبوراً ہمیں اندرگھسنا پڑے گا پھر کہوگے چادراور چار دیواری کا تقدس پامال ہوگیا"۔ آوازیں سن کر سب گھر والے اٹھ گئے تھے فرخ بھی آنکھیں ملتا ہوا آگیا ۔" کیا بات ہے ابو ،انسپیکٹر صاحب کیا کہہ رہے ہیں ؟".فرخ بولا
"تھانے چلو برخوردار تمہارے گرفتاری کے وارنٹ ہیں ہمارے پاس ہیں " مگر کیوں،میں نے کیا کیا ہے؟" قتل کا کیس ہے جناب"انسپکٹر نے مونچھوں کو تاؤ دیتے ہوئے کہا ۔ سعید صاحب کے تو ہاتھوں کے طوطے اڑگئے۔ فرخ بھی ہکا بکا کھڑا تھا۔" نہیں نہیں فرخ ایسا نہیں کرسکتا "سعید گڑگڑاتے ہوئے بولے ۔"جو بات کرنی ہےتھانے آکرکرنا" انسپکٹر نے فرخ کو گدی سے پکڑ کر پولیس موبائل میں ڈالا اور یہ جاوہ جا۔ آوازیں سن کر کچھ محلےوالے نکل آئے ،سب سعید صاحب کو تسلی دینے لگے۔ فرخ کی امی اور بہنیں رونے لگیں ۔ محلے کے تین آدمی سعید صاحب کے ساتھ تھانے گئے مگر انہوں نے کہا" صبح آنا صاحب ابھی نہیں ہیں"۔
وہ رات فرخ نےتھانے میں جاگ کرگزاری ۔ گھرمیں فرخ کے امی ابو نماز پڑھ کر تسبیحات پڑھنےلگے،کسی نے کوئی وظیفہ بتایا وہ پڑھنے لگے۔ اس رات فرخ کے گھر میں کوئی نہیں سویا۔ سب پریشانی کے عالم میں تھے ۔صبح 9 بجے محلے کے کچھ آدمی سعید صاحب کے ساتھ تھانے گئے۔ ایس ایچ او صاحب سے ملے تو معلوم ہوا کہ ایک لڑکی کےقتل کا مقدمہ ہے۔ اس لڑکی کوآخری کال جس نمبرسےآئی تھی وہ نمبرفرخ کا تھا۔ شک کی بنیاد پرگرفتار کیا گیا تھا۔ لڑکی کا نام ثوبیہ تھا۔ فرخ نے کہا "میں تو کسی ثوبیہ کو نہیں جانتا۔ نہ کبھی ملا ، نہ میرا کوئی تعلق تھا اس لڑکی سے "۔ دو دن تک پولیس تشدد کرتی رہی مگر فرخ جب جانتا نہیں تھا تو کیا بتاتا۔
سعید صاحب نےاچھا سا وکیل کیا ضمانت کی کوششیں کیں مگرلڑکی کا باپ امیرآدمی تھا اس کے اوپر تک تعلقات تھے۔ فرخ کی ضمانت بھی نہیں ہو رہی تھی۔ سب محلے والے فرخ کی شرافت کی گواہی دینے کو تیارتھے۔ محلے کےسب گھروں میں فرخ کی رہائی کے لیے دعائیں ہورہی تھیں ۔فرخ کے سب دوست بھی پریشان تھےکہ فرخ کو کیسے چھڑائیں تھانےسے۔ پندرہ دن بعد فرخ کی ضمانت ہوئی ۔ کیس چلتا رہا ۔تحقیقات سے یہ بات سامنےآئی کہ لڑکی قتل سے دو دن پہلے کالج کے لیے گھر سےنکلی کالج میں آئی ،کلاس بھی لی، بریک میں فرخ کے نمبر سے آخری کال آئی تووہ اپنی سہیلی زوہاکو خدا حافظ کہہ کرکالج سے باہر نکلی جلدی میں فون اس کی سہیلی زوہا کےپاس رہ گیا اوروہ رکشہ میں بیٹھ کرچلی گئی۔ دو دن غائب رہنےکے بعد اس کی لاش کچرہ کنڈی پر پڑی ہوئی ملی جس دن وہ گھر نہیں پہنچی تو اس کے والدین نے تلاش شروع کی ۔
پولیس میں رپورٹ لکھوائی ،ثوبیہ کےوالدین کو زوہا کا گھرمعلوم نہیں تھا،ثوبیہ کی امی دوسرے دن کالج آئیں اور ثوبیہ کی کلاس کی لڑکیوں سے ملاقات کی اور ثوبیہ کے بارے میں پوچھا تو زوہا نے ساری بات بتائی اورموبائل ان کودے دیا ۔موبائل فون کی ہسٹری سے پولیس فرخ تک پہنچی۔ فرخ کے یقین دلانے کے باوجود پولیس فرخ کو ہی قاتل قرار دے رہی تھی۔"
آپ سوچیں فرخ آپ نے اپنا فون کسی کو کال کرنےکے لیے دیا تھا ،کیونکہ آخری کال ثوبیہ کوآپ کے نمبر سےہی آئی تھی ". وکیل صاحب نے فرخ سے کہا۔ پولیس نے تشدد کر کرکے ویسے ہی فرخ کا براحال کر دیا تھا۔ بڑی مشکل سے اسے یاد آیا کہ شعیب نے اس سے فون لیا تھا تھوڑی دیر کے لیے ۔پولیس نے شعیب کی گرفتاری کے لیے کئی جگہ چھاپے مارے آخر کار شعیب حیدرآباد سے خالہ کے گھر سےبرآمد ہوا۔ "
ثوبیہ کی شعیب سے نئی نئی دوستی ہوئی تھی ،اس دن شعیب کی اس سے بات ہوئی پھر ثوبیہ رکشہ میں بیٹھ کر کسی اور لڑکے سےملنے فلیٹ پرگئی وہاں خالد نامی لڑکے نے چاۓ میں بے ہوشی کی دوائی پلا کراس کے ساتھ زیادتی کی اور بعد میں گلا گھونٹ کر قتل کرکےلاش کچرا کنڈی میں پھینک دی ۔
شعیب نےعدالت میں فرخ کی بے گناہی کی گواہی دی۔ پولیس نے کافی تگ و دوکے بعد اصل مجرم خالد اور اس کے دوسہولت کار دوستوں کو گرفتار کر لیا ۔فرخ چھ ماہ عدالت کی پیشیاں بھگتا کرجس دن باعزت بری ہوا۔ محلے کے دوستوں نے فرخ کا پر جوش استقبال کیا اور فرخ نےتوبہ کرلی کہ آئندہ اپنا موبائل فون کسی کواستعمال کرنے کے لیے نہیں دے گا ۔




















