
غزالہ اسلم
رات دیرسےسونےکی وجہ سےارسلان کی آنکھ صبح دیرسے کھلی،جلدی جلدی تیارہوا بغیر ناشتے کےدکان کے لیے روانہ ہوا۔ بائیک کو بھگاتا
ہوا ،سگنل توڑتا ہوا دکان کی جانب رواں دواں تھا کہ دوسری بائیک سےاس کی بائیک ٹکرا گئی۔ دونوں نےلڑنا شروع کر دیا تیری غلطی ہے،نہیں تیری غلطی ہے،دونوں نے بائیک کھڑی کی اورایک دوسرے کے گریبان پکڑلیے۔کچھ لوگ کھڑے تماشا دیکھ رہےتھے۔ اتنےمیں ایک بزرگ آگے بڑھے اور دونوں کو چھڑایا ۔ درگزر کرنےاور معاف کرنے کی تلقین کی ۔ بڑی مشکل سےدونوں اپنی اپنی بائیک پر سوار ہو کر چلے گئے ۔
شمائلہ کےبچےکی طبیعت خراب تھی،وہ قریبی کلینک چلی گئی بچےکولےکر،تین مریض پہلےبیٹھےتھے، ان کےبعد شمائلہ کا نمبرتھا،کچھ ہی دیر میں کلینک پررش بڑھ گیا۔ کئی عورتیں ایک ساتھ آگئیں ،اتنے میں شمائلہ کا نمبر آگیا تو وہ جانےلگی ڈاکٹرکےکمرے میں تو دوسری عورت بھی جانےلگی ،سنیں میرا نمبر ہےآپ بعد میں آئیں تھیں۔ شمائلہ نے کہامگر وہ نہ مانیں اورلڑنے لگیں کہ پہلے میں آئی ہوں۔ تم بعد میں آئی ہو،شور شرابہ ہونےلگا، کپماؤنڈر نے کہا کہ پہلےشمائلہ آئیں تھیں ۔اس کے بعد کمپاونڈر نےسب کونمبربانٹ دئیے تاکہ لڑائی نہ ہو ۔
اسکول کی چھٹی ہوئی،سب بچےایک دوسرے کودھکا دیتےہوئےنکلنےلگے،ایک بچےکے ہاتھ میں فریکچرتھا پلاسٹر چڑھا ہوا تھا،کسی نے اس کے ساتھ بھی رعایت نہیں کی اوراسےبھی دھکےدیے،بڑی مشکل سےوہ بے چارہ بچہ اسکول سےباہرنکلا۔
سلمیٰ کی پڑوسن اس سےلڑنے لگی کہ آپ کے بچےہمارے ڈسٹ بن کولات مار کرگرادیتے ہیں سارا کچراگھرکےدروازے پربکھرجاتا ہے پھرمجھے صفائی کرنی پڑتی ہے،سلمیٰ نےبچوں سےپوچھا،انہوں نےانکارکردیامگر پڑوسن نہیں مانی اورمستقل لڑتی رہی ۔
تحمل ،برداشت اوردرگزرجیسی صفات آج ہمارے لوگوں میں ختم ہوگئی ہیں،جیسےدورجاہلیت میں لوگ ذراسی بات پرلڑتے تھےاورایک دوسرے کو قتل کردیتےتھے، اسی طرح آج ہمارے معاشرے میں لوگ ذرا سی بات پرلڑتے ہیں ،
کہیں پانی پلانے پہ جھگڑا
کہیں گھوڑا بڑھانے پہ جھگڑا
ایسالگتا ہےکہ وہی جاہلیت کادورواپس آگیاہے،وہ قدیم جاہلیت تھی یہ جدید جاہلیت ہے۔ ہر شخص آپا دھاپی میں پڑا ہواہے ،نفسانفسی کادورہے ،ہرشخص جلدی میں ہے،کسی دوسرے کا کوئی احساس نہیں حالانکہ سب مسلمان ہیں اور اسلام بھائی چارے کا درس دیتا ہےاورہمارے پیارے نبی صلی اللہ علیہ وسلم کی پوری زندگی صبروتحمل اوربردباری سےبھری ہےمگر ہمیں نہ قرآن پڑھنے کی فرصت ہےاور نہ سیرت مصطفی پڑھنےمیں کوئی دلچسپی، ہم ایک بھیڑ چال میں لگےہوئے ہیں۔ زیادہ سے زیادہ پیسہ کمانے کی دھن میں اخلاق سے عاری ہو گئے ہیں جبکہ ہمارے پیارے نبی صلی اللہ علیہ وسلم مکارم اخلاق کی تکمیل کے لیے بھیجے گئےتھے،ہروقت مسکراتے رہتے،تحمل سے سامنے والے کی بات سنتے،سب کی مدد کرتے،پڑوسیوں کے بارے میں لوگوں کواتنی نصیحتیں کیں کہ وہ رشتے داروں سےزیادہ ہمارے اچھے سلوک کےحق دارہیں ۔کاش ہمیں ہم قرآن وحدیث سے جڑجائیں اوراپنےاخلاق سنواریں تو بہت سے معاشرتی مسائل حل ہو جائیں گےاورزندگی میں سکون اورٹھہراؤآجائےگا۔ اللہ پاک سب کوعمل کی توفیق دے۔آمین ثم آمین



































